نیوزی لینڈ سے چار ٹی 20 میچ ہارنے کے بعد پاکستان کی پہلی فتح

پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کے پانچویں میچ میں کیویز کو 42 رنز سے شکست دے کر پانچ میچز کی سیریز میں پہلی فتح حاصل کر لی۔

21 جنوری، 2024 کی اس تصویر میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی کرائسٹ چرچ میں کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ کے بلے باز ول ینگ کو آؤٹ کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے(اے ایف پی)

پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کے پانچویں میچ میں کیویز کو 42 رنز سے شکست دے کر پانچ میچز کی سیریز میں پہلی فتح حاصل کر لی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم یہ سیریز چار صفر سے پہلی ہی جیت چکی تھی۔

اتوار کو کرائسٹ چرچ میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستانی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی لیکن کچھ بھی نہ بدلا اور پاکستانی بیٹنگ لائن کی ناقص کارکردگی کا سلسلہ گذشتہ چار میچز کی طرح جاری رہا۔

ٹیم مینیجمنٹ نے اوپنر صائم ایوب کی جگہ حسیب اللہ خان کو ٹیم میں شامل کیا جبکہ اسامہ میر اور صاحب زادہ فرحان کو بھی ٹیم کا حصہ بنایا گیا تاہم پاکستانی بلے بازوں کی پرفارمنس گذشتہ میچز جیسی ہی رہی۔

محمد رضوان 38 اور فخر زمان 33 رنز بنا کر سرفہرست رہے۔ حسیب اللہ خان صفر، اور بابر اعظم 13 رنز بنا سکے جبکہ صاحب زادہ فرحان نے 19 رنز بنائے۔ عباس آفریدی نے 14 رنز بنائے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی، ایش سوڈھی، میٹ ہنری اور لوکی فرگوسن نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستانی ٹیم مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنا سکی۔

نیوزی لینڈ کے اننگز شروع ہوئی تو فن ایلن نے حسب عادت حارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے تیزی سے رنز بنانے شروع کیے لیکن دوسری طرف سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

فن ایلن نے 22 رنز بنائے جبکہ ٹم سیفرٹ 19 جبکہ گلین فلپس 26 رنز بنا سکے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی کیوی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا اور پوری کیوی ٹیم 17.2 اوورز میں 92 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور محمد نواز نے دو جبکہ افتخار احمد نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ افتخار احمد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ