سٹیٹ بینک آف پاکستان نے پیر کو ملک میں شرح سود میں ایک فیصد کمی کا اعلان کیا ہے جس سے وزیر اعظم شہباز شریف کے مطابق سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا۔
کراچی میں ایک نیوز کانفرنس میں مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر جمیل احمد نے شرح سود کو 13 فیصد سے کم کر کے 12 فیصد کر دیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے سٹیٹ بینک کی جانب سے پالیسی ریٹ میں ایک فیصد کمی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ’پالیسی ریٹ کا 12 فیصد پر آنا ملکی معیشت کے لیے خوش آئند ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ پالیسی ریٹ میں کمی سے پاکستانی معیشت پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا اور’پالیسی ریٹ میں کمی سے ملک میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا۔‘
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ کم افراط زر کی شرح کی بدولت پالیسی ریٹ میں کمی آئی ہے۔
مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے گورنر سٹیٹ بینک نے کہا کہ رواں برس ملک میں شرح نمو ساڑھے تین فیصد رہنے کی توقع ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آ رہی ہے اور اس وقت ذخائر 16.19 ارب ڈالر ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح میں بھی کمی آ رہی ہے اور رواں مالی سال میں مہنگائی کی شرح 5 سے 7 فیصد رہنے کی توقع ہے۔
رواں سال کے آغاز پر پاکستان کے ادارہ برائے شماریات نے کہا تھا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح کم ہو کر 4.1 فیصد رہ گئی ہے، جو گذشتہ ساڑھے چھ سال کی کم ترین سطح ہے۔
ستمبر میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے ملنے والی سات ارب ڈالر کی امداد کے بعد ملک کی معیشت بظاہر بحال ہوئی ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان نے دسمبر 2024 میں پالیسی ریٹ کو 200 بیسس پوائنٹس کم کر کے 13 فیصد کر دیا تھا، یہ جون کے بعد مسلسل پانچویں کمی تھی، جس سے 2024 میں مجموعی شرح سود میں 900 بیسس پوائنٹس کی کمی آئی تھی۔
حکومت پاکستان کی جانب سے حالیہ دنوں میں متعدد بار معیشت خصوصاً محصولات کے ہدف میں بہتری کے دعوے کیے گئے ہیں۔