عمران خان اپنا کرونا ٹیسٹ کروائیں گے: ڈاکٹر فیصل سلطان

سرکاری ٹیلی ویژن پر لائیو پریس کانفرنس کے دوران کرونا وائرس پر فوکل پرسن ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ فیصل ایدھی کا ٹیسٹ پازیٹو آنے کے بعد بحیثیت ذمہ دار شہری، وزیر اعظم بھی اپنا ٹیسٹ کروائیں گے۔

فیصل ایدھی   نے وزیر اعظم عمران خان سے 15 اپریل کو ملاقات کی تھی (تصویر: اے پی پی)

سرکاری ٹیلی ویژن پر لائیو پریس کانفرنس کے دوران کرونا وائرس پر فوکل پرسن ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ 'وزیر اعظم کی گذشتہ روز ایک شخص سے ملاقات ہوئی جن کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ اور بطور ذمہ دار شہری مجھے یہ جان کر خوشی ہے کہ ہماری ایڈوائس کے بعد اور وزیر اعظم کی رضا مندی کے ساتھ وہ اپنا کرونا ٹیسٹ کروائیں گے۔'
ڈاکٹر فیصل سلطان نے یہ گفتگو وزیر اعظم عمران خان کی میڈیا کے ساتھ گفتگو کے دوران وزیر اعظم کی موجودگی میں کی۔

یاد رہے کہ فیصل ایدھی نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ انہوں نے پیر کے روز ٹیسٹ کروایا تھا، جس کے نتائج منگل کی صبح موصول ہوئے، جس میں یہ تصدیق ہوگئی کہ ان میں کرونا وائرس موجود ہے۔

فیصل ایدھی کا ٹیسٹ اسلام آباد کے شفا انٹرنیشنل ہسپتال میں کیا گیا، جس کے مطابق میں 43 سالہ فیصل ایدھی میں کرونا پازیٹو بتایا گیا ہے۔

فیصل ایدھی 15 اپریل کو اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے بھی ملے تھے اور وزیراعظم کرونا ریلیف فنڈ میں ایک کروڑ روپے کا چیک دیا تھا اور ان سے مصافحہ بھی کیا تھا، تاہم اس ملاقات میں وزیراعظم نے فیصل ایدھی کو نہیں پہچانا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس بات کو لے کر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی گئی تھی کہ ایک فلاحی ادارے کو وزیراعظم سے فنڈ لینا چاہیے تھے نہ کہ وہ عوام کے عطیات کی رقم ان کو دیتے۔

ایدھی رضاکاروں کے مطابق فیصل ایدھی اس وقت بھی اسلام آباد میں ہی ہیں اور کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد وہ آئسولیشن میں چلے گئے ہیں جبکہ بہت جلد ان کے خاندان کے دیگر افراد کے بھی کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

فیصل ایدھی نے ایک نجی چینل پر گفتگو میں بتایا: 'ڈاکٹروں کے مطابق میں دس سے پندرہ دن کے دوران کرونا کا شکار ہوا ہوں۔ بدھ (15 اپریل) کے روز بخار اور سردرد کی شکایت ہوئی تھی اور تین روز تک یہی علامات رہیں۔ کل ٹیسٹ کرایا تھا، اب بظاہر کوئی علامت موجود نہیں لیکن ٹیسٹ مثبت آیا ہے، مجھے ڈاکٹروں نے ایک ہفتے تک سیلف آئسیولیشن میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔'

گذشتہ چند دنوں سے اسلام آباد میں قیام کے دوران فیصل ایدھی نجی ٹی وی چینل سما نیوز کے اینکر پرسن ندیم ملک کے پروگرام سمیت دیگر پروگراموں میں بھی شرکت کرچکے ہیں۔

فیصل ایدھی نے 16 اپریل کو سما ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی تھی جس میں انہوں ایدھی فاونڈیشن کی جانب سے حکومت کے کرونا ریلیف فنڈ میں دیے گئے عطیے کے بارے میں بات کی۔ 

فیصل ایدھی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد سما ٹی وی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نوید صدیقی نے کہا ہے کہ چینل کے اسلام آباد دفتر کی پروڈکشن ٹیم، تکنیکی عملہ اور متعلقہ سٹاف کے ٹیسٹ کر لیے گئے ہیں اور جب تک نتیجہ نہیں آ جاتا تب تک تمام افراد کو گھر پر رہنے کا کہا گیا ہے۔

چند روز قبل اپنے عملے میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ایدھی فاؤنڈیشن نے پورے ملک میں موجود ایدھی میت خانے، سرد خانے اور غسل خانے بند کردیے تھے۔ 

اس کے علاوہ ایدھی فاؤنڈینشن نے اپنے ایمبولینس ڈرائیوروں کے ٹیسٹس بھی کروائے تھے جبکہ چند مشتبہ ڈرائیوروں کو قرنطینہ میں بھیجا گیا تھا۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے ساڑھے تین ہزار ملازمین ہیں اور ایمبولینس سروس میں 1800 گاڑیاں اور ایمبولینسز ہیں۔ اس کے علاوہ ایدھی بوٹ ایمبولینس سروس میں 18 کشتیاں اور ایدھی ایئر ایمبولینس سروس میں دو جہاز شامل ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان