ایشین گیمز: فائنل میں پاکستان اور انڈیا آمنے سامنے

پاکستان کی ٹیم نے نو گیندیں قبل ہی چار وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز کا ہدف حاصل کر لیا۔

پاکستان کی ٹیم نے نو گیندیں قبل ہی چار وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز کا ہدف حاصل کر لیا (پی سی بی)

ایشین گیمز کے مردوں کے کرکٹ مقابلوں میں دفاعی عالمی چیمپئن انڈیا اور روایتی حریف پاکستان فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے، کیونکہ دونوں ٹیموں نے جمعرات کو جاپان میں اپنے سیمی فائنل آسانی سے جیت لیے۔

پاکستان نے بنگلہ دیش کو چھ وکٹوں سے شکست دی جبکہ انڈیا نے سری لنکا کو 124 رنز کے بھاری مارجن سے ہرایا۔ اس طرح دونوں ٹیموں کے درمیان ہفتے کے روز ناگویا کے کوروگی ایتھلیٹک پارک سٹیڈیم میں ایک سنسنی خیز گولڈ میڈل مقابلے کی راہ ہموار ہو گئی۔

ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انڈیا نے تیزی سے ٹرن لینے والی پچ پر سات وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے، جو ایک مشکل ہدف ثابت ہوا۔

جواب میں سری لنکا کی ٹیم ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار رہی اور بغیر کوئی رن بنائے دو وکٹیں گنوا بیٹھی۔ تین رن آؤٹس سمیت افراتفری کا شکار سری لنکن اننگز 10 اوورز بھی مکمل نہ کر سکی اور پوری ٹیم صرف 45 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

یہ مردوں کی ٹی20 بین الاقوامی کرکٹ میں سری لنکا کا سب سے کم سکور ہے، جو 2024 میں نیویارک میں جنوبی افریقہ کے خلاف بنائے گئے 77 رنز سے بھی کم ہے۔

سری لنکا نے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، لیکن اسے ایشین گیمز میں ڈیبیو کرنے والے 15 سالہ بھارتی اوپنر ویبھ سووریہ ونشی کی جارحانہ بیٹنگ کا سامنا کرنا پڑا۔

آئی پی ایل کے رواں سیزن میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے اس بے خوف نوجوان نے صرف 21 گیندوں پر 38 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں چھ چوکے اور دو شان دار چھکے شامل تھے۔ تاہم وہ بیک ورڈ پوائنٹ پر ایک تیز کیچ دے کر آؤٹ ہو گئے۔

اس سے قبل پاکستان نے ایشین گیمز کرکٹ ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں جمعرات کو بنگلہ دیش کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی تھی۔

بنگلہ دیش نے نِشِن، جاپان کے کورُوگی سپورٹس پارک میں کھیلے گئے 13 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنائے تھے۔ بارش کے باعث میچ 13 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔

حسن نواز اور عبدالصمد کے درمیان 59 رنز کی شاندار شراکت نے پاکستان کی فتح  کو یقینی بنایا اور پاکستان نے 9 گیندیں قبل ہی چار وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔پاکستان کی جانب سے سفیان مقیم نے 3، ارافت منہاس نے 2 جبکہ صائم ایوب نے ایک وکٹ حاصل کی۔

یہ ایشین گیمز کے مردوں کے کرکٹ مقابلے کا پہلا سیمی فائنل ہے۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث ٹاس بھی تاخیر سے ہوا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اگر بارش یا کسی اور وجہ سے سیمی فائنل ایک گیند بھی کرائے بغیر منسوخ ہوجاتا ہے تو پاکستان ٹورنامنٹ کی پلیئنگ کنڈیشنز کے تحت بہتر رینکنگ رکھنے والی ٹیم ہونے کی وجہ سے فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گا۔

اس سے قبل پاکستان ہانگ کانگ کے خلاف کوارٹر فائنل بارش کی نذر ہونے کے بعد سیمی فائنل میں پہنچا، جبکہ بنگلہ دیش بھی ملائیشیا کے خلاف کوارٹر فائنل بارش کے باعث منسوخ ہونے کے بعد اگلے مرحلے میں پہنچا۔ 

نِشِن میں مردوں کے کرکٹ ٹورنامنٹ پر موسم حاوی رہا ہے۔ پاکستان، بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش چاروں ٹیمیں کوارٹر فائنلز میں ایک بھی گیند کھیلے بغیر سیمی فائنل میں پہنچیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ