پشاور سکول حادثہ، وزیر اعظم کا تحقیقات کا حکم

ایس ایس پی پولیس فرحان خان نے بتایا کہ سکول کے پرنسپل کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے پشاور کے ایک نجی سکول کی چھت گرنے سے بچوں سمیت 33 اموات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ’میں نے ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو بہترین ممکنہ طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ اس المناک واقعے کی مکمل تحقیقات یقینی بنائی جائیں گی اور ملک بھر کے سکولوں میں بچوں کی حفاظت کے لیے ہر ضروری اقدام کیا جائے گا۔‘

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے دیر کالونی میں ریسکیو حکام کے مطابق جمعرات کو نجی سکول کی چھت گرنے سے کم از کم 31 طلبہ اور دو ٹیچرز کی جان گئی جبکہ 40 زخمی ہوئے ہیں۔

ریسکیو 1122 کے مطابق امدادی ٹیموں نے فوری طور پر موقعے پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کردیں اور زخمی بچوں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

لیڈی ریڈنگ ہسپتال (ایل آر ایچ) کے ترجمان نے بتایا کہ ہسپتال میں لائے گئے زیادہ تر بچوں کی عمریں 8 سے 14 سال تک تھیں جبکہ ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق امدادی کارکن ملبے تلے دبے افراد کو تلاش کرنے کے لیے کارروائیاں کر رہے تھے۔

ایس ایس پی پولیس فرحان خان نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ 8 بج کر 48 منٹ پر اس حادثے کی اطلاع کی پہلی کال آئی تھی جس کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں یہاں پہنچ گئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ سکول کے پرنسپل کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پولیس کے مطابق 110 سے 115 بچے سکول کی چھت پر موجود تھے اور کمزور چھت ان کا بوجھ برداشت نہیں کر سکی۔

عمارت گرنے کی وجہ کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پشاور کے پولیس سربراہ سعید احمد نے بتایا کہ عمارت کا سٹرکچر کمزور تھا۔

عینی شاہدین کے مطابق، پشاور کے وسطی علاقے کی ایک گنجان آبادی میں واقع سکول تک پہنچنے والوں میں مقامی رہائشی سب سے آگے تھے۔ 

پاکستان میں عمارتیں گرنے کے واقعات عام ہیں، جہاں تعمیراتی معیار پر اکثر مناسب طریقے سے عمل درآمد نہیں کیا جاتا۔ بہت سی عمارتیں غیر معیاری مواد سے تعمیر کی جاتی ہیں اور اخراجات کم کرنے کے لیے اکثر حفاظتی ضوابط کو نظر انداز کیا جاتا ہے۔

رواں برس جولائی میں بھی لاہور میں زیر تعمیر ایک ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سےچار بچے جان سے چلے گئے تھے۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان