چاند پر اشتہارات چلانے کا منصوبہ

2040 تک چاند سے وابستہ معیشت 120 ارب پاؤنڈ تک پہنچنے کی پیش گوئی۔

ایسٹرولیب روور کو 2026 میں سپیس ایکس راکٹ کے ذریعے چاند پر بھیجا جائے گا (ایسٹرولیب)

ایک امریکی خلائی سٹارٹ اپ تخلیقی ایجنسی کے ساتھ ایک معاہدے کے بعد چاند پر اشتہاروں کے لیے جگہ فروخت کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔

کیلیفورنیا میں قائم ایسٹرولیب کا سپیس ایکس کے ساتھ پہلے ہی ایک معاہدہ ہو چکا ہے، جس کے تحت وہ جدید سٹار شپ راکٹ کے ذریعے زمین کے قدرتی سیٹلائٹ میں جیپ کے سائز کی اپنی روور بھیجے گا۔

فلیکس مون روور 2026 کے اوائل میں لانچ ہوسکتا ہے۔ تاہم سٹار شپ راکٹ اور چاند گاڑی دونوں ابھی تیاری کے مراحل میں ہیں۔

ایسٹرولیب اور ایجنسی گروپ آف ہیومنز کے درمیان ایک معاہدے سے برانڈز کو چاند کی بگی پر اشتہارات لگانے کا موقع ملے گا۔

گروپ آف ہیومنز کے بانی روب نوبل نے ٹائمز کو بتایا کہ ’برانڈز خلا جیسی جگہوں پر اپنے اشتہار چلا کر توجہ حاصل کر سکتے ہیں، جہاں فضا نہیں اور کشش ثقل کمزور ہے۔

’انتہائی حالات میں اپنی مصنوعات کی جانچ کر کے، آپ سیکھ سکتے ہیں اور گاہکوں کو دکھا سکتے ہیں کہ وہ کتنی پائیدار ہیں۔‘

ایسٹرولیب کا دعویٰ ہے کہ اس کا روور چاند پر سفر کرنے والا اب تک کا سب سے بڑا اور قابل ترین روور ہے، جو 1.5 ٹن سامان لے جانے اور 24 کلومیٹر فی گھنٹہ (15 میل فی گھنٹہ) تک سفر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سٹارٹ اپ کا خیال ہے کہ اس گاڑی کو چاند پر انسانی بستی قائم کرنے میں مدد کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

ناسا کو امید ہے کہ وہ اپنے آرٹیمس مشن کے حصے کے طور پر چاند پر مستقل موجودگی قائم کرے گا۔

یورپی خلائی ایجنسی کے اندازوں کے مطابق 2040 تک چاند سے وابستہ معیشت کا حجم 142 ارب یورو تک پہنچ سکتا ہے۔

یہ پہلی کمپنی نہیں جس نے خلا میں اشتہارات لگانے کی تجویز پیش کی ہے۔ 2019 میں سافٹ ڈرنکس بنانے والی کمپنی پیپسی کو نے کہا تھا کہ اس کے روسی ماتحت ادارے نے خلائی سٹارٹ اپ سٹارٹ راکٹ کے ساتھ شراکت داری پر اتفاق کیا ہے۔

خیال یہ تھا کہ کمپنی کے لوگو کو زمین کے نچلے مدار میں دکھانے کے لیے بہت سارے مائیکرو سیٹلائٹس استعمال کیے جائیں گے تاکہ وہ زمین کے وسیع حصوں میں نظر آئے۔

اس تجویز کے نتیجے میں کچھ لوگوں نے پیپسی کو کی مصنوعات کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا تاکہ ملٹی نیشنل کارپوریشن کو ’خلائی آلودگی‘ پیدا کرنے سے روکا جاسکے۔

پیپسی کو نے آخر کار مدار میں بل بورڈ استعمال کرنے کا منصوبہ ترک کردیا۔ تاہم سٹارٹ راکٹ سٹارٹ اپ اب بھی منصوبے پر کام کرتا دکھائی دیتا ہے۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سائنس