الیکشن سے کچھ ہی دن دور ہیں، کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے: مرتضیٰ سولنگی

نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ پاکستان عام انتخابات 2024 سے کچھ ہی دن دور ہے اور اس حوالے سے کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے۔

21 نومبر 2023 کی اس تصویر میں نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے (اے ایف پی)

نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ پاکستان عام انتخابات 2024  سے کچھ ہی دن دور ہے اور اس حوالے سے کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے۔

جمعرات کو اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر اطلاعات نے کہا کہ 2024 انتخابات کا سال ہے اور انتخابات کے حوالے سے نگران حکومت الیکشن کمیشن کی بھر پور معاونت کرے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’آج کل سیاست ہمارا پسندیدہ مشغلہ بن گیا ہے اور اس موقعے پر جب ہم الیکشن فیز میں داخل ہو رہے، اس میں دو باتیں بہت اہم ہوں گی، ایک جھوٹی خبریں اور دوسری جھوٹے وعدے۔ بعض رہنما اپنی انتخابی مہم میں دعویٰ کر رہے ہیں کہ وہ اقتدار میں آنے کے بعد صارفین کو 300 یونٹ بجلی مفت دیں گے لیکن ایسا کرنا عملی طور پر مشکل ہے۔‘

اس کے بجائے انہوں نے مشورہ دیا کہ سیاسی جماعتیں ملک پر موجود قرض کو اتارنے کے لیے منشور جاری کریں۔

پاکستان میں آٹھ فروری کو ہونے والے عام انتخابات رواں ہفتے ایک نئے مرحلے میں داخل ہونے والے ہیں۔ 13 جنوری کو الیکشن کمیشن نے انتخابی امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کرنی ہے، جس کے بعد انتخابی سرگرمیوں میں تیزی کی توقع کی جا رہی ہے۔

الیکشن کمیشن جمعرات کو امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری کرے گا، جس کے بعد اگر کوئی امیدوار چاہے تو اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکتا ہے اور پھر حمتی فہرست 13 جنوری کو شائع کر دی جائے گی۔

اگرچہ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں پر ملک کے مختلف حصوں میں حملے کیے گئے لیکن حکومت کا کہنا ہے کہ انتخابات وقت مقررہ پر ہوں گے اور سکیورٹی کی صورت حال میں بہتری کی کوششیں تیز کی جا رہی ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

نگران وزیر اطلاعات مرتضٰی سولنگی نے بدھ کو بھی ایک بیان میں کہا تھا کہ ’انتخابات آٹھ فروری 2024 کو ہوں گے۔ ہم نے خراب ترین حالات میں بھی الیکشن کروائے ہیں، موجودہ صورت حال 2008 اور 2013 سے بہت بہتر ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ حکومت سکیورٹی کی صورت حال میں مزید بہتری کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

ملک کی ایک بڑی سیاسی جماعت مسلم لیگ (ن) نے کئی ہفتوں تک جاری رہنے والے طویل مشاورتی اجلاس کے بعد بدھ کو رات گئے انتخابات کے لیے اپنی جماعت کے ٹکٹ جاری کیے جب کہ پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی جمعرات کو پارٹی ٹکٹوں کو اعلان کرے گی۔

نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے اعلان کے بعد انتخابی سرگرمیوں کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ’تمام جماعتیں اپنی انتخابی سرگرمیوں کا آغاز کر رہی ہیں اور 15 جنوری کو مسلم لیگ ن نے بھی جلسے کا اعلان کیا ہے۔‘

مسلم لیگ ن کی ترجمان اور سابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بدھ کو میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ ’الیکشن ملک کی ضرورت ہیں اور ہر صورت ہونے چاہییں۔‘

رواں ماہ ملک کے شمال مغربی صوبے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں پولیس کو نشانہ بنایا جس میں متعدد اہلکار جان سے گئے۔

پاکستان کے نگران وزیراعظم نے بدھ کو وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ’دہشت گرد جس قدر بزدلانہ کارروائیاں کریں گے، ان کے خلاف ریاست کے ردعمل میں اتنی ہی شدت آئے گی۔ دہشت گرد 24 کروڑ لوگوں کے عزم کو ہرا نہیں سکتے۔‘

پاکستانی فوج کی جانب سے بھی کہا جا چکا ہے کہ انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کو ضروری معاونت فراہم کی جائے گی۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان