2022 میں بالی وڈ کے دس بہترین گیت کون سے تھے؟

ایک لمحے کو رک کر سوچیے کہ 2022 کا کوئی ایسا گیت ہے جو آپ کے دل میں بس کر رہ گیا ہو؟ آپ نے اسے نہ صرف اپنی پلے لسٹ میں شامل کیا ہو بلکہ دن میں کئی کئی بار سنتے ہوں؟

 فلم ’این ایکشن ہیرو‘ خود تو زیادہ کامیاب نہ ہو سکی مگر اس کا گیت ’جیہڑا نشہ‘ بہت چلا (سکرین گریب، ٹی سیریز یو ٹیوب)

جہاں تک فلم میوزک کی بات ہے، 2022 بالی وڈ کے لیے کسی بھی طرح ایک شاندار سال نہیں تھا۔ 

ساؤتھ انڈین سینما کا ٹریڈ مارک ایکشن سٹائل بالی وڈ میں آ کر محض ایک بھونڈی نقالی رہ گیا اور اس کا شاید سب سے زیادہ خمیازہ فلم میوزک بھگت رہا ہے۔ 

ایک لمحے کو رک کر سوچیے کہ 2022 کا کوئی ایسا گیت ہے جو بس آپ کے دل میں بس گیا ہو؟ آپ نے اسے نہ صرف اپنی پلے لسٹ میں شامل کیا ہو بلکہ دن میں کئی کئی بار سنتے ہوں؟

بالی وڈ کا شاید سب سے بڑا مسئلہ اچھی کہانی کی تلاش ہے۔ گذشتہ دہائی کے آخر میں مواد کی کمی پہلے ہی نمایاں تھی کہ کرونا کی بندش نے رہی سہی کسر نکال دی۔ یہاں سے بالی وڈ کے ہاتھ میں ساؤتھ انڈین طرز کی ایکشن فلموں کا فارمولا ہاتھ لگا۔ 

اگرچہ اس سے بعض ایکشن فلمیں باکس آفس پر کامیاب بھی ہوئیں لیکن بالی وڈ پر ساؤتھ کے سائے مزید گہرے ہو گئے۔ ایکشن فلموں کی گونج میں رومانوی کہانیاں اور چھوٹے چھوٹے موضوعات پر بننے والی درمیانے بجٹ کی فلموں کی گنجائش کم ہوتی گئی اور نتیجہ یہ ہوا کہ کہانی میں گنجائش ہی نہیں ہوتی کہ خوبصورت موسیقی تخلیق کی جا سکے۔ 

بالی وڈ کی روایت میں موسیقی کا ایک کردار فلم کی مارکیٹنگ تھی۔ اب مرکزی کردار ٹی وی شوز اور ذرائع ابلاغ کے جدید طریقوں سے یہ کام کر رہے ہیں۔ مزید یہ کہ جب فلم کے گیت یوٹیوب وغیرہ پر موجود ہیں تو محض انہیں سننے کوئی سینما میں کیوں جائے گا۔ فلم میوزک کی پہلی سی ضرورت نہ رہی سو بزنس مائنڈ سیٹ کے لیے گانے خود بخود اولین ترجیحات کی فہرست سے خارج ہو گئے۔ 

فلم میوزک کی موجودہ تشویشناک صورت حال کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ رواں برس شاید کوئی ایک بھی ایسی فلم نہیں جس کے تین چار خوبصورت گیتوں کی بنا پر پورے البم کو اپنی پلے لسٹ کا حصہ بنایا جائے۔

فلم میوزک کے اعتبار سے انتہائی برے سال میں سب سے بہتر البم اے آر رحمان کا ہیرو پنتھی ٹو ہے۔ اگرچہ یہ اس معیار سے نیچے ہے جو رحمان پہلے سے طے کر چکے ہیں اور اب توقعات اسی کے مطابق ہوتی ہیں۔ مگر پریتم سمیت کوئی دوسرا موسیقار رواں برس میں ایک بھی ایسی فلم نہیں رکھتا جس کے بیشتر گیت خوفناک حد تک برے نہ ہوں۔ 

خوفناک حد تک برے گیتوں کے سال میں ہم بہترین دس کا انتخاب پیش کرتے ہیں۔ آپ چاہیں تو انہیں کم خوفناک گیت بھی کہہ سکتے۔ 

1۔ مس حیران 

’ہیرو پنتھی ٹو‘ کا یہ گیت اے آر رحمان کا رواں برس شاہکار ہے۔ جیسے ہی گیت شروع ہوتا ہے آپ فوراً پہنچان لیتے ہیں کہ یہ میوزک رحمان سر ہی دے سکتے ہیں۔ ساز ہوں یا ردھم پیٹرن، نئی حیرت کا سامنا ہوتا ہے۔ 

اس گیت کے بول محبوب نے لکھے۔ محبوب اگرچہ رحمان کی ابتدائی فلموں کے لیے خوبصورت گیت لکھ چکے ہیں مگر ہیرو پنتھی ٹو میں وہ ذرا زیادہ روایتی نظر آئے۔ بہرحال رحمان سر کی دھن اور ساز اتنے خوبصورت ہیں کہ شبدوں کی طرف خیال جاتا ہی کم کم ہے۔ 

2۔ دفع کر

ہیرو پنتھی ٹو ایکشن فلم ہے اور ظاہر ہے کہ ایکشن فلم کا میوزک مدھرتا کے بجائے گرینجر مانگتا ہے۔ ’دفع کر‘ اس کی خوبصورت مثال ہے جو رحمان کے میوزک کے ساتھ ساتھ ان کی انتہائی منفرد گلوکاری کا بھی شاہکار ہے۔ 

جیسا کہ اوپر ذکر کیا گیا کہ ہیرو پنتھی ٹو شاید 2022 کی اکلوتی فلم ہے، جس کے کم و بیش تمام گیت خوبصورت ہیں۔ مس حیران کے بعد ہمیں سب سے زیادہ ’دفع کر‘ نے متاثر کیا۔ 

3۔ جیہڑا نشہ  

یہ گانا پہلی مرتبہ امر جلال اور فرید کوٹ گروپ نے 2019 میں پیش کیا تھا جس نے پنجاب کے رنگ میں رچی اپنی دھن اور لب و لہجے کی تیکھی زبان سے توجہ کھینچی۔

کیوں کہ یہ بالی وڈ کا حصہ رواں برس بنا اس لیے ہم نے اسے اپنی فہرست میں شامل کیا ہے۔ ’این ایکشن ہیرو‘ خود تو زیادہ کامیاب نہ ہو سکی مگر یہ گیت بہت چلا۔ 

اس میں دھن اور بیشتر ساز وہی رکھے گئے جو اصل میں تھے، جو تھوڑی بہت تبدیلی درکار تھی وہ تنشک باغچی نے کی۔ آواز کا جادو جگانے والے گلوکار تھے امر جلال، آئی پی سنگھ، یوہانی اور ہرجوت کور۔

4۔ کیسریا 

فلم کی ریلیز سے پہلے فلم کی اشتہار بازی تو معلوم کا چلن ہے مگر کیسریا نے ایک ٹرینڈ کی بنیاد رکھی۔ گانے سے پہلے اس کی اتنی ہائپ تھی کہ شاید ہی پہلے کسی گیت کی دیکھی سنی گئی ہو۔ 

کیسریا ایک معمولی گیت ہے مگر اتنا معمولی بھی نہیں کہ سماعتوں کو خوبصورت نہ لگے۔  

موسیقار پریتم اور گیت نگار امیتابھ بھٹاچاریہ اس بار اپنے پسندیدہ گلوکار اریجیت سنگھ کے ساتھ یہ گیت پیش کرتے ہیں۔ فلم تھی براہمستر جس کے مرکزی کرداروں میں رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ شامل تھے۔ 

5۔ میرے ڈھولنا سن

2007 کی فلم بھول بھلیاں کے ایک گیت ’امی جے تو مار‘ کو بڑے پیمانے پر پذیرائی ملی تھی جسے شریا گھوشال نے انتہائی مدھر آواز میں گایا تھا۔ اس کے بول سمیر نے لکھے تھے اور بلاشبہ یہ گیت سمیر کے بہترین گیتوں میں سے ایک ہے۔ 

رواں برس بھول بھلیاں ٹو بنی اور عوامی پسند کو دیکھتے ہوئے یہ بالکل بھی حیرت کی بات نہ تھی کہ یہ گیت پھر سے فلم کا حصہ بنایا گیا۔

پریتم میوزک میں بہت معمولی تبدیلی کی۔ شریا گھوشال نے تو اسے دوبارہ سے گایا ہی ہے مگر ارجیت سنگھ نے بھی اس گیت کی مٹھاس میں اپنی آواز سے اضافہ کیا۔ اگرچہ یہ ایک خوبصورت گیت ہے مگر 2007 کا ورژن دل کو زیادہ کھینچتا ہے۔ 

تیرے حوالے

رواں ریلیز ہونے والی فلموں میں شاید میوزک کی سب سے زیادہ گنجائش لال سنگھ چڈھا کی کہانی میں تھی مگر اس کے باوجود فلم کی طرح اس کی موسیقی بھی غیر معمولی نہ بن سکی۔ 
پریتم کی موسیقی میں ہمیں لال سنگھ چڈھا کا جو گیت اچھا لگا وہ ہے کہانی سنو۔ اسے ارجیت سنگھ اور شلپا راؤ نے گایا جبکہ بول لکھے تھے امیتابھ بھٹاچاریہ نے۔ 

آہستہ روی سے چلتا ہوا یہ ایک خوبصورت گیت ہے۔ 

فتور

اریجیت سنگھ اور نیتی موہن کے گائے ہوئے گانوں میں یہ ایک خوبصورت اضافہ ہے۔ پردے پر رنبیر کپور اور وانی کپور رومانس کرتے نظر آتے ہیں اور آپ گانے کی مدھر فضا میں کھو جاتے ہیں۔ 

شمشیرا میں شامل اس گیت کے موسیقار میتھون ہیں جبکہ بول کرن ملہوترا  نے لکھے۔ یہ محبت کا ایک خوبصورت گیت ہے جو تادیر آپ کو سرشار رکھ کر سکتا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اپنا بنا لے

موسیقار جوڑی سچن جگر کی خوبصورت دھن میں آواز کا جادو ارجیت سنگھ نے جگایا جبکہ بول لکھے ہیں امیتابھ بھٹاچاریہ نے۔ اگرچہ اس فلم کا نام ’بھیڑیا‘ ہے لیکن یہ گیت سن کر آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ ہارر فلم میں تھوڑا بہت رومانس کا تڑکہ بھی لگا ہے۔ 

گیت کی خوبی نسبتاً سست رو موسیقی میں ارجیت کی خواب آوور آواز ہے۔ مختلف موسیقاروں کی موسیقی میں ارجیت کی آواز کیسے مختلف لہریں پیدا کرتی ہے، یہ جاننے کے لیے یہ ایک بہترین انتخاب ہو گا۔ 

ہر جگہ تو 

اگرچہ ایوشمان کھرانہ کا یہ اچھا وقت نہیں چل رہا۔ وہ ماضی کی طرح کوئی بڑی میوزیکل ہٹ فلم نہیں دے سکے لیکن اس کا مطلب یہ بھی نہیں کہ وہ سکرین پر رومانس کرنا بھول گئے ہیں۔ 

ڈاکٹر جی فلم کا ’ہر جگہ تو‘ ایوشمان کھرانہ پر فلمائے گئے رواں برس کے خوبصورت گیتوں میں سے ایک ہے۔  سلطان سلیمانی کی مرتب کردہ دھن میں شبدوں کی جادوگری کمار کی ہے۔ اس گیت کو راج برمن نے خوبصورتی سے گایا ہے۔

10۔ میری جان

سنجے لیلا بھنسالی کی فلم گنگوبائی کاٹھیاواڑی رواں برس فروری میں سینما گھروں کی زینت بنی تھی۔ اگرچہ طوائف کے موضوع پر ہونے کی وجہ سے توقع کی جا رہی تھی کہ فلم کا میوزک بہت اعلی ہو گا مگر ایسا دیکھنے کو نہیں ملا۔

میری جان نسبتاً غنیمت ہے۔ اس کی ایک خاص خوبی یہ ہے کہ سنجے لیلا بھنسالی نے خواہ مخواہ کی پیوندکاری نہیں کی بلکہ یہ کہانی کو نہ صرف آگے بڑھتا ہے بلکہ اس کی ایک جذباتی کیفیت کو بھی خوبصورتی سے قید کرتا ہے۔ اس کے بول کمار نے لکھے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی موسیقی