گلوبل وارمنگ: امریکہ، یورپ اور ایشیا ہیٹ ویو کی لپیٹ میں

دنیا بھر میں کروڑوں لوگ اتوار کو خطرناک حد تک بلند درجہ حرارت کا سامنا کر رہے ہیں جب کہ امریکہ، یورپ اور ایشیا کے کچھ حصوں میں ریکارڈ درجہ حرارت کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

12 جولائی 2023 کی اس تصویر میں امریکی ریاست نیو اڈا کے شہر لاس ویگاس میں ایک ٹریفک وارڈن شدید دھوپ میں ڈیوٹی سر انجام دے رہا ہے، جہاں جاری ہیٹ ویو کے دوران درجہ حرارت 106 ڈگری تک پہنچ گیا تھا (اے ایف پی)

دنیا بھر میں کروڑوں لوگ اتوار کو خطرناک حد تک بلند درجہ حرارت (ہیٹ ویو) کا سامنا کر رہے ہیں جب کہ امریکہ، یورپ اور ایشیا کے کچھ حصوں میں ریکارڈ درجہ حرارت کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ یہ صورت حال گلوبل وارمنگ کے خطرے کی تازہ ترین مثال ہے۔

امریکی نیشنل ویدر سروس کے مطابق کیلیفورنیا سے ٹیکسس تک طاقتور ہیٹ ویو کے عروج کی توقع کی جا رہی تھی۔ ویدر سروس ’انتہائی گرم اور خطرناک ویک اینڈ‘ کے بارے میں خبردار کر چکی ہے۔

امریکی ریاست ایریزونا کے دارالحکومت فینکس میں مسلسل 16 دن تک درجہ حرارت 109 فارن ہائٹ (43 ڈگری سیلسیئس) سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ شہرکے مکینوں کو ہفتے کو 111 فارن ہائٹ درجہ حرارت کا سامنا کرنا پڑا جبکہ درجہ حرارت میں 115 فارن ہائٹ تک اضافے کا امکان ہے۔

کیلیفورنیا کی ڈیتھ ویلی میں، جو زمین کے گرم ترین مقامات میں سے ایک ہے، اتوار کو بھی درجہ حرارت کے نئے ریکارڈ بننے کا امکان ہے۔ یہاں پارہ ممکنہ طور پر 130 درجے فارن ہائٹ یا 54 درجے سیلسیئس تک جا سکتا ہے۔

حکام موسم کے حوالے سے خطرے کی گھنٹی بجا رہے ہیں اور لوگوں کو دن کے وقت گھر سے باہر سرگرمیوں سے گریز کرنے اور پانی کی کمی سے ہوشیار رہنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔

امریکی ریاست ٹیکسس کے شہر ہیوسٹن کے باہر ایک تعمیراتی جگہ پر 28 سالہ کارکن، جنہوں نے اپنا نام صرف جوآن بتایا، کا کہنا تھا کہ ’جب میں پانی پیتا ہوں تو میرا سر چکرانے لگتا ہے۔ گرمی کی وجہ سے مجھے الٹی آتی ہے۔‘

دوسری جانب کینیڈین حکومت نے کہا ہے کہ گرمی کی شدت کی وجہ سے جنگلات میں لگنے والی آگ نے اس سال ریکارڈ توڑ ایک کروڑ ہیکٹر رقبے کو جلا ڈالا ہے اور موسم گرما میں  مزید نقصان کی توقع ہے۔

ایشیا

ایشیا کی بات کی جائے تو مشرقی جاپان کے کچھ حصوں میں اتوار اور پیر کو درجہ حرارت 38-39 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی توقع ہے۔ موسمیاتی ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ درجہ حرارت گذشتہ ریکارڈ توڑ سکتا ہے۔

اتوار کو شمالی جاپان میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں کار میں پانی بھر سے جانے سے ایک شخص مردہ پایا گیا۔ ایک ہفتہ پہلے اسی طرح کی بارشوں کی وجہ سے ملک کے جنوب مغربی علاقے میں سات لوگ جان سے گئے۔

شمالی انڈیا میں شدید گرمی کے بعد مون سون کی مسلسل بارشوں سے مبینہ طور پر کم از کم 90 افراد جان سے جا چکے ہیں۔

انڈیا میں میں مون سون کے دوران بڑے سیلاب اور پہاڑی تودے گرنا عام بات ہے لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی ایسے واقعات کی تعداد اور شدت میں اضافہ کر رہی ہے۔

چین میں اتوار کو روز درجہ حرارت کے حوالے سے کئی انتباہ جاری کیے گئے۔ سنکیانگ کے جزوی صحرائی علاقے میں درجہ حرارت 40-45 ڈگری سینٹی گریڈ اور جنوبی گوانگشی کے علاقے میں 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

مراکش کی موسمیاتی سروس نے کہا ہے کہ ملک کے کچھ حصوں میں اس ہفتے کے آخر میں درجہ حرارت اوسط سے زیادہ یعنی 47 درجے سینٹی گریڈ رہے گا۔ یہ درجہ حرارت جولائی کی بجائے اگست میں ہوتا تھا۔ اس صورت حال سے پانی کی قلت کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔

یورپ

یورپ میں، اٹلی کے لیے ہفتے کے اختتام پر تاریخی بلند درجہ حرارت کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ وزارت صحت نے روم، بولوگنا اور فلورنس سمیت 16 شہروں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔

موسمیاتی مرکز نے اطالوی شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ گرم موسم اور اب تک کی گرمی کی سب سے زیادہ شدید لہر کی تیاری کریں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

روم میں پیر تک درجہ حرارت 40 درجے سیلسیئس اور منگل کو 43 درجے سیلسیئس تک پہنچنے کا امکان ہے۔اس طرح 2007 کا 40.5 درجے سیلسیئس کا ریکارڈ ٹوٹ جائے گا۔

یورپی خلائی ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ سسلی اور ساردینیا کے جزیرے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت سے متاثر ہو سکتے ہیں۔ یہ ممکنہ طور پر یورپ میں اب تک ریکارڈ کیا گیا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔

یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں ملک کے سب سے بڑے سیاحتی مقام ایکروپولس کو اتوار کو شدید گرمی کے وقت بند رکھا جائے گا۔ ایسا مسلسل تین دن سے کیا جا رہا ہے۔

فرانس میں زیادہ درجہ حرارت اور اس کے نتیجے میں خشک سالی زراعت کی صنعت کے لیے خطرہ بن رہی ہے۔ وزیر زراعت مارک فیسنیو کو موسمیاتی ماہرین کی جانب سے ان حالات کو’موسم گرما کا معمول‘ قرار دے کر انہیں نظر انداز کرنے پر تنقید کا سامنا ہے۔

فرانس کی قومی موسمیاتی ایجنسی کے مطابق یہ جون فرانس میں دوسرا گرم ترین مہینہ تھا۔ ملک کے کئی علاقے منگل سے ہیٹ ویو الرٹ کی زد میں ہیں۔

سپین کے لیے بہت کم سکون باقی ہے۔ ملک کے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ پیر سے بدھ تک نئی ہیٹ ویو کے نتیجے میں جزائر کیناری اور جنوبی اندلوسیا کے علاقے میں درجہ حرارت 40 درجے سیلسیئس سے بڑھ جائے گا۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ماحولیات