سابق وزیراعظم عمران خان نے پیر کو اپنی صحت کی مبینہ طور پر تیزی سے بگڑتی صورت حال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالات انہیں ایسی جگہ لے جا رہے ہیں ’جہاں سے شاید میں زندہ واپس نہ آ سکوں۔‘
تاہم ان کا کہنا ہے کہ وہ عدالتوں سے کوئی خصوصی رعایت نہیں مانگ رہے بلکہ صرف سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد اور اپنے اور اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے مناسب طبی علاج کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
اڈیالہ جیل سے اپنے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے وفاقی آئینی عدالت (ایف سی سی)، سپریم کورٹ (ایس سی) اور اسلام آباد ہائی کورٹ (آئی ایچ سی) کے چیف جسٹس صاحبان کے نام جاری کھلے خط میں عمران خان نے دعویٰ کیا کہ طویل تنہائی کے باعث ان کا بلڈ پریشر خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے اور 10 نومبر کو 192 اور 193 تک ریکارڈ کیا گیا۔ ان کے مطابق ڈاکٹروں نے انہیں دماغ میں خون رسنے اور دل کا دورہ پڑنے کے شدید خطرے سے آگاہ کیا ہے جبکہ ان کے دل کو بھی نقصان پہنچ چکا ہے۔
وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پیر کو آئینی عدالت کو لکھے گئے خط پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا کر جیل میں نہیں رکھا گیا بلکہ وہ 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں سزا کے بعد قید کاٹ رہے ہیں۔
ایکس پر اپنے بیان میں طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی بانی کی جانب سے پاکستان کے چیف جسٹس کو لکھا گیا خط حقائق کے برعکس ہے اور بظاہر سیاسی مقاصد حاصل کرنے کی کوشش ہے۔
The letter written by PTI founder Imran Khan to the Chief Justices of Pakistan is contrary to the facts and appears to be an attempt to achieve political objectives. Those who once taunted others over seeking an NRO are now seeking relief themselves. However, any relief for Imran Khan can only come through the courts. Imran Khan is not in prison due to political victimisation; he is serving a sentence following his conviction in the £190 million corruption case. This case involves serious allegations and evidence of financial irregularities and loss to the national exchequer. The £190 million was supposed to be deposited into Pakistan's national treasury but was instead transferred to an account associated with Malik Riaz. In return, the PTI founder allegedly received 450 kanals of land as a gift. Claims regarding the denial of medical facilities, treatment and other basic amenities in prison are also contrary to the facts. Imran Khan is being provided with the necessary facilities, including meals of his choice, books and television. In fact, he is currently among the most privileged prisoners in Pakistan. His health is reviewed and monitored weekly by qualified medical specialists. Whenever required, he is also examined at leading medical facilities outside the prison. He has been taken to PIMS Hospital eight times for medical examinations, where doctors declared his health satisfactory. A doctor from London, who also practises in Pakistan, was specifically called to examine his blood pressure. According to the medical assessments, his blood pressure is satisfactory. It is the government's responsibility to ensure proper healthcare, medical supervision and protection of the legal rights of Imran Khan, just as it is for every other prisoner. The government has neither neglected his medical care in the past nor will it allow any negligence in the future. PTI should refrain from turning a sensitive matter like Imran Khan's health into a political propaganda campaign and should instead present facts responsibly. Political narratives cannot overturn legal proceedings or provide anyone with an escape from legal accountability.
— Dr. Tariq Fazal Ch. (@DrTariqFazal) November 16, 2026
انہوں نے کہا: ’جو لوگ کبھی دوسروں کو این آر او مانگنے پر طعنے دیتے تھے، آج خود ریلیف کے طلب گار ہیں۔ تاہم عمران خان کو کسی بھی قسم کا ریلیف صرف عدالتوں کے ذریعے ہی مل سکتا ہے۔‘
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ عمران خان کو 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں سزا ہوئی ہے، جس میں مالی بے ضابطگیوں اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے سنگین الزامات اور شواہد موجود ہیں۔
ان کے بقول: ’190 ملین پاؤنڈ پاکستان کے قومی خزانے میں جمع ہونا تھے، لیکن اس کے بجائے یہ رقم ملک ریاض سے منسلک ایک اکاؤنٹ میں منتقل کر دی گئی۔ اس کے بدلے میں مبینہ طور پر پی ٹی آئی کے بانی کو 450 کنال اراضی تحفے میں ملی۔‘
وزیر مملکت نے جیل میں عمران خان کو طبی سہولیات، علاج اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم نہ کیے جانے کے دعوؤں کو بھی حقائق کے منافی قرار دیا۔
خط میں عمران خان نے مزید کہا: ’میری عمر 74 برس ہے اور یہ مسلسل بگڑتی ہوئی صورت حال مجھے ایسی جگہ لے جا رہی ہے جہاں سے شاید میں زندہ واپس نہ آ سکوں۔‘
سابق وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ 20 دسمبر 2025 کو توشہ خانہ مقدمے کا فیصلہ سنائے جانے کے بعد انہیں مکمل طور پر تنہا کر دیا گیا اور روزانہ 22 گھنٹے تک تنہائی میں رکھا جانے لگا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں خاندان، وکلا اور بیٹوں سے رابطے سمیت کتابوں اور ٹیلی ویژن تک رسائی سے بھی محروم رکھا گیا۔
تاہم حکومت کا موقف رہا ہے کہ عمران خان کو قید میں جو قانونی سہولتیں ملنی چاہیے وہ دی جا رہی ہیں۔
عمران خان کے مطابق 10 فروری 2026 کو کئی ماہ بعد وکیل سے ملاقات کے وقت ان کی دائیں آنکھ کی بینائی 85 فیصد تک متاثر ہو چکی تھی، مگر ان کے خاندان اور قانونی ٹیم کو اس بارے میں آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ جیل کے میڈیکل بورڈ نے بھی ان کی ذہنی صحت پر تنہائی کے منفی اثرات اور بے چینی کی کیفیت ریکارڈ کرتے ہوئے اہل خانہ سے زیادہ باقاعدہ ملاقاتوں، مطالعے کے مواد اور ٹیلی ویژن کی سہولت کی سفارش کی، تاہم اس پر عمل نہیں ہوا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
خط میں عمران خان نے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق اپریل 2026 میں بشریٰ بی بی کی آنکھ کے ریٹینا کی جھلی الگ ہونے کے بعد ان کی پیچیدہ سرجری ہوئی تھی، جبکہ اب مزید علاج نہ ہونے کی صورت میں ان کی بینائی مستقل طور پر متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
تحریک انصاف کے بانی نے کہا کہ ان کی سب سے بڑی پریشانی اپنی صحت سے زیادہ اہلیہ کی بگڑتی ہوئی بینائی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بشریٰ بی بی کے طبی ریکارڈ فراہم نہیں کیے جا رہے اور نہ ہی ان کے ڈاکٹروں کو مناسب رسائی دی جا رہی ہے۔
عمران خان کے مطابق سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے 18 اگست 2026 کو جیل کی رپورٹ کی بنیاد پر انہیں دو روز کے اندر شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے اور ماہرین قلب اور امراض چشم سمیت میڈیکل بورڈ سے معائنہ کرانے کا حکم دیا تھا۔ ان کے بقول عدالت نے خاندان کے ساتھ ہفتہ وار ملاقات اور بیٹوں سے ہفتے میں دو بار بات کرنے کی اجازت دینے کی بھی ہدایت کی تھی، لیکن ان احکامات پر تاحال عمل درآمد نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف ان کی صحت، اہلیہ کی بینائی اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد کے معاملات زیر التوا ہیں جبکہ دوسری جانب القادر مقدمے کی اپیل کو پرانی اپیلوں سے پہلے سماعت کے لیے مقرر کیا جا رہا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ انہوں نے ماضی میں بیماری کو قانونی ریلیف حاصل کرنے کے لیے استعمال نہیں کیا اور اپنے خلاف مقدمات کا عدالتوں میں مقابلہ کیا ہے۔
’میں آپ کی عدالتوں سے کوئی خصوصی رعایت نہیں مانگ رہا۔ میری واحد درخواست یہ ہے کہ معزز سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد کیا جائے اور ہماری طبی حالت کے مطابق مناسب علاج فراہم کیا جائے۔‘
انہوں نے خط کے اختتام پر کہا، ’اگر میں زندہ رہا تو اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے قابل رہوں گا۔ میں آپ کی عدالتوں سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اپیل کرتا ہوں کہ بہت دیر ہونے سے پہلے مجھے انصاف فراہم کیا جائے۔‘
تحریک انصاف کے رہنما ذوالفقار بخاری کا اس خط کے بارے میں کہنا تھا کہ ’کسی بھی قیدی کو یہ خوف نہیں ہونا چاہیے کہ ضروری طبی علاج ملنے تک بہت دیر ہو جائے گی۔ ان خدشات پر اب عملی اقدام کی ضرورت ہے، مزید یقین دہانیوں کی نہیں۔‘
خط میں بتائے گئے طبی، عدالتی اور جیل سے متعلق دعووں پر جیل انتظامیہ یا متعلقہ حکام کا مؤقف سامنے نہیں آسکا ہے۔