اسلام آباد: رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری کا یتیم خانے کا دورہ

رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے جمعرات کو اسلام آباد کے علی بن ابی طالب یتیم خانے کا دورہ کیا اور بچوں کے ساتھ عید منائی۔

رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہیں، اس دوران انہوں نے جمعرات کی شب اسلام آباد کے ایک بڑے یتیم خانے کا دورہ  بھی کیا اور بچوں کے ساتھ عید منائی۔

ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کی دورے کی باضابطہ دعوت پر 10 اپریل کو پاکستان پہنچے تھے۔

عید الفطر کے پہلے روز انہوں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی فیصل مسجد میں خطبہ دیا تھا جسے بڑی تعداد میں لوگوں نے سنا۔ عرب نیوز کے مطابق خطبے کے دوران ڈاکٹر العیسیٰ نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ فلسطینیوں کو اپنے دلوں کے قریب رکھیں اور عید مناتے وقت انہیں اپنی دعاؤں میں رکھیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر مسلم ورلڈ لیگ نے رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کی مصروفیات کے حوالے سے بتایا کہ انہوں نے جمعرات کو اسلام آباد کے علی بن ابی طالب یتیم خانے کا دورہ کیا۔

اس یتیم خانے میں، جہاں چار ہزار سے زائد یتیم بچے موجود ہیں، ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کا شاندار استقبال بھی ہوا۔

’امت کی کامیابی کا راز اتحاد میں ہے‘

عید الفطر کے دن اپنے خطبے میں رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے کہا کہ مت کی کامیابی کا راز اتحاد میں ہے۔ ’اس اتحاد اور محبت کی بنیاد اپنے گھروں سے کیجیے۔ اپنے اہل خانہ سے محبت اور احترام کے ساتھ ساتھ اپنی اولاد کی اچھی تربیت کیجیے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’لوگو، اللہ کے لیے ایک دوسرے سے محبت کرو۔ یہ اللہ کا حکم بھی ہے اور اللہ کے رسول نے باہمی محبت کا درس دیا ہے۔‘

انہوں نے خطبے میں غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے لیے دعا کی اور کہا کہ اللہ تعالی ان کی مدد فرمائے اور مسلمانوں کو بھی حکمت، دانائی اور دعاؤں کے ذریعے فلسطین کے لوگوں کی مدد کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

فیصل مسجد کے خطیب مولانا ضیاء الرحمن نے رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل کی عید کے موقع پر پاکستان میں موجودگی اور خطبہ عید کو پاکستان اور پاکستانی عوام کے لیے خوش قسمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حج کے امام اور خطیب کا پاکستان میں عید کے موقع پر موجود ہونا ان کی پاکستان اور پاکستان کے عوام کے ساتھ والہانہ محبت کا اظہار ہے۔

شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کون ہیں؟

سعودی عرب میں پیدا ہونے اور پرورش پانے والے ڈاکٹر العیسیٰ نے امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی سے اپنی تعلیم مکمل کی، جہاں انہوں نے تقابلی عدالتی مطالعہ (آئینی قانون) میں ماسٹر ڈگری اور پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔

اس کے بعد ڈاکٹر العیسیٰ سعودی عرب میں کئی عوامی عہدوں پر فائز رہے۔

ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ اعتدال پسند اسلام پر ایک سرکردہ عالمی آواز کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ وہ انٹلیکچوئل وارفیئر سینٹر کے سربراہ بھی ہیں، جو سعودی وزارت دفاع سے وابستہ ایک ادارہ ہے جو انتہا پسندی اور دہشت گردانہ نظریات سے نمٹنے کے لیے وقف ہے۔

امریکن جیوش کمیٹی، امریکن سیفرڈی فیڈریشن اور کامبیٹ اینٹی سیمیٹیزم موومنٹ نے ان کی قیادت اور دنیا بھر میں یہود دشمنی، اسلامو فوبیا اور نفرت انگیز تقاریر کا مقابلہ کرنے کے اقدامات کے لیے انہیں سراہا ہے۔

امریکن جیوش کمیٹی (اے جے سی) نے ڈاکٹر العیسیٰ کو ’اعتدال پسند اسلام کو فروغ دینے والی مسلم دنیا کی سب سے طاقتور آواز‘ قرار دیا ہے۔

ڈاکٹر العیسیٰ نے اگست 2016 میں مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل کے طور پر اپنا موجودہ عہدہ سنبھالا۔

اسی سال، وہ مسلم سکالرز کی بین الاقوامی باڈی کے چیئرمین اور سعودی عرب میں سینئر سکالرز آرگنائزیشن کے رکن بنے۔

ان کے دور میں، مسلم ورلڈ لیگ نے مسلم ورلڈ لیگ سپریم کونسل اور دیگر ذیلی اداروں میں اسلام کے مختلف فرقوں کی نمائندگی کو بڑھایا ہے تاکہ دنیا بھر کی تمام مسلم کمیونٹیز کی شمولیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہیں بین المذاہب مکالمے اور اعتدال کو فروغ دینے اور انتہا پسندی اور نفرت انگیز بیان بازی کا مقابلہ کرنے میں اپنی قیادت کے بدلے متعدد ملکی اور بین الاقوامی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا ہے۔

اکتوبر 2022 میں، انہیں اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے میں نمایاں کام کرنے پر صدر ڈاکٹر عارف علوی کی طرف سے پاکستان کے ’ہلال پاکستان‘ ایوارڈ سے نوازا گیا۔

اسلام کے پرامن پیغام کو پھیلانے، غلط فہمیوں کو دور کرنے اور اسلام کو مؤثر طریقے سے فروغ دینے پر کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا گیا۔

رابطہ عالم اسلامی کیا ہے؟

دنیا میں ایک ایسی اسلامی تنظیم موجود ہے جو مسلمانوں کے اتحاد اور مسلم برادری کو تقسیم کرنے والے عوامل کا سدباب کرنے کے لیے 1962 سے مصروف ہے۔

اس عالمی تنظیم کا نام رابطہ عالم اسلامی (مسلم ورلڈ لیگ) ہے جس کے ارکان تمام اسلامی ممالک ومسالک سے ہیں۔ اس کا مرکزی دفتر مکہ مکرمہ میں واقع ہے جو اسلام کی حقیقت کو واضح اور اقوام کے مابین دوستی کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔

یہ تنظیم ایک دستور ساز کونسل کے زیر انتظام ہے جو سرکردہ اسلامی تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 60 ارکان پر مشتمل ہے۔ ایم ڈبلیو ایل کا روزمرہ کا انتظام ایک سیکرٹری جنرل سنبھالتا ہے، جو دستور ساز کونسل کو رپورٹ کرتا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ اس تنظیم کے موجودہ سیکریٹری جنرل ہیں اور آج کل پاکستان کے نو روزہ دورے پر ہیں۔ وہ عالم اسلام کی ایک معتبر شخصیت ہیں اور دنیا بھر میں ان کی خدمات کے نتیجے میں انہیں کئی اعلی ترین اعزازات سے نوازا گیا ہے۔

ڈاکٹر العیسیٰ نے 2019 میں مشہور امریکی جریدے ’نیوز ویک‘ میں ایک مضمون لکھ کر اپنا ایجنڈا واضح کرتے ہوئے لکھا تھا: ’مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل کی حیثیت سے میں نے پوپ فرانسس کے ساتھ بین المذاہب تفہیم کو فروغ دینے کے لیے ویٹیکن کا سفر کیا ہے۔‘

’میں نے پیرس کے گرینڈ سناگوگ اور امریکہ کے ہولوکاسٹ میموریل میوزیم کا دورہ کیا۔ میں نے امریکی انجیلی مسیحی رہنماؤں کے اعلیٰ سطح کے وفد کو سعودی عرب میں خوش آمدید کہا۔ لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ میں ایسے متنازع کام کیوں کرتا ہوں؟ ان سب میں کیا مشترک ہے؟‘

’میں ان سے کہتا ہوں: یہ میرے اس مقدس فریضے کی عکاسی کرتے ہیں کہ میں اسلام کو متعدل اور امن کے سچے مذہب کے طور پر پیش کروں۔ اس کا منبع میرا ایک اسلامی رہنما کی حیثیت سے میرا وہ حلف ہے کہ میں جو کچھ بھی کرتا ہوں اس میں ذمہ دارانہ قیادت کا مظاہرہ کروں۔‘

رابطہ عالم اسلامی کی بنیاد

مؤتمر عالم اسلامی کی مکہ مکرمہ میں 18 مئی 1962 کو منعقد ہونے والی کانفرنس کی قرارداد کے نتیجے میں رابطہ عالم اسلامی کی بنیاد رکھی گئی۔ رابطہ عالم اسلامی کے تمام اسلامی ممالک اور فرقے بلا تفریق رنگ و نسل رکن ہیں۔

جنرل سیکرٹریٹ

یہ تنفیدی ادارہ رابطہ کے معاملات اور سرگرمیوں کی براہ راست نگرانی کرتا ہے اور سیکرٹری جنرل، سیکرٹریز، معاونین، رابطہ ملازمین اور منسلک افراد کی معاونت سے، رابطہ سپریم کونسل کی طرف سے جاری شدہ منصوبوں پر عمل درآمد کرتے ہیں۔

مالی وسائل

ایم ڈبلیو ایل کو سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے مالی اعانت فراہم کی جاتی ہے۔ رابطہ عالم اسلامی اپنے مالیاتی انتظام میں اپنے اوقاف پر انحصار بھی کرتی ہے۔ رابطہ کی ’اوقاف سے‘ سرمایہ کاری بھی ایک بڑا ذریعہ آمدن ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان