سعودی عرب کے ساتھ شراکت داری بڑھانے کے لیے ’مثبت روابط‘ جاری رکھیں گے: پاکستان

پاکستان نے کہا ہے کہ شہزادہ فیصل کے دورے کے دوران ریاض میں 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے منصوبے پیش کیے گئے تھے۔

16 اپریل 2024 کی اس تصویر میں پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان اور ان کے وفد کا اسلام آباد میں استقبال کرتے ہوئے (پاکستانی وزارت خارجہ)

پاکستان کے دفتر خارجہ نے جمعے کے روز کہا کہ وہ سعودی عرب کے ساتھ اقتصادی اور سٹریٹجک شراکت داری کو بڑھانے کے لیے ’مثبت روابط‘ جاری رکھے گا۔

عرب نیوز کے مطابق سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود رواں ہفتے دو روزہ دورے پر اسلام آباد آئے تھے جس کا مقصد دو طرفہ اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانا اور پہلے سے طے شدہ سرمایہ کاری کے معاہدوں کو آگے بڑھانا تھا۔

پاکستان نے کہا ہے کہ شہزادہ فیصل کے دورے کے دوران ریاض میں 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے منصوبے پیش کیے گئے تھے۔

سعودی حکام کا یہ دورہ مکہ مکرمہ میں وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات کے بعد ہوا جس میں سعودی عرب نے پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں تیزی لانے کا وعدہ کیا تھا۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران شہزادہ فیصل کے دورے کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ ’ہم سعودی عرب کے ساتھ اقتصادی اور سٹریٹجک شراکت داری کو بڑھانے کے لیے تعمیری روابط جاری رکھیں گے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

 ان کے بقول اس کا مقصد وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور سعودی عرب کے وزیر اعظم کے درمیان طے پانے والی مفاہمت پر عمل کرتے ہوئے دوطرفہ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت کو تیز کرنا ہے۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ اسلام آباد میں دونوں وزرائے خارجہ کی مشترکہ صدارت میں ’سعودی عرب پاکستان سرمایہ کاری کانفرنس‘ میں دونوں فریقین نے توانائی، کان کنی، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعمیرات، انسانی وسائل کی ترقی اور برآمدات جیسے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاری کانفرنس کا مقصد پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرنا ہے۔

ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے عالمی اور علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال بھی کیا۔

پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں جمعرات کو فلسطین کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں رکنیت کی سفارش میں ناکامی پر سخت مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے اس حوالے سے کہا کہ ’ہمیں فلسطین کو اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت دینے والی قرارداد کے مسودے کو ویٹو کرنے کے امریکی فیصلے پر افسوس ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہم سمجھتے ہیں کہ فلسطین کو اقوام متحدہ میں شامل کرنے کا وقت آگیا ہے، یہ 75 سال سے فلسطینی عوام کے ساتھ ہونے والی تاریخی ناانصافی کو درست کرنے کی جانب ایک قدم ہوگا اور یہ ان کے حق خود ارادیت کی تصدیق کرے گا۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا