کوئٹہ کے مقامی نان بائی فیض محمد خلجی کے آج کل ٹک ٹاک پر چرچے ہیں۔
ٹک ٹاک پر روٹی پکانے، تندور میں میوزک پر روایتی ڈانس، اور مزاحیہ مواد پوسٹ کر کے انہوں نے صرف دو سال میں ٹک ٹاک پر پندرہ لاکھ فالورز اکٹھے کر لیے ہیں۔
فیض محمد اس وقت مشہور ہوئے جب کرونا(کورونا) کی وبا کے دوران انہوں نے ٹک ٹاک پر ایک ویڈیو ڈالی جس میں وہ مزاحیہ انداز میں روایتی رقص ’اتن‘ کرتے ہوئے نظر آئے۔
اس ویڈیو کے ساتھ ہی وہ پہچانے جانے لگے اور انہوں نے ٹک ٹاک پر باقاعدہ ویڈیوز لگانے کا فیصلہ کیا۔
فیض محمد ’تندور والے‘ کے نام سے جانے جاتے ہیں اور ان کی مشہوری کی بڑی وجہ بھی یہی ہے کہ وہ اپنی زیادہ تر ویڈیوز تندور پر بناتے ہیں۔
فیض محمد کے مداح نہ صرف پاکستان بلکہ دبئی، امریکہ، برطانیہ اور دیگر کئی ممالک میں بھی موجود ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اپنے پیشے کے لحاظ سے نان بائی فیض محمد ایک خوش مزاج انسان ہیں اور ان کے گھر والے بھی ان کے ٹک ٹاک کے کام کو سراہتے ہوئے ان کا ساتھ دیتے ہیں۔
انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے فیض محمد کا کہنا تھا کہ ’جب میں نے پہلی ویڈیو بنائی تو مجھے اندازہ نہیں تھا کہ وہ اتنی جلدی وائرل ہو جائے گی۔ وقت کے ساتھ لوگوں کی حوصلہ افزائی دیکھ کر میرا شوق بڑھتا رہا۔‘
فیض کے مطابق ’میرا مقصد صرف عوام کو تفریح فراہم کرنا ہے۔ جب لوگ کوئی غلط کمنٹ کرتے ہیں تو میں پریشان ہو جاتا ہوں۔‘
فیض محمد کا کہنا ہے کہ ان کی ٹک ٹاک ویڈیوز سے ان کے کاروبار پر کوئی اثر نہیں پڑا۔
فیض محمد کی ویڈیوز تمام عمر کے لوگوں میں یکساں مقبول ہیں اور ان کی تیار کردہ ویڈیوز ہر عمر کے لوگ دیکھ سکتے ہیں۔
اکثر ویڈیوز میں فیض محمد کے بھائی بھی ان کا ساتھ دیتے نظر آتے ہیں۔
فیض محمد کے مطابق ان کی ویڈیوز اس لیے بھی پسند کی جاتی ہیں کیوں کہ ان کی اداکاری اچھی ہے۔ اس کی بدولت انہوں نے گذشتہ دو سال میں 15 لاکھ سے زائد فالوورز اکٹھے کر لیے ہیں جسے وہ اپنے لیے ایک اعزاز سمجھتے ہیں۔