کون سی نگری ویزا فری: آسمان کو چھوتی چوٹیوں کا ملک نیپال

پاکستانی پاسپورٹ کا شمار دنیا کے کمزور ترین پاسپورٹوں میں ہوتا ہے اور اکثر پاکستانیوں کو اپنے ہاں آنے کے لیے کڑی شرائط کے بعد ویزا دیتے ہیں۔ اس کے باوجود چند ملک ایسے ہیں جہاں کا سفر کرنے سے آپ کو پہلے سے ویزا لینے کی ضرورت نہیں ہے۔

نیپال کا پرامن اور سیاحوں کے لیے دوستانہ ماحول بے حد کشش رکھتا ہے (تصویر: اینواتو)

نگری نگری ویزا فری کے سلسلے کی اس پانچویں قسط میں ہم نیپال کا ذکر کریں گے۔

پاکستانی پاسپورٹ کا شمار دنیا کے کمزور ترین پاسپورٹوں میں ہوتا ہے اور اکثر پاکستانیوں کو اپنے ہاں آنے کے لیے کڑی شرائط کے بعد ویزا دیتے ہیں۔ اس کے باوجود چند ملک ایسے ہیں جہاں کا سفر کرنے سے آپ کو پہلے سے ویزا لینے کی ضرورت نہیں ہے۔ 

انہی ملکوں میں نیپال بھی شامل ہے جہاں آپ کو آن ارائیول ویزا ملتا ہے۔

نیپال کا نام سنتے ہی ذہن میں آسمان کو چھوتی ہوئی ہمالیائی چوٹیوں کا خیال آتا ہے۔ چین اور انڈیا کے بیچ میں گھرا ہوا یہ لینڈ لاکڈ ملک دنیا کی سب سے اونچی چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کی وجہ سے جانا جاتا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

لیکن نیپال میں ماؤنٹ ایورسٹ کے علاوہ بھی بہت کچھ ہے۔ اس ملک کی ثقافت بھی اپنی مثال آپ ہے۔ یہاں جگہ جگہ بدھ مذہب سے منسلک خانقاہیں اور معبد پائے جاتے ہیں۔

نیپال کا پرامن اور سیاحوں کے لیے دوستانہ ماحول بھی بے حد کشش رکھتا ہے۔

نیپال تاریخی طور پر بےحد اہم ملک ہے۔ وادیِ کٹھمنڈو میں یونیسکو ہیریٹیج کی جانب سے تسلیم کردہ سات مقامات یہاں موجود ہیں۔

بدھ مذہب کے بانی گوتم بدھ موجودہ نیپال میں شامل ریاست کپل وستو میں پیدا ہوئے تھے، جس کی وجہ سے دنیا بھر کے بدھوں کے لیے یہ علاقہ مقدس ہے۔

دارالحکومت کٹھمنڈو کی تاریخ بھی بہت دلچسپ اور قدیم ہے۔ اس شہر میں لکڑی کی بنی ایک قدیم عمارت ہے جسے کاٹھ (یعنی لکڑی) منڈپ (شامیانہ) کہا جاتا ہے۔ اسی سے شہر کا نام کٹھ منڈو پڑ گیا۔

یہاں پہنچیں کیسے؟

پاکستان سے متعدد ہوائی کمپنیاں نیپال جاتی ہیں۔ ایک زمانے میں پی آئی اے بھی نیپال تک پروازیں چلاتی تھی اور وہاں پی آئی اے کا ایک جہاز گرا بھی تھا۔ اب یہ روٹ بند کر دیا گیا ہے۔

نیپال کا رقبہ پاکستان کے صوبہ سندھ جتنا ہے، البتہ آبادی سندھ سے خاصی کم، یعنی تین کروڑ کے لگ بھگ ہے۔ اس کی فی کس آمدن 4900 ڈالر ہے، یعنی پاکستان سے کوئی 18 سو ڈالر کم۔

دلچسپ مقامات

نیپال آسمان کو چھوتی ہوئی ہمالیائی چوٹیوں کی وجہ سے مشہور ہے، جو ہر سال دنیا بھر کے ہزاروں مہم جوؤں کو مقناطیس کی طرح اپنی طرف کھینچتی ہیں۔ نیپال میں کوہ پیمائی کی ورلڈ کلاس سہولیات موجود ہیں۔

کٹھمنڈو شہر کے باہر بودھ ناتھ سٹوپا دنیا میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا سٹوپا ہے جو 14 سو سالہ قدیم ہے۔ یہ تاریخی سٹوپا تبت کے پرانے تجارتی راستے پر واقع ہے اور یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کا حصہ ہے۔

نیپال کا سب سے خوبصورت شہر پوکھارا ہے جو نیپال کی تین بلند ترین چوٹیوں سے گھرا ہوا ہے۔

پانچ فن فیکٹس

  1. دنیا کی 10 بلند ترین چوٹیوں میں صرف پاکستان کی کے ٹو اور نانگا پربت ہی ہیں، جو نیپال میں واقع نہیں ہیں، باقی سبھی بلند ترین چوٹیاں نیپال میں پائی جاتی ہیں۔
  2. دنیا میں ہیریٹیج سائٹس کی سب سے زیادہ کثرت نیپال میں ہے۔
  3. دنیا کے ہر ملک کا جھنڈا چوکور ہے، سوائے نیپال کے، جس کا جھنڈا تکونی شکل کا ہے۔
  4. دنیا نیپال کو ماؤنٹ ایورسٹ کی وجہ سے جانتی ہے، مگر یہاں ’کالی گندکی‘ نامی 4375 میٹر گہری وادی یا canyon بھی موجود ہے، جو دنیا کی دوسری سب سے گہری وادی ہے۔
  5. نیپال بظاہر چھوٹا سا ملک ہے، مگر یہاں متعدد نسلوں کے لوگ آباد ہیں اور یہاں 120 کے لگ بھگ زبانیں بولی جاتی ہیں۔ ویسے تو یہ ملک بدھ مت کی جائے پیدائش ہے، مگر آج اس کی 80 فیصد سے زیادہ آبادی ہندو ہے۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی میگزین