انڈیا کی شمالی ریاست پنجاب میں بدھ کی صبح ایک فوجی اڈے کے اندر فائرنگ کے واقعے میں چار افراد مارے گئے۔
انڈین فوج کی ساؤتھ ویسٹرن کمان نے ایک بیان میں کہا کہ واقعے کے بعد بٹھنڈا کے فوجی سٹیشن کو گھیرے میں لے کر سیل کر دیا گیا اور کوئیک رسپانس ٹیمیں سرچ آپریشن کر رہی ہیں۔
فوج نے بتایا کہ فائرنگ بدھ کو مقامی وقت کے مطابق صبح 4.35 بجے فوجی سٹیشن کے اندر ہوئی۔
انگریزی اخبار ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق بٹھنڈا کے سینیئر سپریٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) جی ایس کھرانہ نے کہا کہ ابتدائی معلومات سے معلوم ہوا کہ ممکنہ طور پر کسی فوجی نے کیمپ میں فائرنگ کی تھی۔
انہوں نے مزید کہا: ’ابتدائی معلومات کے مطابق کچھ فوجیوں نے دوسرے فوجیوں پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ ابتدائی طور پر کسی تخریب کاری کا شبہ نہیں لیکن تفصیلات کا انتظار ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ابتدائی اطلاعات کے مطابق سادہ کپڑوں میں ملبوس دو حملہ آور فائرنگ میں ملوث ہیں جو اس ہائی سکیورٹی فوجی کیمپ سے فرار ہو گئے۔
پنجاب پولیس کے ذرائع نے خبر رساں ادارے اے این آئی کو بتایا کہ فائرنگ کے اس واقعے کو شدت پسندی کے زاویے سے نہیں دیکھا جا رہا۔
فائرنگ کرنے والوں کی تلاش کے لیے پولیس نے بٹھنڈا میں فوجی چھاؤنی کے تمام داخلی راستے بند کر دیے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ اس واقعے کے پیچھے فوج کے کچھ اہلکاروں کا ہاتھ ہوسکتا ہے کیوں کہ تقریباً دو دن پہلے ایک Insas رائفل جس میں 28 کارتوس تھے، غائب ہو گئی تھی۔
فائرنگ کرنے والوں کی شناخت ہونا باقی ہے اور یہ بھی واضح نہیں ہے کہ مرنے والے عام شہری ہیں یا فوجی اہلکار۔
© The Independent