شیف ریمزی کے ریستوران سے ’خوش قسمت‘ بلیوں کے ماڈل چوری

برطانوی شیف نے بتایا: ’یہ بلیاں چوری ہو رہی ہیں۔ صرف گذشتہ ہفتے 477 چوری ہوئیں۔ ہر ایک کی قیمت ساڑھے چار پاؤنڈ ہے۔‘

58 سالہ مشہور شیف گورڈن ریمزی (گورڈن ریمزی فیس بک اکاؤنٹ)

برطانوی شیف گورڈن ریمزی نے انکشاف کیا ہے کہ گاہک ان کے نئے جاپانی ریستوران سے خوش قسمتی کی علامت سمجھے جانے والے بلی کے ماڈلز چُرا کر لے گئے، جس سے انہیں ہزاروں پاؤنڈز کا نقصان پہنچا۔

58 سالہ مشہور شیف جو اپنی بدزبانی کے لیے مشہور ہیں، اس وقت اپنے ہی ریستوران میں ایک عجیب مسئلے کا سامنا کر رہے ہیں۔ لکی کیٹ 22 نامی ریستوران جو لندن کے بشپ گیٹ میں واقع ہے، میں بلیوں کے ایسے جاپانی ماڈل رکھے گئے جنہوں نے ایک ہاتھ اشارہ کرنے کے انداز میں فضا میں بلند کر رکھا ہے۔

گورڈن ریمزی نے آئی ٹی وی کے دا جوناتھن راس شو میں بتایا: ’یہ بلیاں چوری ہو رہی ہیں۔ صرف گذشتہ ہفتے 477 چوری ہوئیں۔ ہر ایک کی قیمت ساڑھے چار پاؤنڈ ہے۔‘

اس کا مطلب ہے کہ ایک ہفتے میں انہیں 2146 پاؤنڈ کا نقصان ہو چکا ہے۔

’مانیکی نیکو‘ ایک صدیوں پرانی جاپانی مورتی ہے، جو چھوٹی سی دم والی بلی ہوتی ہے۔ مانا جاتا ہے کہ یہ مالک کے لیے خوش قسمتی لاتی ہے۔

دنیا بھر میں اپنے 80 سے زیادہ ریستورانوں پر بات کرتے ہوئے ریمزی نے کہا کہ ’یہ تھوڑا خوفناک ہو جاتا ہے۔ خاص طور پر جب میں اس کی وسعت اور عالمی اثرات کے بارے میں سوچتا ہوں۔ ٹیم شاندار ہے اور ہر جگہ کچھ زبردست شیف بھی موجود ہیں۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’1998 میں جب میں نے ریستوران گورڈن ریمزی کھولا تو میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ یہ آج بھی قائم ہوگا۔ اس سال ہم نے تین سٹار مشیلن کے ساتھ 24 سال مکمل ہونے کا جشن منایا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شو میں مزید بات کرتے ہوئے ریمزی نے اپنی بیٹی ہولی ریمزی اور اولمپک تیراک ایڈم پیٹی کی آنے والی شادی کے بارے میں بھی گفتگو کی اور بتایا کہ وہ ’کرسمس ویڈنگ‘ کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیٹی، جو رقص کے مقابلے ’سٹرکٹلی کم ڈانسنگ‘ کے 19ویں سیزن میں حصہ لے چکے ہیں، نے شادی کی اجازت تو نہیں مانگی لیکن منگنی کے بارے میں ان سے بات ضرور کی۔

ریمزی نے مزید کہا: ’(ایڈم) کے مزاج میں بہت عاجزی ہے۔ وہ توجہ مرکوز رکھنے والے اور نظم وضبط کے پابند شخص ہیں۔ انہوں نے ہمیں کارن وال میں بٹھایا۔

’انہوں نے کہا کہ ’ہولی بہت شاندار خاتون ہیں۔ میں آپ کی دعا چاہوں گا۔ آپ کی اور ٹانا کی کہ (ہولی) کا ہاتھ مجھے دے دیں۔ یہ ایک طرح سے بہت شاندار لمحہ تھا۔ ہر چیز خاموش ہو گئی۔ ہم ان سے بہتر کسی شخص کو نہیں مانگ سکتے تھے۔‘

یوٹیوبر ہولی ریمزی اور تین بار کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ایڈم پیٹی نے ستمبر میں اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا۔ یہ اعلان اس وقت کیا گیا جب پیٹی نے دوسری بار پیرس اولمپکس میں حصہ لیا اور چاندی کا تمغہ جیتا۔

دوسری جانب سٹی آف لندن پولیس نے کہا ہے کہ انہیں ابھی تک ریستوران سے کسی بھی چوری کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا