چیمپیئنز ٹرافی 2025 میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچ کے تمام ٹکٹ چند ہی منٹوں میں فروخت ہو گئے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تین فروری کو چیمپیئنز ٹرافی کے تمام میچز کے لیے آن لائن عمومی ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان کیا تھا جب کہ مداحوں کی بڑی تعداد فروخت کے باقاعدہ آغاز سے پہلے ہی آن لائن قطار میں موجود تھی۔
انڈیا کے انگریزی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق جیسا کہ توقع کی جا رہی تھی سب سے زیادہ مانگ 23 فروری کو انڈیا پاکستان میچ کے ٹکٹس کی تھی جو سب سے پہلے فروخت ہو گئیں چند منٹوں بعد ہاؤس سولڈ آوٹ سے کئی شائقین مایوس رہ گئے کیونکہ وہ طویل انتظار کے باوجود ٹکٹ حاصل نہ کر سکے۔
آئی سی سی کی ویب سائٹ کے مطابق عام پویلین کے ٹکٹ کی قیمت 500 درہم مقرر کی گئی ہے اس کے علاوہ مختلف پویلینز کی قیمت بالترتیب 1200، 1250، 2000، 2200، 2750 اور 5000 درہم ہے۔
انڈیا کے تمام میچز متحدہ عرب امارات کے دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں ہوں گے۔ آئی سی سی مینز چیمپیئنز ٹرافی 2025 ایک سنسنی خیز 19 روزہ ایونٹ ہوگا جس میں دنیا کی آٹھ بہترین ٹیمیں 15 میچز میں مدمقابل ہوں گی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
گروپ اے میں موجودہ چیمپیئنز ٹرافی کے فاتح اور میزبان پاکستان کے ساتھ انڈیا، نیوزی لینڈ، اور بنگلہ دیش شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں ورلڈ کپ 2023 کے چیمپئن آسٹریلیا، افغانستان، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ موجود ہیں۔
انڈیا کے دیگر میچز کے تمام ٹکٹس بھی فروخت ہو چکے ہیں۔ روہت شرما کی قیادت میں میدان میں انڈیا میدان میں اترے گا اور اپنی مہم کا آغاز 20 فروری کو دبئی میں بنگلہ دیش کے خلاف کرے گا۔
اس کے بعد 23 فروری کو پاکستان کے خلاف ہائی وولٹیج مقابلہ اور پھر دو مارچ کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ ہوگا۔
چیمپیئنز ٹرافی 19 فروری کو شروع ہوگی اور فائنل نو مارچ کو کھیلا جائے گا۔
یہ چیمپیئنز ٹرافی ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلی جائے گی۔ انڈیا کے علاوہ تمام دیگر ٹیمیں پاکستان میں اپنے میچز کھیلیں گی جو اس ٹورنامنٹ کے باضابطہ میزبان ہے۔
پاکستان کے گروپ سٹیج میچز کے، جن میں بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے خلاف میچ اور لاہور میں دوسرا سیمی فائنل شامل ہے، ٹکٹ بھی فروخت ہو چکے ہیں۔
نو مارچ (اتوار) کو ہونے والے فائنل کے ٹکٹ پہلے سیمی فائنل کے بعد جاری کیے جائیں گے، انڈیا کے فائنل میں پہنچنے کی صورت میں یہ میچ دبئی میں اور بصورت دیگر لاہور میں کھیلا جائے گا۔