اسلاموفوبیا کے بڑھتے واقعات کے خلاف او آئی سی کی قرارداد منظور

یہ غیر معمولی اجلاس قرآن کی بے حرمتی کے بار بار پیش آنے والے واقعات پر بحث کے لیے بلایا گیا تھا جس سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔

21 جولائی 2023، عراق کے دارالحکومت بغداد میں قرآن مجید کی بےحرمتی کے خلاف ہونے والا مظاہرہ(اے ایف پی/مرتجا لطیف)

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کونسل کے 18 ویں غیر معمولی اجلاس میں عدم رواداری، امتیازی سلوک اور اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایک جامع قرارداد منظور کر لی گئی۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق وزرائے خارجہ کونسل (سی ایف ایم) کے اس اجلاس میں مذہب اور عقیدے کی بنیاد پر نفرت، امتیازی سلوک، بدنامی اور تشدد کی روک تھام کے لیے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی جانب سے متفقہ طور پر منظور کیے گئے آٹھ نکاتی ایکشن پلان کی اہمیت کا اعادہ کیا گیا۔

 تمام حکومتوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ موجودہ قانونی اور انتظامی فریم ورک کو مکمل طور پر نافذ کریں یا مذہب اور عقیدے کی بنیاد پر نفرت اور تشدد سے تمام افراد کی حفاظت کے لیے نئی قانون سازی کریں۔

یہ غیر معمولی اجلاس قرآن کی بے حرمتی کے بار بار پیش آنے والے واقعات پر بحث کے لیے بلایا گیا تھا جس سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔

پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے او آئی سی سی سی ایف ایم کے 18 ویں غیر معمولی اجلاس سے اپنے خطاب میں اسلاموفوبیا اور قرآن مجید کی بے حرمتی کے نفرت انگیز اقدامات کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ’یہ اقدامات اور ان کو انجام دینے کی اجازت، اظہار رائے کی آزادی کے زمرے میں نہیں آتی۔‘

وزیر خارجہ نے قرآن مجید کو نذر آتش کرنے اور اس کی بے حرمتی کے بارے میں تشویش کو اجاگر کرنے کے لیے او آئی سی کے رکن ممالک بالخصوص جدہ، جنیوا اور نیو یارک میں مل کر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

 انہوں نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بین المذاہب مکالمے اور مذہبی منافرت کو ترک کرنے کی قراردادوں کی منظوری کا خیرمقدم کیا۔

 انہوں نے بین المذاہب ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کو فروغ دینے پر بھی زور دیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وزیر خارجہ نے اس سال کے  شروع میں اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کے عالمی دن کے موقع پر ایک ایکشن پلان بنانے کی اپنی تجویز کا اعادہ کیا جس میں اسلاموفوبیا کا مقابلہ کرنے کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی کی تقرری اور مجرموں کا احتساب کرنے کے لیے عدالتی میکانزم کا قیام شامل ہوگا۔

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا:

’مجھے ڈنمارک کے وزیر خارجہ لارس لوکے راسموسن کا فون آیا، اور میں نے ڈنمارک اور دیگر یورپی ممالک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے حالیہ واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔‘

بلاول بھٹو زرداری نے لکھا: ’میں نے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والے اسلامو فوبک اقدامات کو روکنے، بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا