’امن اور محبت کا پیغام‘: بیٹے کی پیدائش پر شاہین کا بمرا کو تحفہ

پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ کی ایک ویڈیو نے دونوں ملکوں کے لوگوں میں خوشی کی لہر بکھیر دی جس میں وہ انڈین کھلاڑی جسپریت بمرا کو تحفہ دیتے نظر آئے۔

پاکستانی فاسٹ بولر شاہین آفریدی (دائیں) اور انڈین فاسٹ بولر جسپریت بمرا (بائیں) 10 ستمبر 2023 کو کولمبو میں ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے میچ کے دوران (شاہین آفریدی ایکس اکاؤنٹ)

ایشیا کپ سپر فور مرحلے میں اتوار (10 ستمبر) کو پاکستان اور انڈیا کا میچ ایک بار پھر بارش کی وجہ سے متاثر ہوا، جس نے شائقین کرکٹ کو تو اداس کر دیا، لیکن شاہین شاہ آفریدی کی ایک ویڈیو نے دونوں ملکوں کے لوگوں میں خوشی کی لہر بکھیر دی جس میں وہ انڈین کھلاڑی جسپریت بمرا کو تحفہ دیتے نظر آئے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جب سے ایشیا کپ کا آغاز ہوا ہے سوشل میڈیا پر پاکستانی اور انڈین کھلاڑیوں کی آپس میں دوستی اور احترام سب کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، کبھی وراٹ کا گراؤنڈ میں حارث رؤف سے ملنا ہو یا سٹیڈیم میں شاہین اور شاداب کے ساتھ خوشگوار وقت گزارنا، سب کچھ سوشل میڈیا پر ٹرینڈنگ میں رہا ہے۔

گذشتہ روز شاہین آفریدی نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک ویڈیو شئیر کی، جس میں  انہوں نے امن اور محبت کا پیغام دیتے ہوئے انڈین بولر جسپریت بمرا کو والد بننے پر مبارکباد اور دعائیں دیں اور لکھا: ’میدان میں ہم لڑتے ہیں لیکن باہر ہم صرف عام انسان ہیں۔‘

اس ویڈیو کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور کرکٹ کے حوالے سے مشہور ویب سائٹ ای ایس پی این نے بھی شیئر کیا، جس پر تبصرہ کرتے ہوئے لوگوں نے کھلاڑیوں میں اس عزت و احترام کے رشتے کو سراہا اور سیاست کو کھیل سے الگ رکھنے کے مشورے بھی دیے۔

ایک صارف علی قاسم نے اپنی پوسٹ میں لکھا: ’دونوں ممالک کے درمیان حقیقی احترام اور محبت ہے، میرے خیال میں دونوں اطراف کے لوگ سرحدوں کوکھولنا چاہتے ہیں اور تجارت اور سیاحت کو ایک ساتھ شروع کرنا چاہتے ہیں۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’اگر سیاست اور باقی تمام چیزیں دونوں طرف مثبت رہیں تو یہ دونوں ملک کمال کرتے ہوئے خطے کی بہتری کے لیے کام کر سکتے ہیں۔‘

الیاس نجیب نے کہا کہ انسانیت سب سے اوپر ہے اور یہ بہت سی وجوہات میں سے ایک ہے کہ سیاست کو کھیلوں سے نہیں ملانا چاہیے۔

شاہد حمید نے اس ویڈیو کو انتہائی خوش آئند قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ’ایسے لمحات ہی ہمیں کھیل کے اصل جذبے کی یاد دلاتے ہیں۔‘

انیل تیواڑی نے کرکٹ کے پرانے وقت اور کھلاڑیوں کو یاد کرتے ہوئے اپنی پوسٹ میں لکھا: ’ماضی میں سچن، شعیب اور ہربھجن کے دور میں بھی اس طرح کے تعلق تھے لیکن وہ کیمرے کے سامنے ایسا کرنے سے گریز کرتے تھے۔ ان کا میدان اور میدان کے باہر ایک اچھا تعلق تھا، ان کا جذبہ اور جارحیت واقعی یادگار تھی۔‘

انڈین صارف راہول شرما نے جہاں اس جذبے کی تعریف کی وہیں معصومانہ دعا بھی کی۔ انہوں نے لکھا: ’آپ میدان میں ہر ممکن کوشش کرتے ہیں لیکن میدان سے باہر ہمیشہ ایک بہترین دوستی برقرار رکھتے ہیں، جو واقعی ایک کھلاڑی کی حقیقی خصوصیت ہے۔ ‘

انہوں نے شاہین شاہ آفریدی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’کاش وہ آنے والے ورلڈ کپ میں بہت سی وکٹیں لیں لیکن انڈیا کے خلاف نہیں۔‘

ایک صارف نے انڈین کرکٹ بورڈ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’پاکستانی بورڈ ایک بڑے بھائی کی طرح کام کر رہا ہے اور انڈین بورڈ کو بھی اسی طرح کرنا چاہیے۔‘

 

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل