خواتین کے عالمی دن سے پہلے کراچی میں ٹرک آرٹ گروپ ’پھول جی آرٹ‘ نے خواتین ہیروز کی رنگین تصاویر بنا کر انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اقوام متحدہ کی جانب سے ہر سال آٹھ مارچ کو دنیا بھر میں خواتین کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔
کراچی کے پھول جی آرٹ گروپ کے سربراہ اور آرٹسٹ سید پھول بادشاہ ترمذی کی ٹیم نے پریس کلب کی بیرونی دیواروں پر زندگی کے مختلف شعبوں میں خدمات انجام دینے والی خواتین کے رنگین پورٹریٹ بنانے شروع کر دیے ہیں۔
ان خواتین میں پروین رحمٰن، زبیدہ مصطفیٰ، یاسمین لاری، فاطمہ ثریا بجیا کی پینٹنگ بنائی گئی ہیں۔
انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے سید پھول بادشاہ ترمذی نے کہا کہ ’یہ خواتین ہماری ہیروز ہیں اور انہیں خواتین کے عالمی دن پر خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ان کی رنگین پینٹنگز بنائی ہیں۔‘
سید پھول بادشاہ ترمذی نے بتایا کہ انہوں نے حال ہی میں ’آئی ایم کراچی‘ منصوبے کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں پیٹنگز بنائی ہیں۔
’ان دیواروں پر چند سال پیلے انہی خواتین کی پیٹنگز بنائی گئی تھیں، مگر وہ پُرانی ہوگئی تھیں، تو ہم نے سوچا ان کو دوبارہ سے بنا دیا جائے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
واضح رہے کہ پھول جی پاکستان ٹرک آرٹ کی جانب سے کراچی پریس کلب کی بیرونی دیواروں پر بنائی گئی ان پیٹنگز کو جنوری 2017 میں ایک شدت پسند مذہبی جماعت کی جانب سے خراب کر دیا گیا تھا۔
اس وقت نامعلوم افراد نے سپرے پینٹ کی مدد سے خواتین ہیروز کی پینٹنگز کو خراب کرتے ہوئے صحافیوں کو دھمکیاں دینے کے ساتھ اپنی جماعت کے گرفتار کارکنان کی رہائی مطالبہ خواتین کی پینٹنگز پر لکھ دیا تھا۔
بعد میں پھول جی پاکستان ٹرک آرٹ ٹیم نے مشہور کارٹونسٹ فیکا کی مدد سے ان تصاویر کو دوبارہ ٹھیک کر دیا تھا۔