عمران خان پر سمجھوتے کے لیے کوئی دباؤ نہیں ڈالا جا رہا: خواجہ آصف

ن لیگ کے سینیئر رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان پر بات چیت کرنے کے لیے دباؤ ڈالے جانے سے متعلق بیان میں کوئی صداقت نہیں۔

وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف 24 اپریل، 2024 کو انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے۔

وزیر دفاع اور حکمران جماعت مسلم لیگ ن (پی ایم ایل) کے اہم رہنما خواجہ محمد آصف نے بدھ کو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر کے جیل میں بند سابق وزیر اعظم عمران خان پر سمجھوتہ کرنے کے لیے دباؤ کا بیان مسترد کر دیا۔

خواجہ آصف نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا کہ ’عمران خان پر بات چیت کرنے کے لیے دباؤ ڈالے جانے سے متعلق بیان میں کوئی صداقت نہیں۔‘ 

بیرسٹر گوہر نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں دعویٰ کیا تھا کہ عمران خان پر سمجھوتہ کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ 

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ تحریک انصاف اس طرح کی ’باتیں صرف اپنی دکان داری چمکانے کے لیے کر رہی ہے تاکہ دکان بند نہ ہو۔‘

وزیر دفاع کے مطابق: ’تحریک انصاف کے معتبر لوگوں نے بیانات دیے کہ کوئی ڈیل نہیں ہو رہی، نہ ہی کوئی رابطہ ہے۔

’اب تحریک انصاف کی طرف سے خود اگر اس طرح کے متنازع بیانات آئیں گے تو ہم اس پر کیا رائے دیں۔ یہ تضادات تو ہماری ترجمانی کر رہے ہیں۔‘

انہوں نے صوبہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کی قیاس آرئیوں کی بھی مخالفت کی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

خیبرپختونخوا اور وفاق کے درمیان مبینہ اختلافات اور صوبے میں گورنر راج کے نفاذ سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ گذشتہ ملاقات میں وہ خود بھی موجود تھے اور ’یہ ملاقات بہت خوش گوار ماحول میں ہوئی۔’

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم چاہیں گے کہ صوبہ خیبر پختونخوا وہی سپرٹ جاری رکھے۔ اس کو ہماری طرف سے خراب نہیں ہونا چاہیے۔‘

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ’خیبر پختونخوا نے تعلقات خراب کرنے کا عندیہ دیا تو ہم سوچ لیں گے کہ ہمیں کیا کرنا ہے، لیکن ہماری طرف سے پہل نہیں ہونا چاہیے۔‘

وزیر دفاع نے صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کے حوالے سے کہا کہ ’سیاسی قوتوں کو اس طرح کی صورت حال سے اجتناب کرنا چاہیے۔ اس متعلق میں بات نہیں کروں گا کہ کیا آپشن ہوں گے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست