لیبیا کشتی حادثہ: کے پی حکومت پوری احتیاط سے چھان بین کر رہی ہے، حکام

خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ سے تعلق رکھنے والے بعض خاندانوں کے مطابق ان کے اپنے بغیر دستاویزات کے لیبیا سے اٹلی جاتے ہوئے لاپتہ ہوئے ہیں اور ان سے رابطہ نہیں ہو پا رہا۔

لیبیا کے ساحل سے دور بین الاقوامی سمندری حدود میں 17 جنوری 2026 کو ریسکیو جہاز ’اوشن وائکنگ‘ کا عملہ تجارتی جہاز ’سائیڈر‘ سے تارکینِ وطن کو انخلا کے دوران ایک ربڑ بوٹ میں سوار ہونے میں مدد دے رہا ہے( اے ایف پی)

خیبر پختونخوا کے باجوڑ سمیت 12 اضلاع کے نامزد ترجمان محمود جان بابر نے بدھ کو بتایا کہ لیبیا کشتی حادثے کے معاملے پر حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری احتیاط اور سنجیدگی سے ادا کر رہی ہے اور حادثے میں جان سے جانے والے پاکستانیوں کی تعداد سے متعلق اب تک موصول ہونے والی اطلاعات غیر مصدقہ ہیں۔

انہوں نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’حکومت، ایریا ریپرزنٹیتو اینڈ ڈیولپمنٹ کونسل، عمائدین اور ضلعی انتظامیہ کے ذریعے مقامی آبادی کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور لیبیا کشتی حادثے سے متعلق دفتر خارجہ اور پاکستانی سفارت خانے سے بھی رابطہ جاری ہے۔‘

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ سے تعلق رکھنے والے بعض خاندانوں کے مطابق ان کے اپنے بغیر دستاویزات کے لیبیا سے اٹلی جاتے ہوئے لاپتہ ہوئے ہیں اور ان سے رابطہ نہیں ہو پا رہا۔

ان میں سے بعض تارکین وطن کی غائبانہ نماز جنازا بھی ادا کیا گئی ہے اور بعض کے کل ادا ہونے ہیں۔

لیکن خاندان والے اب بھی اس امید پر ہیں کہ شاید ان کے اپنوں کی اچھی خبر انہیں مل جائے۔

لیبیا کے ساحل سے اٹلی کی جانب جاتے ہوئے کسی بھی کشتی حادثے کی رپورٹ کی ابھی تک بین الاقوامی اداروں، پاکستان کے سرکاری حکام اور نہ ہی لیبیا کے حکام نے کوئی تصدیق کی ہے۔

ڈپٹی کمشنر باجوڑ کی جانب سے اس واقعے پر تعزیت کا بیان جاری کیا گیا ہے، تاہم ڈپٹی کمشنر کے بیان میں بھی اب تک اس حادثے کے حوالے سے یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ اس کی تصدیق کس نے کی۔

تارکین وطن کے سمندر میں حادثوں پر نظر رکھنے اور ریسکیو کرنے والے ادارے سی واچ نے بھی اس حادثے کے حوالے سے ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

تاہم الارم فون نامی ایک بین الاقوامی تنظیم نے گذشتہ روز ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں 22 نومبر کو اتنا بتایا تھا کہ لیبیا کے ٹریپولی ساحل سے 42 ناٹیکل میل دور ایک کشتی کے ڈوبنے کا الرٹ جاری ہوا تھا لیکن 12 گھنٹے گزرنے کے باوجود حکام کی جانب سے ریسکیو آپریشن شروع کرنے کی کوئی خبر نہیں ہے۔

اسی ادارے نے دو دن بعد بیان جاری کیا ہے کہ 34 گھنٹے گزرنے کے باوجود کوئی خبر نہیں ہے اور ہمیں خطرہ ہے کہ ان 76 افراد کے ساتھ بہت برا ہوا ہے۔

کشتی کے حادثے کی اطلاع کیسے پہنچی؟

لاپتہ تارکین میں سے باجوڑ سے تعلق رکھنے والے صلاح الدین کے بھائی مصباح الدین نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ان کا 22 سالہ چھوٹا بھائی 2024 میں ایجنٹ کے ذریعے پاکستان سے گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ وہ پاکستان سے عراق گئے تھے اور وہاں کچھ عرصہ گزارنے کے بعد رواں سال اگست میں لیبیا پہنچے تھے اور وہاں سے یورپ جانے کی کوشش کر رہے تھے۔

مصباح الدین نے بتایا،’بھائی سے آخری رابطہ 13 نومبر کو ہوا تھا اور مجھے بتایا تھا کہ وہ اٹلی کے لیے کشتی میں نکل رہے ہیں اور پھر رابطہ نہیں ہوگا اور تب سے ان کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ ‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جب ان سے پوچھا گیا کہ آپ لوگوں کو کشتی حادثے کا کس نے بتایا ہے، اس کے جواب میں مصباح الدین کا کہنا تھا کہ اٹلی میں ایک ایجنٹ ہے اور انہوں نے اتنا بتایا ہے کہ کشتی ابھی نہیں پہنچی ہے۔

انہوں نے بتایا،’وہ ایجنٹ بھی یقینی طور پر کچھ نہیں کہہ سکتا تھا لیکن صرف اتنا بتایا کہ کشتی 22 نومبر کو اٹلی کے لیے روانہ ہوئی تھی تو ابھی تک نہ پہنچنے کا مطلب ہے کہ شاید کشتی کو حادثہ پیش آیا ہے۔ ‘

مصباح الدین نے بتایا کہ ہمیں اب بھی امید ہے کہ میرا بھائی زندہ سلامت پہنچے گا کیونکہ کچھ ایسی اطلاعات بھی ہمیں موصول ہوئی ہیں کہ باجوڑ کا ایک لڑکا جس کے بارے میں کہا جا رہا تھا کہ وہ کشتی حادثے میں جان سے گیا ہے لیکن انہوں نے گھر والوں سے رابطہ کیا ہے اور وہ زندہ ہے۔

مصباح الدین نے بتایا کہ بھائی کے علاوہ ان کے گاؤں سے تعلق رکھنے والے سات مزید افراد بھی شامل ہیں جن کا اپنے خاندان والوں کے ساتھ رابطہ منقطع ہے۔

تارکین وطن کے کشتی حادثوں میں اقوام متحدہ کے ادارے برائے تارکین کے مطابق رواں سال اب تک ایک ہزار تک تارکین لاپتہ یا ڈوب کر جان سے گئے ہیں۔

اس سے پہلے بھی پاکستانی تارکین وطن کی کشتیوں کو حادثات پیش آئے ہیں جو بغیر دستاویزات کے مختلف یورپی ممالک کا رخ کرتے ہیں جس میں لیبیا سے اٹلی کا راستہ بہت زیادہ استعمال کیا جاتا ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان