سیسیلین مافیا کے سربراہ میٹیو میسینا ڈینارو چل بسے: مقامی میئر

اے ایف پی کے مطابق اب سیسیلین مافیا  کے سربراہ میٹیو میسینا ڈینارو کی آخری رسومات کی تیاری کی جا رہی ہے اور اطالوی ذرائع ابلاغ کے مطابق انہیں ان کے والد کے پہلو میں دفن کیا جائے گا۔

اٹلی کے علاقے لاکیلا کے میئر پیئرلوئیجی بیونڈی نے تصدیق کی ہے ’اپنی بیماری کے دوران حالت خراب ہوجانے کے سبب‘ سیسیلین مافیا کے سربراہ میٹیو میسینا ڈینارو وسطی اٹلی کے ایک ہسپتال میں انتقال کر گئے ہیں۔

انہوں نے اس بات کی تصدیق اطالوی نیوز ایجنسی انسا کو ایک پیغام کے ذریقے کی ہے جس نے میٹیو میسینا ڈینارو کے انتقال کی خبر سب سے پہلے نشر کی تھی۔

فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق 61 سالہ میٹیو میسینا کولون کینسر کا شکار تھے اور جب وہ مفرور تھے تو اس دوران بھی انہوں نے اس مرض کا علاج کروانے کی کوشش کی تھی۔ تین دہائیوں تک مفرور رہنے کے بعد انہیں رواں برس جنوری میں گرفتار کیا گیا تھا۔

علاج کروانے کے سبب ہی وہ حکام کی نظروں میں آ گئے اور انہیں اطالوی جزیرے سیسلی کے شہر پالیرمو کے ایک کلینک سے گرفتار کر لیا گیا تھا۔

اے ایف پی کے مطابق اب ان کی آخری رسومات کی تیاری کی جا رہی ہے اور اطالوی ذرائع ابلاغ کے مطابق میٹیو میسینا کو ان کے والد کے پہلو میں دفن کیا جائے گا۔

سیسیلین مافیا کی کہانیوں کو دنیا بھر میں خوف کی علامت سمجھا جاتا تھا یعنی ایک ایسا گروہ جو اپنے راستے میں کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کرتا تھا۔

میسینا ڈینارو، کوسا نوسٹرا میں مافیا کے سب سے زیادہ بے رحم سربراہوں میں سے ایک کے طور پر جانے جاتے تھے اور جس طرح سیسیلین مافیا کو گارڈ فادر فلموں میں دکھایا جاتا ہے میسینا حقیقی زندگی میں اس کی ایک مثال تھے۔

میٹیو میسینا کو 1992 میں مافیا مخالف جج جیووانی فالکن کے قتل اور 1993 میں فلورنس اور میلان میں مہلک بم دھماکوں میں ملوث ہونے کا مجرم قرار دیا تھا۔

انہیں سنائی گئی عمر قید کی چھ سزاؤں میں سے ایک اس جرم میں بھی تھی کہ انہوں نے فالکن کیس میں ایک گواہ کے 12 سالہ بیٹے کو اغوا کے بعد قتل کر دیا تھا۔

میسینا ڈینارو 1993 کے موسم گرما میں غائب ہو گئے اور جب اطالوی ریاست نے سیسیلین مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کیا تو وہ اگلے 30 سال مفرور رہے۔

لیکن وہ اٹلی کو سب سے زیادہ مطلوب افراد کی فہرست میں پہلے نمبر پر رہے اور تیزی سے ایسی شخصیت بن گئے جن کے بارے میں لوگ جاننا چاہتے تھے۔

16 جنوری 2023 کو انہیں اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ ایک ہیلتھ کلینک میں علاج کے لیے گئے تھے، وہ اپنے اصلی نام کی بجائے جعلی شناخت کے ذریعے علاج کروا رہے تھے۔

انہیں وسطی اٹلی کے شہر لاکیلا کی ایک انتہائی سکیورٹی والی جیل میں رکھا گیا تھا جہاں ان کے سیل میں ان کے کینسر کا اعلاج بھی جاری رہا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اگست میں میسینا ڈینارو کو مقامی ہسپتال کے قیدیوں کی وارڈ میں منتقل کیا گیا تھا، جہاں حالیہ دنوں میں ان کی حالت خراب ہو گئی تھی۔

گذشتہ ہفتے کے آخر میں ذرائع ابلاغ میں رپورٹس آئی تھیں کہ وہ ’ناقابل علاج کوما‘ میں چلے گئے اور ڈاکٹروں نے انہیں کھانا کھلانا بند کر دیا تھا۔

میسینا ڈینارو کے فرار کے بعد یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ وہ بیرون ملک چلے گئے ہیں اور ممکنہ طور پر ان کی موت واقع ہوچکی ہے۔

لیکن ان کی گرفتاری کے بعد معلوم ہوا کہ وہ مغربی سیسلی میں اپنے آبائی شہر کاسٹیلویٹرانو کے قریب رہائش پذیر تھے۔

تفتیش کار میسینا ڈینارو کی تلاش میں برسوں سے سیسیلین دیہی علاقوں میں تلاش جاری رکھے ہوئے تھے اور ان کے اہل خانہ اور ان کے دوستوں کے ٹھکانوں کی تلاش اور وائر ٹیپنگ بھی کی جاتی رہی۔

اسی دوران ریکارڈ کی گئی گفتگو سے یہ معلوم ہوا ہے کہ ایک شخص آنکھوں کی بیماری سمیت صحت کے دیگر مسائل سے دوچار ہے۔

ان ہی معلومات کی بنیاد پر اطالوی اداروں نے محکمہ صحت کے ڈیٹا بیس کو استعمال کرتے ہوئے مرد مریضوں کے کوائف کی چھان بین شروع کردی اور طویل کوششوں کے بعد میٹیو میسینا کو گرفتار کر لیا گیا۔

ان کی گرفتاری سے ان کے متاثرین کو کچھ سکون ملا، لیکن اس مافیا باس نے ہمیشہ خاموشی اختیار کیے رکھی۔ گرفتاری کے بعد حراست میں لیے گئے انٹرویوز میں میسینا ڈینارو نے اس بات سے بھی انکار کیا کہ وہ کوسا نوسٹرا کے رکن ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا