اب کوئی نہیں کہے گا کہ ایسے نہیں ویسے کھیلو: منیبہ علی

پاکستان کی طرف سے پہلی سینچری سکور کرنے والی منیبہ علی کو زیادہ خوشی اس بات کی ہے کہ ’گھر والوں کی طرف اب تعریفوں والا دن ہے اور دوسرا سینچری کے بعد اب یہ نہیں کہیں گے کہ ایسے نہیں ویسے کھیلو۔‘

منیبہ علی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی طرف سے پہلی سینچری سکور کی (اے ایف پی)

ایک طرف پاکستان میں مرد کرکٹر ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں تو دوسری جانب خواتین کرکٹرز پوری دنیا سے جیتنے کے لیے کھیل کر رہی ہیں۔

مرد کرکٹرز پاکستان سپر لیگ میں مصروف ہیں اور سب کی توجہ صرف اور صرف انہی پر ہے جبکہ خواتین کرکٹرز آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کھیلنے جنوبی افریقہ میں موجود تو ہیں لیکن ان کی باری ’مردوں کے بعد ہی آتی ہے‘۔

آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم اب تک دو میچز کھیل چکی ہے جس میں سے انہیں انڈیا کے خلاف شکست جبکہ آئرلینڈ سے مقابلے میں فتح حاصل ہوئی ہے۔

انڈیا کے خلاف میچ میں بسمہ معروف اور عائشہ نسیم نے شاندار پارٹنرشپ کی اور عالمی مقابلوں میں پاکستان کا سب سے بڑا ٹوٹل بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ تاہم پاکستانی بولرز ہدف کا دفاع کرنے میں ناکام رہیں۔

اس کے بعد پاکستان اپنے دوسرے میچ میں آئرلینڈ کا مقابلہ کرنے میدان میں اتری تو شروع سے آخر تک ایک ہی نام سب کی زبانوں پر تھا: منیبہ علی صدیقی۔۔۔۔

کراچی سے تعلق رکھنے والی 25 سالہ منیبہ علی نے ایسی اننگز کھیلی کے واقعی میں ’مزہ‘ آ گیا۔

وکٹ کیپر بلے باز منیبہ علی نے آئرلینڈ کے خلاف آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی جانب سے پہلی سینچری سکور کی جو کسی بھی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں بھی کسی پاکستانی کرکٹر کی پہلی سینچری تھی۔

اپنی اس اننگز کے بعد منیبہ علی سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنے لگیں مگر افسوس انہیں پاکستانی میڈیا پر وہ پذیرائی نہ ملک سکی جو انہیں ملنی چاہیے تھی۔

مگر پھر بھی اچھی بات یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر منیبہ علی کی تعریف کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

منیبہ علی خود اپنی اننگز کے بارے میں کہتی ہیں کہ انہیں خوشی اس بات کی ہے کہ ان کی اننگز سے ٹیم کو جیت ملی ہے۔

انہوں نے ساتھی بلے باز ندا ڈار کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں برق رفتار 101 رنز بنا کر پاکستان کو ایک بڑے سکور تک پہنچنے میں مدد کی۔

اس بارے میں منیبہ کا کہنا ہے کہ ’ندا ڈار تجربہ کار کھلاڑی ہیں، ان کی موجودگی سے بہت فائدہ ہوا۔‘

ان کا کہنا ہے کہ ’میری اننگز کو بنانے میں ندا ڈار کا بہت ہاتھ ہے۔ ایک دو بڑے اوورز ملے تو ہمیں اندازہ ہو گیا کہ ہم اپنے اور ٹیم کے لیے بڑا سکور کر سکتی ہیں۔‘

منیبہ کہتی ہیں کہ سنچری بنانے پر گھر والوں اور دوستوں کی جانب سے انہیں مبارک باد کے پیغامات ملے ہیں۔

مگر انہیں زیادہ خوشی اس بات کی ہے کہ ’گھر والوں کی طرف اب تعریفوں والا دن ہے اور دوسرا سینچری کے بعد اب یہ نہیں کہیں گے کہ ایسے نہیں ویسے کھیلو۔‘

منیبہ علی ایلیٹ کلب کا حصہ بن گئیں

منیبہ علی نے صرف پاکستان کی طرف سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سینچری سکور کرنے کا اعزاز ہی حاصل نہیں کیا بلکہ وہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سینچری سکور کرنے والی کھلاڑیوں کے ایلیٹ کلب کا حصہ بھی بن گئی ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی کے عالمی مقابلوں میں اس سے قبل صرف پانچ ہی کھلاڑیوں سینچری سکور کرنے کامیاب ہو سکی ہیں جن میں چھٹا نام اب منیبہ علی کا بھی شامل ہو گیا ہے۔

یہی نہیں بلکہ جنوبی افریقہ میں جاری اس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں منیبہ علی اس وقت سب سے زیادہ رنز بنانے والی کھلاڑی ہیں۔ وہ اب تک کل 114 رنز سکور کر چکی ہیں۔

اس ورلڈ کپ کا سب سے بڑا انفرادی سکور بھی منیبہ علی نے ہی کیا ہے۔

اس کے علاوہ منیبہ علی ویمن ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ایک اننگز میں سب سے زیادہ انفرادی رنز بنانے والی دوسری وکٹ کیپر بھی بن گئی ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

منیبہ علی کا کریئر

کراچی سے تعلق رکھنے والی منیبہ علی صدیقی نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کریئر کا آغاز ویسٹ انڈیز کے خلاف چینئی میں 16 مارچ 2016 کو کیا تھا جبکہ ون ڈے کریئر کا آغاز 2018 میں سری لنکا کے خلاف میچ سے کیا تھا۔

منیبہ علی اب تک 45 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 655 رنز سکور کر چکی ہیں، جبکہ یہ پہلا موقع تھا کہ انہوں نے کسی اننگز میں 50 سے زیادہ رنز سکور کیے۔ ان کے ٹی ٹوئنٹی کریئر میں اب تک ایک بھی نصف سنچری نہیں ہے۔

جبکہ ون ڈے انٹرنیشنل میں وہ دو نصف سینچریوں اور ایک سینچری کی مدد سے 30 میچوں میں 730 رنز سکور کر چکی ہیں۔

منیبہ اس سے قبل ون ڈے کرکٹ میں پہلی وکٹ کے لیے چھٹی سب سے بڑی شراکت داری بھی قائم کر چکی ہیں۔ اس پارٹنرشپ میں ان کا ساتھ سدرہ امین نے دیا تھا۔ وہ میچ بھی آئرلینڈ ہی کے خلاف کھیلا گیا تھا جس میں منیبہ علی نے 107 اور سدرہ امین 176 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ