پشاور میں پہلی مرتبہ پی ایس ایل میچ اور افتتاحی تقریب

دوسری جانب خیبر پختونخوا کے گورنر نے پشاور کے تاریخی کرکٹ سٹیڈیم کا نام عمران خان سٹیڈیم سے بدل کر واپس ارباب نیاز سٹیڈیم رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی ایس بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے پیر کو اعلان کیا کہ صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں پہلی مرتبہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی افتتاحی تقریب اور میچ منعقد کیا جائے گا۔

محسن نقوی نے پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل 2027 کے دیگر میچ بھی پشاور میں کرانے کا منصوبہ ہے اور اگر ابھی ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان کر دیا جائے تو وہ ہاتھوں ہاتھ فروخت ہو جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ جنوری میں پشاور میں قومی ٹیم، انڈر 19 اور شاہینز پر مشتمل سہ فریقی کرکٹ ٹورنامنٹ منعقد کیا جائے گا، جو ایک ہفتے تک جاری رہے گا۔

اس کے علاوہ 31 دسمبر کو پشاور میں ایک بڑی تقریب بھی منعقد کی جائے گی۔

محسن نقوی کے مطابق خیبر پختونخوا میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور اسے ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ کے مطابق گذشتہ سال بھی پشاور میں پی ایس ایل کے میچ کرانے کی بھرپور کوشش کی گئی تاہم باقاعدہ اعلان نہ ہونے کے باعث ایسا ممکن نہیں ہو سکا۔

عمران خان سٹیڈیم کا نام تبدیل

صوبہ خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے آج پشاور کے تاریخی کرکٹ سٹیڈیم کا نام عمران خان سٹیڈیم سے بدل کر واپس ارباب نیاز سٹیڈیم رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی صوبائی حکومت نے فروری 2025 میں اس سٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے عمران خان کرکٹ سٹیڈیم رکھا تھا۔

گذشتہ ماہ صوبے میں پی ٹی آئی کی حکومت ہٹا کر گورنر راج نافذ کر دیا گیا۔

صوبے کے گورنر کنڈی نے ایکس پر جاری بیان میں کہا یہ فیصلہ پشاور کی تاریخی شناخت اور ورثے کو محفوظ رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ’پی ٹی آئی نے اپنے 13 سالہ دور حکومت میں خیبر پختونخوا کے بے پناہ کھیلوں کے ٹیلنٹ کے باوجود ایک بھی نیا کرکٹ سٹیڈیم تعمیر نہیں کیا، تاہم پہلے سے موجود سٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے میں جلدی دکھائی۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بیان کے مطابق یہ معاملہ پشاور کی تاریخ، اس کے ورثے اور صوبے کے کھیلوں کے لیے حقیقی خدمات انجام دینے والی شخصیات کی خدمات کے اعتراف سے متعلق ہے۔

ارباب نیاز سٹیڈیم میں کئی ٹیسٹ اور ایک روزہ بین الاقوامی میچز کھیلے جا چکے ہیں۔

یہاں آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ، سری لنکا، انڈیا اور زمبابوے سمیت کرکٹ کھیلنے والے بڑے ممالک کی ٹیمیں آ چکی ہیں۔

یہ سٹیڈیم سابق وفاقی وزیر کھیل ارباب نیاز کے نام سے منسوب تھا، جو سابق چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا اور عمران خان حکومت میں وزیراعظم کے مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ ارباب شہزاد کے والد تھے۔

مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ