بلوچستان: مسافر بس اور گیس ٹینکر میں تصادم سے 10 اموات، 27 زخمی

 کوسٹل ہائی وے پولس کے مطابق یہ حادثہ بس ڈرائیور کی جانب سے تیز رفتاری کے ساتھ اوورٹیک کرنے کی کوشش کے باعث پیش آیا۔

   بلوچستان میں 19 اکتوبر، 2026 کو مائع قدرتی گیس (ایل این جی) لے جانے والے ٹینکر سے ٹکرانے والی مسافر بس کا جلا ہوا ڈھانچہ (کوسٹل ہائی وے پولیس)

بلوچستان کی ساحلی شاہراہ پر جمعرات کو ایک مسافر بس اور مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) لے جانے والے ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں تین بچوں سمیت کم از کم 10 افراد جان سے گئے اور 27 زخمی ہوئے۔

پاکستان کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان میں ٹریفک حادثات معمول بن چکے ہیں، جہاں لاپرواہ ڈرائیونگ، سڑکوں کی خستہ حالی اور دشوار گزار راستے اکثر جان لیوا حادثات کا باعث بنتے ہیں۔

تازہ ترین حادثہ این-10 ساحلی شاہراہ (مکران کوسٹل ہائی وے) پر پیش آیا، جو بندرگاہی شہر کراچی کو ایرانی سرحد کے قریب واقع بلوچستان کے شہر گوادر سے ملاتی ہے۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

پولیس کے مطابق مسافر بس تربت سے کراچی جا رہی تھی اور ایل پی جی باؤزر کراچی سے 250 بارڈر کی جانب جا رہا تھا۔

ساحلی قصبے اورماڑہ سے تقریباً 60 کلومیٹر کے فاصلے پر تاجی کور کے قریب بس ایل پی جی ٹینکر سے جا ٹکرائی۔

کوسٹل ہائی وے پولیس کے سپرنٹنڈنٹ اسلم بنگلزئی نے ابتدائی طور پر بتایا تھا کہ ’اس ہولناک ٹریفک حادثے میں پانچ مسافروں اور ایل پی جی باؤزر کے دو ڈرائیوروں سمیت سات افراد کی موت ہوئی۔‘

بعد ازاں، انہوں نے تصدیق کی کہ امدادی کارکنوں نے بس کے ملبے سے مزید تین لاشیں نکال لی ہیں، جس کے بعد تین بچوں سمیت اموات کی مجموعی تعداد 10 ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا، ’یہ حادثہ بس ڈرائیور کی جانب سے تیز رفتاری کے ساتھ اوورٹیک کرنے کی کوشش کے باعث پیش آیا۔‘

 ایس پی کوسٹل ہائی وے اسلم بنگلزئی نے تازہ تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مسافر بس میں مجموعی طور پر 48 افراد سوار تھے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

بنگلزئی نے خدشہ ظاہر کیا کہ اموات کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ امدادی کارکن بس کے جلے ہوئے ملبے میں تلاشی کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔

تصادم کے باعث دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں مسافر بس مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئی۔

انڈپینڈنٹ اردو کی جانب سے دیکھی گئی حادثے کی فوٹیج میں جلتی ہوئی بس اور ٹینکر سے دھوئیں کے سیاہ بادل اٹھتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ خواتین اور بچوں سمیت 27 زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اورماڑہ میں پاک بحریہ کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، تاہم ان کی حالت کے بارے میں فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکا۔

بلوچستان میں حالیہ برسوں کے دوران کئی جان لیوا ٹریفک حادثات پیش آ چکے ہیں، جن کی بنیادی وجوہات میں تیز رفتاری، غیر محفوظ اوورٹیکنگ اور سڑکوں کے ناکافی انفراسٹرکچر کو قرار دیا جاتا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

رواں سال جولائی میں صوبے کے ایک پہاڑی ضلع میں مسافروں سے کھچا کھچ بھری ایک بس کھائی میں جا گرنے سے کم از کم 40 افراد کی اموات اور آٹھ زخمی ہو گئے تھے۔

اکتوبر 2025 میں این-25 شاہراہ پر مسافر گاڑیوں کے درمیان ہونے والے ایک اور تصادم میں خواتین سمیت 12 افراد جان سے گئے اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔

اس تازہ حادثے نے ایک بار پھر بلوچستان کی بڑی شاہراہوں پر ٹریفک کی حفاظت سے متعلق خدشات کو جنم دیا ہے، جو دور دراز علاقوں کو تجارتی مراکز اور سرحدی گزرگاہوں سے ملانے والے اہم سفری راستے ہیں۔

حکومت بلوچستان نے تاجی چیک پوسٹ کے قریب پیش آنے والے اس المناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کو زخمیوں کے علاج معالجے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے اور فوری طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان