مستقبل قریب میں عین ممکن ہے کہ کرونا (کورونا) وائرس کو نصاب میں بطور مضمون شامل کر لیا جائے تو ایسی صورت حال میں امتحانی پرچہ کچھ ایسا ہو گا۔
امتحانی پرچہ کرونا وائرس
درج ذیل امتحانی پرچے میں سے کوئی سے پانچ سوالات کے جواب دینا لازمی ہے۔
وقت 3 گھنٹے۔ کل نمبر 100
نوٹ: پرچہ حل کرنے سے قبل ہینڈ سینی ٹائزر کا استعمال کریں۔ 5 نمبر صفائی کے ہیں۔
سوال نمبر 1۔ مندرجہ ذیل میں سے کسی ایک اقتباس کی تشریح سیاق و سباق کے حوالے سے کریں۔ نیز یہ کس کے اشاردات ہیں، ان کا مختصر سا تعارف لکھیں۔
ا: ’کرونا کا زیادہ دباؤ اپریل یا مئی کے آخری وسط میں ہو گا، خوشی ہے کہ کرونا وائرس سے وہ اموات نہیں ہوئی ہیں جن کا ہم نے اندازہ لگایا تھا۔ اس وبائی مرض سے گھبرانے کی ضرورت نہیں کیونکہ صرف دو فیصد افراد موت کی نیند سوتے ہیں۔ دنیا مشکل کی اس گھڑی میں غریب اور ترقی پذیر ممالک کے قرضے معاف کرے۔‘
ب: ’کرونا کے خلاف جنگ لڑنے کے لیے بیمار بھائی کو چھوڑ کر ہم وطنوں کے پاس آ گیا ہوں، حکومت صرف زبانی جمع خرچ کر رہی ہے، کرونا متاثرین اور غریب عوام کے لیے اب ہماری جماعت بہتر منصوبہ بندی کرے گی۔‘
ج: ’ نیو یارک میں رات کے دو بجے ہیں اور میں ہوٹل کے کمرے میں قید ہوں۔ نیو یارک قبرستان بن گیا ہے۔ میرے پاس کوئی سیونگز نہیں ہیں اور میرا سروائیول مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ میں کسی فارن کنٹری میں مرنا نہیں چاہتی۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
د: ’ہم نے راشن کہاں دیا ہے، یہ ان مستحق غریب افراد کی سفید پوشی کا بھرم رکھنے کے لیے نہیں بتائیں گے۔‘
سوال نمبر2۔ مندرجہ ذیل میں سے 5 سوالوں کے جواب لازمی مختصراً تحریر کریں۔
ا: کرونا کے خلاف سب سے اچھی بیان بازی وفاقی وزرا نے کی یا سندھ حکومت نے؟
ب: کرونا سے زیادہ لوگ مر رہے ہیں یا بھوک سے؟ دلائل دیں۔
ج: کرونا وائرس کا علاج کس کے پاس تھا لیکن انہوں نے آخر تک نہیں بتایا؟
د: جراثیم کش ادویات کے مہنگے ہونے اور کمیابی میں کس کو زیادہ فائدہ ہوا؟
ھ: لاک ڈاؤن میں عوامی نمائندے کے کاموں کی فہرست ترتیب دیں؟
و: صحافیوں کو فراہم کردہ حکومتی حفاظتی کٹس کی کوئی ایک خوبی بیان کریں۔
ز: سوشل میڈیا پر کرونا کے خلاف جنگ جیتنے کا آسان طریقہ لکھیں۔
ح: اگر آپ جاسوس ہوتے تو چین سے ملنے والے حفاظتی سامان کو کہاں تلاش کرتے؟
ط: لاک ڈاؤن میں گھر میں رہتے ہوئے بیگمات کی کون کون سی بات ناگوار گزری؟ اگر آپ خود ورکنگ وومن ہیں تو شوہروں کی بتائیں۔
ی: لاک ڈاؤن سے پہلے اور سال بھر بعد آبادی کے اعداد و شمار کو گرافکس کے ساتھ تحریر کریں۔
سوال نمبر3۔ تمام سوالات کے جواب دینا لازمی ہیں۔
1۔ لاک ڈاؤن سے سب سے زیادہ نقصان ۔۔۔۔۔۔۔ پارٹی کو ہوا۔
(پیپلز پارٹی، غریب پارٹی۔ افطار پارٹی)
2۔ دنیا کرونا سے لڑ رہی تھی اور ہم ۔۔۔۔۔۔۔ سے نبرد آزما تھے۔
(حالات، اپوزیشن، ڈاکٹر)
3۔ لاک ڈاؤن میں سب سے زیادہ فعال۔۔۔۔۔۔۔۔ رہے۔
(فنکار، کھلاڑی، اشتہاری ادارے)
4۔ امریکی صدر نے کرونا وائرس پھیلانے کا الزام ۔۔۔۔۔۔ پر لگایا۔
(چین، ذرائع ابلاغ، عوام)
5۔ کرونا وائرس کا علاج ۔۔۔۔۔۔۔۔ میں چھپا ہے۔
(احتیاط، گھریلو ٹوٹکوں، سوشل میڈیا)
6۔ مقامی انڈسٹری کے لیے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ زیادہ خطرناک ہے
(لاک ڈاؤن، ترک ڈرامے، سماجی رابطہ)
7۔ کرونا وائرس سے سب سے زیادہ ۔۔۔۔۔۔۔ نے ڈرایا۔
(وزرا، پولیس، نیوز چینل)
8۔ کرونا کی بہتر ٹیسٹنگ سہولت ۔۔۔۔۔۔ ہے۔
(نجی ہسپتالوں میں، سرکاری ہسپتالوں میں، کہیں بھی نہیں)
سوال نمبر4۔ درج ذیل عنوانات میں سے کسی ایک پر جامع مضمون لکھیں۔
1۔ سمارٹ لاک ڈاؤن اور سٹوپڈ لاک ڈاؤن میں فرق
2۔ اجتماعات نہ ہونے کے نقصانات
3۔ تاجروں کی یا حکومت کی جیت؟
4۔ ہم ایس او پیز سے کتنے دور کتنے پاس؟
سوال نمبر5۔ درج ذیل موضوعات میں سے کسی دو کا انتخاب کریں۔
ا: اپنے دوست کو خط تحریر کریں جس میں اسے قائل کرنے کی کوشش کریں کہ ریلیف فنڈز میں چندہ دینا کتنا ضروری ہے اور یہ کہ اس کا انجام کیوں ڈیم فنڈ کی طرح نہیں ہو گا۔
یا
ب: کسی اخبار کے مدیر کو مراسلہ تحریر کریں اور دلائل کے ساتھ یقین دلائیں کہ کرونا وائرس، کاٹنے سے نہیں پھیلتا۔
یا
د: کسی مریض کے قرنطینہ میں گزرے ہوئے مشاہدات اور حالات پر ایک صفحہ کا مضمون لکھیں۔
سوال نمبر6۔ صحیح یا غلط پر نشان لگائیں
1۔ سب سے پہلے لاک ڈاؤن سندھ حکومت نے لگایا۔
2۔ کرونا وائرس سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے۔
3۔ پاکستانیوں نے لاک ڈاؤن کا مکمل خیال رکھا۔
4۔ وفاقی وزرا نے سندھ حکومت کی بھرپور رہنمائی کی۔
5۔ پاکستان سے کرونا وائرس کا خطرہ ٹل گیا۔
6۔ لاک ڈاؤن سے متاثرہ ہر شخص کو گھر پر راشن ملا۔
7۔ اپوزیشن رہنما ہر گلی کوچے میں خدمت میں مصروف رہے۔
8۔ ریلیف ٹیلی تھون میں مولانا صاحب کی دعاؤں کو پسند کیا گیا؟
سوال نمبر 7۔ درج ذیل اشعار میں سے کسی ایک کی تشریح کریں، حوالہ دیں کہ شاعر کا اشارہ کس جانب ہے۔
ا
پڑیے گر بیمار تو کوئی نہ ہو بیمار دار
اور اگر مر جائیے تو نوحہ خواں کوئی نہ ہو
ب
خواب کی طرح بکھر جانے کو جی چاہتا ہے
ایسی تنہائی کہ مر جانے کو جی چاہتا ہے
ج
رہیے اب ایسی جگہ چل کر جہاں کوئی نہ ہو
ہم سخن کوئی نہ ہو اور ہم زباں کوئی نہ ہو