خراب نتائج کے باوجود پاکستان خطرناک ٹیم ہے: شبمن گل

انڈیا کے نائب کپتان اور اوپنر شبمن گل کے خیال میں پاکستان کے پاس ایک اچھی ٹیم ہے اور انڈیا کے لیے ضروری ہے کہ وہ کل اپنا بہترین کھیل پیش کرے۔

20 فروری، 2025 کو دبئی میں بنگلہ دیش اور انڈیا کے درمیان آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ کے اختتام پر انڈیا کے نائب کپتامن شبمن گل کو ان کی ٹیم کے کپتان روہت شرما مبارکباد دے رہے ہیں (اے ایف پی)

انڈیا کے نائب کپتان شبمن گل نے ہفتے کو کہا ہے کہ چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان کے خلاف میچ، جس کا بے صبری سے انتظار کیا جا رہا ہے، مداحوں کا پسندیدہ ہو گا لیکن ان کی ٹیم کے لیے معمول کی بات ہے۔

دونوں ٹیمیں اتوار کو دبئی میں ٹکرائیں گی۔ اس بلاک بسٹر میچ کے حوالے سے توقع کی جا رہی ہے کہ اسے دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد موجود ہو گی۔

انڈیا نے 50 اوور کے ٹورنامنٹ کے لیے میزبان ملک پاکستان جانے سے انکار کر دیا تھا۔ وہ اپنے تمام میچ دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گا جہاں 25 ہزار شائقین کی گنجائش ہے۔

گل نے انڈیا کو بنگلہ دیش کے خلاف اوپننگ میچ میں فتح دلائی۔ انہوں نے ٹاپ آرڈر پر 101 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم اپنی جیت کی روایت کو برقرار رکھنے کی کوشش کرے گی۔ انہوں نے پاکستان کے خلاف میچ کے حوالے سے کہا کہ ’سچی بات تو یہ ہے کہ ہمارے لیے کچھ بھی نہیں بدلتا۔

’ہم ہر میچ جیتنے کے لیے کھیلتے ہیں اور ہمارے لیے یہ اصول کسی بھی میچ کے لیے مختلف نہیں ہوتا۔ یہی انداز ہے جس سے ہم اپنی تیاری کرتے ہیں لہٰذا ہم اس میچ کی تیاری بھی اسی طرح کریں گے۔

جب انڈیا اور پاکستان ایک دوسرے کے خلاف کھیلتے ہیں تو دونوں ممالک میں گلیاں سنسان ہو جاتی ہیں۔

گل نے کہا کہ وہ مداحوں کے جوش و خروش سے انکار نہیں کر سکتے۔

’انڈیا اور پاکستان کی طویل تاریخ ہے اور جب دونوں ٹیمیں آمنے سامنے آتی ہیں تو یہ ایک بہت ہی سنسنی خیز مقابلہ ہوتا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’ہر کوئی اسے دیکھ کر لطف اٹھاتا ہے۔ اگر اتنے لوگ اس میچ کو دیکھ کر خوش ہو رہے ہوں تو ہم کون ہوتے ہیں یہ کہنے والے کہ ہائپ زیادہ ہے یا کم؟‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم کرکٹ کھیلنے کے لیے میدان میں اترتے ہیں۔ اپنی پوری کوشش کرتے ہیں کہ اپنے ملک کی بہترین نمائندگی کریں اور جیتنے کے لیے ہر ممکن محنت کریں۔‘

جب ان سے میچ کی اہمیت کے بارے میں مزید پوچھا گیا تو انہوں نے کہا: ’میرے خیال میں یہ بڑا میچ ہے لیکن سب سے بڑا میچ یقیناً وہ ہوگا جو ٹیم فائنل میں کھیلے گی۔ اور یقینی طور پر ہم حالیہ دنوں میں اچھا ون ڈے کرکٹ کھیل رہے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ کچھ خراب نتائج کے باوجود پاکستان خطرناک ٹیم بنی ہے۔

’بدقسمتی سے پاکستان نے حالیہ دنوں میں کچھ میچ ہارے، لیکن کسی بھی صورت میں ہم انہیں کمزور ٹیم نہیں سمجھ رہے۔

’میرے خیال میں ان کے پاس ایک اچھی ٹیم ہے اور ہمارے لیے ضروری ہے کہ ہم کل اپنا بہترین کھیل پیش کریں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ