معروف ٹریول وی لاگر اور ’بائیکر گرل‘ کے نام سے مشہور روزی گیبریئل کا کہنا ہے کہ انہوں نے اسلام قبول کر لیا ہے۔
فیس بک اور انسٹاگرام پیج پر ایک طویل پیغام جاری کرتے ہوئے روزی گیبریئل نے اس بات کا اعلان کیا۔
اپنے پیغام میں انہوں نے یہ فیصلہ لینے کے حوالے سے تفصیلی طور پر بتایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ سال میری زندگی کے سخت سالوں میں سے ایک تھا اور زندگی کے تمام چیلنجز کی وجہ سے میں آج یہاں کھڑی ہوں۔
’بچپن سے ہی میرا خدا کے ساتھ ایک خاص اور منفرد تعلق رہا ہے۔‘
روزی گیبریئل نے مزید لکھا کہ ’میرا راستہ آسانیوں سے بہت دور تھا اور میرے اندر ہمیشہ سے ہی غصہ اور خوف تھا، ہمیشہ خدا سے فریاد کرتی کہ آخر میں ہی کیوں؟‘
’پھر میں اس نتیجے پر پہنچی کہ ہر چیز کا مطلب تھا اور میری مشکلات بھی تحفہ تھیں۔‘
کینیڈا سے تعلق رکھنے والی روزی گیبرئیل گذشتہ سال پاکستان میں موٹر سائیکل پر سفر کرنے آئی تھیں۔
روزی گیبریئل نے پاکستان میں گزارے لمحات کو تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے دنیا کے ساتھ یوٹیوب چینل پر شیئر کیا جس کا ان بقول مقصد لوگوں کو ایک مختلف انداز میں زندگی دکھانا تھا۔
16 برس کی عمر میں ہی بیرونِ ملک سفر کرنے والی گیبریئل جنوب مشرقی ایشیا میں اکیلے سفر کر چکی ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے اپنے فیس بک پیغام میں اسلام قبول کرنے اور پاکستان کے حوالے سے لکھا کہ ’کائنات مجھے پاکستان لے آئی، تاکہ نہ صرف میں درد اور غرور سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لیے خود کو چیلنج کروں بلکہ مجھے راستہ دکھنا بھی مقصود تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ مسلمانوں سے ملنا، ان کی مہربانی، عاجزی دیکھ کر مجھ میں انہیں مزید جاننے کی چاہ پیدا ہوئی۔
’مسلمان ممالک میں دس سال تک رہنے اور اس خطے میں سفر کرنے سے میں نے ایک چیز محسوس کی، امن۔ ایسا امن جس کے بارے میں ہر کوئی خواب ہی دیکھتا ہے۔‘
اپنے اس پیغام کے آخر میں انہوں نے لکھا کہ اگر کوئی سوال کرنا چاہتا ہے تو کر سکتا ہے۔