لاہور میں مالی حالات سے پریشان ایک سٹیج فنکار اعظم راہی عرف بھولا مغل نے دو دن قبل خود سوزی کر لی۔
اعظم کے بھائی عاصم راہی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ان کے بھائی گذشتہ آٹھ سال سے سٹیج تھیٹر پر کام کر رہے تھے جہاں ہر ڈرامے کے انہیں دس، بارہ ہزار روپے ملتے تھے۔ عاصم کے مطابق ان کی منگنی ماموں زاد کزن سے ہوئی تھی اور دو ماہ بعد شادی طے تھی۔
انہوں نے بتایا کہ کرونا وبا کی وجہ سے ایک سال تک بند رہنے کے بعد کچھ عرصہ پہلے جب تھیٹر واپس کھلے تو اعظم نے سکھ کا سانس لیا لیکن کرونا وبا کی تیسری لہر شروع ہونے کے بعد تھیٹر دوبارہ بند ہوگئے اور اعظم پھر سے بے روزگار ہو گئے۔
عاصم کے مطابق ان کے بھائی نے چند دن پہلے اپنے مالی حالت کی شکایت کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کا گزارا مشکل ہے اور چونکہ شادی بھی قریب ہے لہٰذا پتہ نہیں آگے زندگی کیسے گزرے گی۔
عاصم نے بتایا کہ ان کے بھائی بہت اداس اور پریشان تھے اور جب گھر والوں نے شادی کی شاپنگ کے لیے ان سے پیسے مانگے تو وہ دل برداشتہ ہوگئے۔
ان کے مطابق وہ چار بھائی ہیں اور گرین ٹاؤن میں چھوٹے سے گھر میں رہتے ہیں۔ واقعے والے دن باقی تین بھائی جب کام پر چلے گئے اور خواتین بھی اپنے کاموں میں مصروف تھیں تو اعظم نے موبائل کیمرے کی ریکارڈنگ آن کی اور خود پر پیٹرول چھڑک کر زندگی ختم کر لی۔
عاصم کے مطابق انہوں نے یہ ویڈیو اعظم کے دیگر ساتھی فنکاروں سے شیئر کی تو انہوں نے اپنے حالات لوگوں کو دکھانے کے لیے اسے وائرل کر دیا۔ عاصم نے بتایا کہ اعظم تنگ دستی کے باعث محکمہ کلچر وثقافت الحمرا تھیٹر حکام کے پاس بھی گئے تھے لیکن کسی نے ان کی نہیں سنی۔
انہوں نے کہا کہ اب حکام امداد کے بیانات دے رہے ہیں مگر اس کا کیا فائدہ، اعظم واپس تو نہیں آئیں گے، یہی مدد اگر پہلے کر دی جاتی تو اعظم خودکشی نہ کرتے۔
اعظم کی وفات پر لاہور کے سٹیج اداکار تشویش میں مبتلا ہیں۔ معروف کامیڈین طاہر انجم نے اس واقعے پر ردعمل میں کہا کہ ہم فنکاروں نے الحمرا آرٹس کونسل لاہور کو متعدد بار درخواستیں دی کہ اداکار مالی مشکلات کا شکار ہیں لہٰذا کرونا ایس او پیز کے تحت تھیٹروں کو کھولنے کی اجازت دی جائے لیکن ہماری درخواست مسترد کر دی گئی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
طاہر کے مطابق تھیٹر پر کام کرنے والے تمام فنکار بے روزگاری سے تنگ آچکے ہیں، حکومت اعظم کی خود سوزی پر افسوس تو کر رہی ہے لیکن مالی مدد کو تیار نہیں۔
انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر یہی حالات رہے تو مزید غریب اداکار خود کشیوں پر مجبور ہوجائیں گے۔
صوبائی وزیر ثقافت پنجاب خیال احمد کاسترو نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ انہوں نے اعظم راہی کے اہل خانہ سے رابطہ کر کے اظہار افسوس کیا اور ان کی مالی امداد کی بھی یقین دہانی کرائی۔
ان کے مطابق کرونا وبا پوری دنیا میں انسانی جانوں کے لیے خطرہ بن چکی ہے، جب حالات بہتر ہوئے تو تھیٹر کھول دیے گئے تھے مگر اب تیسری لہر کے دوران این سی او سی کے فیصلوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے انہیں دوبارہ بند کر دیا گیا۔
’ہمیں فنکاروں کی مالی مشکلات کا اندازہ ہے۔ ہم اپنے وسائل کے مطابق ان کی مدد بھی کر رہے ہیں لیکن اس عالمی وبا کے دوران سب کو مل کر مشکلات سے نکلنے کا راستہ تلاش کرنا ہوگا۔‘