سعودی عرب میں ہفتہ 23 ستمبر کو 93 واں قومی دن منایا گیا۔ اس موقعے پر ملک کے گلی کوچوں کو سبز رنگ کے قومی پرچم کے ساتھ سجایا گیا جب کہ بڑی تعداد میں لوگ گھروں سے باہر نکلے۔
عرب نیوز کے مطابق قومی دن کے موقعے پر شہریوں کے لیے مختلف تقاریب کا اہتمام کیا گیا جو دن بھر جاری رہیں۔ اس موقعے پر ہونے والے ایئر شو میں ’سعودی ہاکس‘ کہلانے والے ہوا بازوں نے طیارے اڑائے جب کہ رائل سعودی ایئر فورس نے فضائی کرتب دکھائے۔
شام چار بجے دارالحکومت ریاض کی سڑکوں پر ہونے والے فوجی مارچ میں توپیں دکھائی دیں جنہیں گھوڑے کھینچ رہے تھے۔ بارڈر گارڈ، نیشنل گارڈ اور رائل گارڈ کے موسیقار ساتھ ساتھ رہے۔ پریڈ شہزادہ محمد بن سعد بن عبدالعزیز روڈ سے شروع ہو کر قیروان کے قریبی علاقے میں واقع ام عجلان پارک جا کر ختم ہوئی۔
بولیوارڈ ریاض سٹی جہاں پہلے ہی مختلف تقاریب جاری تھیں وہاں پر خصوصی تقاریب کا بھی اہتمام کیا گیا جن میں آتش بازی کا مظاہرہ، ڈرون شو اور روائتی لوک محافل شامل تھیں۔
یہ تقریبات اس بات کی ریہرسل تھیں کہ اگر ایکسپو 2030 کے عالمی میلے کی میزبانی کی سعودی عرب کی کوشش کامیاب ہو جاتی ہے تو مملکت کیا توقع کر سکتی ہے۔
#VIDEO: Brazilian Star Neymar radiates joy and enthusiasm as he performs the #Saudi Ardha during Al-Hilal's celebration of the 93rd Saudi National Day pic.twitter.com/G2fRA3IXiK
— Saudi Gazette (@Saudi_Gazette) September 23, 2023
سعودی عرب کے قومی دن کے حوالے سے فٹ بال کلب الہلال کے کھلاڑیوں کے لیے بھی ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔ ایکس پر سعودی گزیٹ کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں فٹ بال کلب کے دیگر کھلاڑیوں کے ہمراہ برازیل کے سٹار فٹ بالر نیمار بھی موجود تھے جنہوں نے روائتی رقص بھی کیا۔
سبق نیوز کے مطابق سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر ٹریفک پولیس کی جانب سے مختلف شہروں میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ ٹریفک کی روانی کو بحال رکھی جا سکے۔
سعودی عرب کے قومی پرچم کے رنگ کی مناسبت سے مختلف شہروں میں سرکاری دفاتر، شاپنگ مالز اور نجی عمارتیں سبز رنگ کی روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ورلڈ ایکسپو 2030 کے میزبان ملک کے انتخاب کے لیے ووٹنگ رواں سال نومبر میں ہو گی۔
ایکسپو 2030 کی میزبانی کی دوڑ میں ریاض کے ساتھ کورین شہر پوسان، یوکرینی شہر اوڈیسا اور اٹلی کا شہر روم شامل ہیں۔