پاکستان اور ترکی کی سعودی عرب پر حوثی حملوں کی مذمت، دفاعی تعاون جاری رکھنے کا عزم

پاکستان اور ترکی نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے علاقائی سلامتی کے معاملات پر قریبی رابطہ کاری جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے 23 اکتوبر، 2026 کو استنبول میں ترکی کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے ملاقات کی(دفتر خارجہ پاکستان)

پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے 23 اکتوبر کو استنبول میں ترکی کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے ملاقات کی، جس میں سعودی عرب پر حوثی حملوں، مشرق وسطیٰ کی صورت حال اور علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی شدید مذمت کی اور علاقائی امور پر قریبی رابطہ کاری جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

پاکستان، سعودی عرب اور ترکی نے سات اگست 2026  کو سعودی شہر مکہ میں مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے جس کے تحت تینوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کسی ایک رکن ملک پر مسلح حملے کو تمام رکن ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان، ترکی، سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ نے جمعے کو استنبول میں ہونے والے آر فور (R4) گروپ کے چھٹے اجلاس میں سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے خطے میں پائیدار امن، سلامتی اور استحکام کے لیے سفارتی کوششیں آگے بڑھانے پر زور دیا ہے۔

اجلاس میں پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، ترکی کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان، سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود اور مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ نے نیویارک میں ہونے والی اپنی گزشتہ ملاقات کے بعد خطے میں پیش آنے والی تبدیلیوں کا جائزہ لیا۔

بات چیت میں خاص طور پر مشرق وسطیٰ کی صورت حال، علاقائی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور جاری تنازعات پر توجہ دی گئی۔

اجلاس میں شریک وزرائے خارجہ نے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

چاروں ممالک نے سعودی عرب کو نشانہ بنانے والے حوثیوں کے حملوں کی مذمت کی اور ریاستوں کی خودمختاری کے احترام کی اہمیت پر زور دیا۔

اجلاس میں وزرائے خارجہ نے علاقائی سطح پر رابطہ کاری اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعات کے تناظر میں پائیدار امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے سفارتی کوششیں آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے دفاعی معاہدے کو خطے میں اجتماعی سلامتی کے اہم ترین نئے انتظامات میں سے ایک قرار دیا گیا۔

اس اتحاد نے پانچ اکتوبر کو ریاض میں اپنی سٹریٹجک، سیاسی اور دفاعی کمیٹی کے ہنگامی اجلاس کے دوران نعمان محمود کی بطور سیکریٹری جنرل تقرری کا اعلان کیا تھا۔

اس اجلاس میں تینوں ممالک نے معاہدے کے تحت طے شدہ فوجی دستوں اور دفاعی صلاحیتوں کو سعودی عرب میں فوری تعیناتی کے لیے تیار رکھنے پر بھی اتفاق کیا تھا۔

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان