منا بھائی ایم بی بی ایس بالی وڈ کی سب سے ہٹ فلموں میں سے ایک فلم تھی۔ راج کمار ہیرانی کی اس فلم نے سلور جوبلی کا درجہ حاصل کیا یعنی یہ 25 سالوں تک مسلسل سینیما گھروں کی زینت بنی رہی۔
ریلیز کے 26ویں ہفتے میں یہ فلم انڈیا بھر میں 300 سکرینز پر چل رہی تھی لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ 19 دسمبر 2003 کو ریلیز ہونے کے وقت سینیما گھر بالکل سنسان پڑے تھے جس سے فلم سازوں کو یقین ہو چلا تھا کہ ان کا سرمایہ ڈوبنے والا ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں فلم کے پروڈیوسر ودھو ونود چوپڑا نے راج کمار ہیرانی کے ردعمل کو یاد کرتے ہوئے بالی ووڈ ہنگامہ کو بتایا کہ ’منا بھائی ایم بی بی ایس کی ریلیز کے بعد خالی تھیٹرز دیکھ کر ہیرانی یہ سوچ سوچ کر پریشان تھے کہ میں نے بہت سارا سرمایہ ڈبو دیا ہے۔‘
ودھو ونود چوپڑا کے بقول: ’اس وقت میں نے راجو سے کہا یہ چھوٹی سی رقم ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اس سے کچھ نہیں لوں گا۔ میں نے کہا کہ کوئی بات نہیں ہم ایک اور فلم بنائیں گے۔ لیکن یہ ایک زبردست فلم ہے۔ اس وقت ہمارے پاس تقریباً چارکروڑ روپے تھے۔ میں ایک اور فلم بنانے کے بارے میں سوچ رہا تھا۔ مجھے پرواہ نہیں تھی کہ منا بھائی کامیاب ہوتی ہے یا نہیں۔ اگرچہ فلم نے پیر کے بعد عوام کی توجہ حاصل کرنا شروع کر دی تھی لیکن ویک اینڈ پر سیٹیں خالی تھیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس سے قبل کیلوگ سکول آف مینجمنٹ میں بات کرتے ہوئے راج کمار ہیرانی نے انکشاف کیا تھا کہ کس طرح تمل ناڈو کے ایک ڈسٹری بیوٹرز نے پہلے اس فلم کی ڈسٹریبوشن کے لیے رضامندی ظاہر کی لیکن پھر فلم دیکھنے کے بعد اس سے انکار کردیا۔
ہیرانی نے بتایا کہ فلم دیکھنے کے بعد محمد بھائی (تمل ڈسٹری بیوٹر) نے ہمیں بتایا کہ وہ یہ فلم نہیں لے سکتے کیونکہ کوئی بھی کہانی کو نہیں سمجھے گا۔ ان کی رقم واپس کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور یہ فلم کی ریلیز سے صرف تین دن پہلے کا واقعہ تھا۔
ودھو ونود چوپڑا کا کہنا تھا کہ ’میں نے اپنے ایک ایک ڈسٹری بیوٹر دوست شیام شراف کو فون کیا اور تمل ناڈو کے ایک بڑے تھیٹر میں منا بھائی کا ایک شو رکھا۔ انہوں نے مجھے ایک ہی شو دیا وہ بھی صبح 11:45 کا شو۔ لیکن بعد میں فلم نے صرف تمل ناڈو سے 1.67 کروڑ روپے کمائے۔‘
سنجے دت کی اداکاری والی فلم، جو ان کے والد سنیل دت کی آخری فلم بھی ہے، کو انڈین سنیما کی تاریخ میں انتہائی کامیاب فلم سمجھا جاتا ہے۔ اس فلم کا ایک سیکوئل، لگے رہو منا بھائی بھی تھا جو 2006 میں ریلیز ہوا تھا۔ اس سیکوئل کو بھی بڑے پیمانے پر پذیرائی ملی جس نے باکس آفس پر بڑی کامیابی سمیٹی۔
سنجے دت کے علاوہ منا بھائی ایم بی بی ایس میں ارشد وارثی، گریسی سنگھ، جمی شیرگل اور بومن ایرانی نے بھی مرکزی کردار ادا کیے تھے۔