پاکستان، ایران کا ’آزاد تجارتی معاہدے‘ کو حتمی شکل دینے پر اتفاق

پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کے درمیان وفود کی سطح پر ہونے والی بات چیت کے دوران دوطرفہ تعلقات اور تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے وفد کے ہمراہ 22 سے 24 اپریل تک پاکستان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی (اے ایف پی/ پی آئی ڈی)

پاکستان اور ایران نے بدھ کو ایک مشترکہ اعلامیے میں کہا ہے کہ دونوں ممالک نے آزاد تجارتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے اور مشترکہ اقتصادی منصوبوں، مشترکہ سرحدی منڈیوں کے قیام، اقتصادی فری زونز کے ذریعے اور نئی سرحدوں کو کھول کر اپنی دوطرفہ تجارت کو اگلے پانچ سالوں میں 10 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے درمیان وفود کی سطح پر ہونے والی بات چیت کے دوران دوطرفہ تعلقات اور تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی صدر نے وزیر خارجہ امیر عبداللہیان، کابینہ کے دیگر ارکان اور اعلیٰ حکام سمیت ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ 22 سے 24 اپریل تک پاکستان کا سرکاری دورہ کیا۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دورے کے دوران متعدد مفاہمت کی یاداشتوں اور معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے جب کہ دونوں ممالک نے برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے اعلیٰ سطح کے دوروں کے باقاعدہ تبادلے کے ذریعے باہمی روابط کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ’دونوں پڑوسی اور مسلم ممالک کے درمیان تاریخی، ثقافتی، مذہبی اور تہذیبی تعلقات کو اجاگر کیا گیا اور دونوں فریقوں نے علمی، ثقافتی اور سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کے ذریعے ان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے اپنے عزم اور لگن کا اعادہ کیا۔‘

بیان کے مطابق دونوں ممالک نے تسلیم کیا کہ پاکستان اور ایران کی مشترکہ سرحد ’امن اور دوستی کی سرحد‘ ہونی چاہیے جب کہ دونوں ممالک نے خطرات سے نمٹنے کے لیے دونوں ممالک کے سیاسی، فوجی اور سکیورٹی حکام کے درمیان باقاعدہ تعاون کا بھی اعادہ کیا۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ دونوں ممالک نے تجارتی اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا جب کہ توانائی کے شعبے میں تعاون کی اہمیت کا اعادہ کیا گیا جس میں بجلی کی ترسیل اور گیس پائپ لائن منصوبے شامل ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق صدر ابراہیم رئیسی، جو اپنا دورہ مکمل کر کے بدھ کو سری لنکا کے لیے روانہ ہوئے، نے اسلام آباد میں پاکستانی قیادت کے ساتھ ایران اور پاکستان کے درمیان تجارت کو سالانہ 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

اسرائیل کے خلاف کارروائی پر زور

ایران اور پاکستان نے مشترکہ اعلامیے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے اسرائیل کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی ریاست نے ’غیر قانونی طور پر‘ پڑوسی ممالک اور غیر ملکی سفارتی مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پاکستان کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ مشترکہ بیان مشرق وسطیٰ میں بڑھتے ہوئے تناؤ کے دوران ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے تین روزہ دورے کے بعد جاری کیا گیا۔

ایران اور پاکستان نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا: ’اس بات کو تسلیم کرتے ہوئے کہ اسرائیلی حکومت کی افواج کا غیر ذمہ دارانہ عمل پہلے سے ہی غیر مستحکم خطے میں ایک بڑا اضافہ تھا، دونوں ممالک اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسرائیلی حکومت کو خطے میں اس کی مہم جوئی اور اس کے پڑوسیوں پر حملہ کرنے جیسی اس کی غیر قانونی کارروائیوں سے روکے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان