وادیِ ڈومیل اور سات رنگوں کی جھیل

پاکستان کی سب سے خوبصورت جھیل تک کا سفر، جہاں پہنچنا دشوار سہی، مگر اس کو پہلی بار دیکھنے کا تجربہ زندگی بھر نہیں بھولتا۔

ہم نے اس جھیل کے کنوارے پانی کو چھوا تو ایک لمحے میں سر سے پاؤں تک سردی کی لہر دوڑ گئی (وکی میڈیا کامنز)

استور سے چھ گھنٹے کی مسافت پر جیپ مجھے گوری کوٹ سے ہوتے ہوئے چلم چوکی اور برزل پاس کی ساڑھے 13 ہزار فٹ بلندی کے بعد منی مرگ لے گئی، اور منی مرگ کی وادی ڈومیل میں رینبو جھیل کے لمس سے آشنا کیا۔

اس پاک سرزمین پر کہیں وادیِ ڈومیل بھی ہے، ہے بھی یا نہیں کہ ایسی وادیاں صرف کہانیوں میں ہی ہوتی ہیں جہاں بلند درختوں سے کھیلتی ہوائیں پہاڑی درے سے گزرتی ہیں تو جنات کی طرح بے شمار کنکر اڑاتی جاتی ہیں؟ ان گنت ندیاں گم نام چشموں سے پھوٹ کر پہلے جوان ہوتی ہیں اور پھر بے نام دریاؤں کا رزق بن جاتی ہیں۔

 کائنات کی سانس کی طرح دریا بھی بہتے چلے جاتے ہیں۔ چاند راتوں میں آسمان کی طرف اٹھنے کی ناکام کوشش میں ہلکان ہوتے ہیں اور پھر کسی اور دریا کا حصہ بن جاتے ہیں۔ ان دریاؤں کا ایک ایک قطرہ وقت کی اکائی کی طرح زندگی بھر ایک مقام سے صرف ایک ہی بار گزرتا ہے اور آگے بڑھ جاتا ہے۔

 وادیِ ڈومیل ہے بھی یا نہیں؟

 یہی دیکھنے کے لیے کتنی بےشمار وادیوں سے گزرے اور کتنے سورج ہمارے سامنے پہلے تانبے کے تھال بنے اور پھر برف کے پاتال میں اتر گئے۔ سفر بہر حال جاری رہا۔ ڈومیل سے پہلے پرستان میں داخل ہونے جیسی مشکلات کئی ندیوں اور سفید جہانوں کی صورت میں جھیلنی پڑیں۔

برزل کے سفید معبد کو عبور کیا تو یقین ہوا کہ اس کے پار جو کچھ بھی ہے وہ قدرت کا ایسا عجوبہ ہے جس سے ڈومیل کے حسن کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ ہمارا مقصد بھی سفر کرنا تھا۔ منزل کی جستجو میں تمام کشش تھی۔ ڈومیل کا ہونا یا نہ ہونا اہم نہیں تھا، اس لیے ہم آگے بڑھتے چلے گئے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

 دو جیپوں پر مشتمل ہمارا قافلہ منی مرگ سے نکل کر سبز قالین بچھے فرش والے رستوں کے بیچ بنی پختہ راہداری پر چل نکلا۔ قدم قدم حیرت تھی، حسن تھا، فطرت تھی۔ درخت آسمان کو چھونے کی کوشش میں نیم رقصاں تھے اور ہوا میں نمی تھی۔

جس راستے پر ہم جا رہے تھے اس کے دائیں جانب دریا کے بکھر چکے پانی اس طرف سے چلے آتے تھے جہاں ہم جا رہے تھے۔ ڈومیل نالے کے اس پار بلندی تھی۔ ڈھلوان سطح پر جو پھول تھے ان کا کوئی نام نہ تھا، خودرو پھولوں کا کوئی نام ہوتا بھی نہیں۔

 منی مرگ سے ڈومیل جاتے ہوئے پھر ایک رکاوٹ آ گئی۔ ایک ندی دیوسائی کے بلند میدانوں سے یا منی مرگ کی آبشاروں سے ادھر آ نکلی تھی اور ڈومیل نالے میں خود کشی کیے جاتی تھی۔ ڈومیل نالے میں ضم ہونے سے پہلے وہ ہمارا راستہ بھی بہا لے گئی تھی۔

 ہم رک گئے اور دیکھتے ہی دیکھتے اک جہان ہمارے ساتھ رک گیا۔ شام سے پہلے کچھ سیاح واپس منی مرگ چلے گئے اور کچھ منتظر تھے مگر ہم ہر قیمت پر رینبو جھیل تک جانا چاہتے تھے۔ راستہ کاٹتے پانی کی شدت تو کم نہ ہوئی مگر جیپیں نکل گئیں۔

ہمارے اطراف میں جنگل تھا۔ ندیاں تھیں اور ڈوبتے سورج کی شکست کھاتی تپش تھی۔ پھر ہم ایک فوجی علاقے میں داخل ہوئے۔ خوش آمدید ڈومیل، والے بورڈ کے ساتھ بہت سارے تعارفی تختے اور استقبالی جملے نمایاں تھے۔ چھوٹے چھوٹے پتھروں پر سفید اور نیم سرخ رنگ کا چھڑکاؤ اس پورے علاقے کو سرکاری رعب عطا کرتا تھا۔

یہ وادی لائن آف کنٹرول پر واقع ہے اور ماضی کا واحد تجارتی راستہ بھی جس پر سفر کرنے والے سری نگر کشمیر اور گلگت تک، براستہ استور اپنا سفر کرتے تھے اور برزل پاس جیسی بلندی عبور کرتے تھے۔ ڈومیل میں فوجی چھاؤنی اور چند دفاتر ہیں جن کا مقصد وطن عزیز کی حفاظت کے لیے چوکس رہنا ہے۔ ہم جب ڈومیل کی آخری ندی پر ایستادہ پل عبور کر رہے تھے تو حیرتوں کا جہان کھلتا جا رہا تھا۔

 شام سے کچھ پہلے کا منظر، ہوا میں نمی، درختوں کی بھیگی خوشبو اور پس منظر سے اٹھتی آبشاروں کی مدھر آواز، وادی ڈومیل کو ہماری یادداشت میں امر کرتی جاتی تھی۔ ہم برزل پاس کے برفیلے جہانوں کو پیچھے چھوڑ کر جس حسن کا لمس لینے آئے تھے وہ اس قابل تھا کہ اس کے لیے ایسی مشکلات جھیلی جائیں۔

سامنے ایک راستہ رینبو جھیل کی طرف جاتا تھا۔ پارکنگ کے ساتھ یادگار شہدا تعمیر کی گئی تھی۔ حوالدار لالک جان شہید اور کیپٹن کمال شیر خان شہید کی تعارفی تختیاں نصب تھیں اور 80 بریگیڈ 2016 کی افتتاحی پلیٹ بھی بہت اہتمام سے بنائی گئی تھی۔ ہم جھیل کی طرف جانے لگے تو پاک فوج کے ایک جوان نے شائستہ لہجے میں فرمایا، ’اندھیرا ہونے سے پہلے واپس چلے جائیے گا، رات کو جنگلی جانور حملہ آور ہو سکتے ہیں۔‘

ہم ہمالیہ رینج میں وادیِ ڈومیل کی 12 ہزار 385 فٹ بلند رینبو جھیل کے کنارے پر کھڑے تھے اور نیلگوں سبزی مائل رنگ والی یہ گول جھیل کا جادو سر چڑھ کر بول رہا تھا۔

کچھ لوگ اس جھیل کو مصنوعی جھیل کا الزام دے کر حاسدینِ فطرت میں شمار ہوتے ہیں مگر رینبو لیک کہیں سے بھی مصنوعی نہ تھی۔ اس میں جو پانی تھے وہ کسی ٹیوب ویل سے بھر کر نہیں لائے تھے۔ جھیل کے اطراف میں جو دیواریں اور بند تھے وہ ہمالیہ کے پتھروں کے تھے۔

ایک طرف سے داخل ہونے والا پانی دوسری جانب ایک نالے کی نذر ہوتا تھا جو اس جھیل کو زندگی کی گواہی دیتا تھا۔ اگر کچھ مصنوعی تھا تو وہ کیفے تھا اور بیٹھنے کے لیے اوپن ایریا تھا۔

رینبو جھیل قدرتی حسن کا منبع ہے۔ ہم نے اس جھیل کے کنوارے پانی کو چھوا تو ایک لمحے میں سر سے پاؤں تک سردی کی لہر دوڑ گئی۔

جھیل کا طواف مکمل کیا اور وہیں پہنچ گئے جہاں سے چلے تھے۔ ایسے منظر کو بھی آخرکار چھوڑ کر واپس جانا تھا مگر ہم جب واپس آئے تو جھیل بھی یادوں کی پوٹلی میں ہمارے ساتھ چلی آئی۔

نوٹ: یہ تحریر کالم نگار کی ذاتی آرا پر مبنی ہے جس سے انڈپینڈنٹ اردو کا متفق ہونا ضروری نہیں۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی بلاگ