برازیل ورلڈ کپ سے باہر، کروئیشیا سیمی فائنل میں

قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ کے پہلے کوارٹر فائنل میں کروئیشیا نے اپ سیٹ کرتے ہوئے برازیل کو عالمی کپ سے باہر کر دیا ہے۔

کروئیشیا نے پینلٹی شوٹ آؤٹ میں برازیل کو شکست دی (اے ایف پی)

قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ کے پہلے کوارٹر فائنل میں کروئیشیا نے اپ سیٹ کرتے ہوئے برازیل کو عالمی کپ سے باہر کر دیا ہے۔

فٹ بال ورلڈ کپ میں جمعے کو کھیلے جانے والے پہلے کوارٹر فائنل میں کروئیشیا نے عالمی نمبر ایک برازیل کو سخت مقابلے کے بعد پینلٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دی۔

دونوں ٹیموں نے مقررہ وقت کے دوران انتہائی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا جہاں دونوں ہی ٹیموں کو گول کرنے کے چند مواقعے بھی ملے مگر وہ اس سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔

جس کے بعد اضافی وقت دیا گیا۔ اضافی وقت کے ابتدائی 15 منٹ کا آغاز ہوا تو ایسا لگ رہا تھا کہ یہ میچ بھی مراکش اور سپین کے درمیان میچ کی طرح پینلٹی شوٹ آؤٹ کی طرف ہی جا رہا ہے۔

مگر ایسا نہیں ہوا اور بڑی ٹیم کے بڑے کھلاری نیمار نے بڑی عمدگی سے گیند کروئیشین گول میں پھینک دی۔

یہ نیمار کا 77واں گول تھا جس کے ساتھ انہوں نے برازیل کی جانب سے 77 ہی گول کرنے والے لیجنڈ پیلے کا ریکارڈ برابر کر دیا ہے۔

اس موقع پر کھیل برازیل کے ہاتھ میں چلا گیا تھا لیکن ایکسٹرا ٹائم کے دوسرے ہالف میں کروئیشیا کو اچانک سے ایک موقع ملا جسے اس نے پچھلے مواقعوں کی طرح ضائع نہیں کیا اور برونو پیٹکووچ نے ایک عمدہ گول کر کے میچ ایک، ایک سے برابر کر دیا۔

اضافی وقت میں بھی مقابلہ برابری پر ختم ہونے کے بعد بات آئی پینلٹی شوٹ آؤٹ کی جہاں برازیل بھی سپین کی طرح وہ کھیل پیش نہ کر سکا جس کے لیے دنیا انہیں چاہتی ہے۔

پورے میچ کی پینلٹی شوٹ آؤٹ میں بھی کروئیشیا کے گول کیپر چھائے رہے اور انہوں نے برازیل کی طرف سے گول کرنے کی کوششوں کو ناکام بنا کر اپنی ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچا دیا۔

ان میں سے ایک موقع وہ تھا جب برازیلین کھلاڑی نے شوٹ لگائی جو گول پوسٹ سے ٹکرا کر باہر چلی گئی اور اسی کے ساتھ برازیلین فینز کی امیدیں بھی دم توڑ گئیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

برازیل کے مقابلے میں کروئیشیا نے ایک بھی پینلٹی ضائع نہیں کی اور اپنی ابتدائی چاروں کوششوں پر گول کیے۔

نکولا ولاسچ، لوورو مائر، موڈرچ اور اورسچ نے کروئیشیا کی جانب سے گول کیے جبکہ برازیل کی جانب سے روڈریگو اور مرینوس گول کرنے میں ناکام رہے۔ اگر ان میں سے ایک بھی کھلاڑی گول کر دیتا تو برازیل کی جانب سے آخری پینلٹی لینے نیمار آتے، لیکن ایسا ہو نہ سکا۔

کروئیشیا کے گول کیپر ڈومینک لواکووچ کے عمدہ کھیل کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ میچ میں برازیل کی جانب سے گول پر 19 حملے کیے گئے جن میں سے 11 آن ٹارگٹ یعنی سیدھے گول پر تھے لیکن لواکووچ نے ان تمام کوششوں میں سے صرف ایک ہی کو بچانے میں ناکام رہےتھے۔

اس سے قبل قطر میں جاری اسی ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 16 یعنی آخری 16 ٹیموں کے درمیان ہونے والے مقابلوں میں مراکش کے گول کیپر نے بھی پینلٹی شوٹ آؤٹ میں سپین کی ہر کوشش کو ناکام بنا دیا تھا۔

کرئیشیا کا مقابلہ اب جمعے ہی کی شب کھیلے جانے والے دوسرے کوارٹر فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔ دوسرے کوارٹر فائنل میں ارجنٹینا کا سامنا نیدر لینڈز سے ہونے جا رہا ہے۔

اب تک اس ورلڈ کپ سے باہر ہونے والی بڑی ٹیموں میں جرمنی، سپین کے ساتھ برازیل کا نام بھی شامل ہو گیا ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی فٹ بال