’ٹی از فنٹاسٹک!‘

 27 فروری 2019 کو جب ایک انڈین لڑاکا طیارے کے پائلٹ کو پاکستان میں گرفتار کیا گیا تو چائے سے متعلق ان کے جملے ’ٹی از فنٹاسٹک‘ کے چرچے آج بھی ہیں۔

27 فروری 2021 کو کراچی میں آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کی دوسری سالگرہ کے موقع پر ایک فنکار ابھینندن کی تصویر کو فنِشنگ ٹچ دے رہا ہے (رضوان تبسم/ اے ایف پی)

چھ سال قبل انڈیا نے 26 فروری 2019 کو ایک فضائی کارروائی میں بالاکوٹ میں بم گرائے اور اس کے ایک دن بعد پاکستانی فضائیہ نے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے دوران اپنی فضائی حدود میں انڈیا کا ایک جنگی جہاز مار گرایا اور لڑاکا طیارے کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن ورتھمان کو گرفتار کر لیا تھا۔

اگرچہ ابھی نندن کو گرفتاری کے دو ہی دن بعد خیرسگالی کے جذبے کے تحت پاکستان نے انڈیا کے حوالے کر دیا لیکن انڈین فائٹر پائلٹ کا ایک جملہ جیسے نقش ہو گیا ہو اور وہ تھا ’ٹی از فنٹاسٹک۔

حراست میں لیے جانے کے بعد ابھی نندن کا ایک ویڈیو پیغام جاری کیا گیا جس میں وہ اپنے ہاتھ میں چائے کی پیالی تھامے اپنے بارے میں بتا رہے تھے۔

مختصر دورانیے کی اس ویڈیو میں ابھی نندن جب چائے کی چسکیاں لگا رہے تھے تو ان سے پوچھا گیا کہ امید ہے انہیں چائے پسند آئی ہو گی جس پر انہوں نے کہا کہ ’ٹی از فنٹاسٹک۔‘

2019 کے اوائل میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان اس کشیدگی کے دوران انڈیا کے جنوبی علاقے چنائی سے تعلق رکھنے والے ابھی نندن توجہ کا محور بن گئے، جب ان کا طیارہ گرایا گیا تو اس وقت تک بطور فائٹر پائلٹ ان کا 16 سال کا تجربہ تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مونچھوں کے مختلف انداز اور لاجواب چائے سے متعلق بیان کے سبب ابھی نندن سوشل میڈیا کے ذریعے وائرئل ہو گئے اور ان کا یہ جملے پاکستان میں مختلف سوشل میڈیا میم میں سننے کو ملا۔

جنوبی ایشیا کی دو جوہری طاقتوں، پاکستان اور انڈیا، کے درمیان ہونے والی اس کشیدگی کے چھ برس مکمل ہونے پر پاکستان کی قیادت کی جانب سے جاری بیان میں ’آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ‘ پر مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ آج سے چھ برس قبل، 27 فروری 2019  کے دن  پاکستان ائیر فورس کی جانب سے دشمن کو ایک واضح پیغام دیا گیا کہ پاکستان اپنی سرحدوں کی حفاظت کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’انڈیا کی خطے میں جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے ہماری افواج  نے یہ ثابت کر دیا کہ پاکستان کی سلامتی کے لیے ہمارے جوان ہر دم تیار ہیں۔‘

دونوں ملکوں کے درمیان اس وقت سرحدوں پر صورت حال بہت کشیدہ تو نہیں لیکن پڑوسی ممالک کے تعلقات میں تناؤ بدستور موجود ہے۔

چھ سال قبل کی کشیدہ صورت حال میں ابھی نندن کا ایک جملے میں ایسے توجہ حاصل کی کہ اس کا استعمال اب بھی کبھی کبھار سننے کو ملتا ہے۔

چائے لاجواب اور مزے دار تو ہو ہی گی جس نے ابھی نندن کو متاثر کیا، لیکن جن حالات میں انہیں چائے پیش کی گئی وہ کچھ اچھے نہیں تھے۔

جنوبی ایشیا میں امن خواہاں یہ تو چاہیں گے کہ دونوں پڑوسی ممالک کے لوگ ایک دوسرے کو چائے پیش کرتے رہیں اور وہ بھی ’فنٹاسٹک ٹی‘۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی بلاگ