انڈیا میں اتوار کو ہونے والی یومِ جمہوریہ پریڈ کی تیاری کے سلسلے میں دہلی پولیس کے 212 اہلکار ہر صبح ’کرتویہ پتھ‘ پر مشق کے لیے جمع ہوتے ہیں۔
تاہم اس سال خاص بات یہ ہے کہ یہ اہلکار دوبارہ بہترین مارچنگ دستے کا اعزاز جیتنے کے مقصد کو سامنے رکھتے ہوئے اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے پہلی بار مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا استعمال کر رہے ہیں۔
مقامی انگریزی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق سینیئر پولیس افسران پر مشتمل ٹیم اس دستے کی نگرانی کرتی ہے، پریڈ مارچ کی تصاویر لیتی ہے اور ان کی حرکات کی ویڈیوز ریکارڈ کرتی ہے۔
ایک پولیس افسر نے انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ ’یہ تصاویر اور ویڈیوز اے آئی کے ذریعے فیڈ بیک حاصل کرنے کے لیے ریکارڈ کی جاتی ہیں تاکہ پریڈ مارچ میں خامیوں کی نشاندہی ہو اور قدموں کی درستگی میں بہتری لائی جا سکے۔‘
انہوں نے مزید کہا: ’ہم ایک ویڈیو یا تصویر کا موازنہ دوسری کے ساتھ کرتے ہیں، اے آئی ایک اضافی آنکھ کی مانند ہے جس نے ہمارے فیڈ بیک کو بہتر اور مؤثر بنایا ہے۔ اس میں تجزیاتی صلاحیتیں بہت زیادہ ہیں۔‘
دہلی پولیس کا دستہ روزانہ صبح سات بجے سے دوپہر 12 بجے تک کرتویہ پتھ پر چار سے پانچ گھنٹے تک مشق کرتا ہے۔
افسر کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ دہلی پولیس اپنے دستوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے اے آئی استعمال کر رہی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
دہلی آرمڈ پولیس کے جوائنٹ کمشنر ایم این تیواری نے بھی ان مشقوں میں اس ٹیکنالوجی کے استعمال کی تصدیق کی۔
اس سال دہلی پولیس 148 اہلکاروں کے ساتھ یوم جمہوریہ کی پریڈ میں حصہ لے رہی ہے جن میں تین سب انسپکٹرز، 44 ہیڈ کانسٹیبلز اور 100 کانسٹیبلز شامل ہیں۔ ان کی قیادت 2021 بیچ کے آئی پی ایس افسر رشی کمار کر رہے ہیں۔
دہلی پولیس کا 64 اہلکاروں پر مشتمل خواتین کا ایک بینڈ بھی اس تقریب کا حصہ ہو گا۔
ایک اور افسر نے کہا کہ اے آئی کی مدد سے انسٹرکٹرز مارچنگ دستوں کی ہم آہنگی، توازن، اور ہاتھوں اور پیروں کی حرکات کا تجزیہ کرتے ہیں۔
گزشتہ سال دہلی پولیس نے ‘ججز چوائس کیٹیگری میں بہترین مارچنگ دستے کی ٹرافی حاصل کی تھی۔