پاکستان فارن آفس ویمن ایسوسی ایشن ’پفوا‘ کے زیر اہتمام چیریٹی بازار کا انعقاد کیا گیا۔
مہمان خصوصی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ’ملکوں کے درمیان بین الملکی تعلقات کی بہتری کے لیے ثقافتی سفارت کاری اہم ہے، چیریٹی بازار کا انعقاد بھی سفارت کاری کا حصہ ہے، پفوا چیریٹی بازار کے انعقاد پر منتظمین کو سراہتا ہوں، نمائش، ثقافتی شوز بھی پفوا چیریٹی بازار کا حصہ ہیں۔‘
اتوار کے روز منعقد ہونے والے اس بازار میں سفارت کاروں، دفتر خارجہ کے افسران کی بیگمات، طلبہ و طالبات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ معلومات کے مطابق اس چیریٹی بازار کی آمدن، دفتر خارجہ کے کم آمدن والے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جاتی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بازار کا افتتاح کیا۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’پفوا بازار جیسی تقریبات سال میں دو بار منعقد ہونی چاہئیں، سفارت کاروں کے بھرپور تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ پفوا چیریٹی بازار کا انعقاد مختلف ثقافتوں کو قریب لانے کے حوالے سے اہم ہے۔‘
ترکی کے سفیر عرفان نذیر اوغلو پفوا بازار میں ترکی کے سٹال پر موجود تھے۔ جہاں ترکی کے رنگ بکھرے ہوئے تھے۔
انہوں نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میں ترکی کے سٹال پر آپ کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ ہم اس سال سٹال میں ترکی سے مزید سووینرز اور ترکی کا کھانا لائے ہیں۔ ترکی اور پاکستان بہت دیرینہ برادر ممالک ہیں۔ ہمارے تعلق کو بیان کرنے کے لیے الفاظ کم ہیں اور ہمارا بھائی چارہ وقت کی آزمائشیں دیکھ چکا ہے۔‘
چیریٹی بازار میں فلسطین کے سٹال پر سب سے زیادہ رش تھا۔ جہاں نصب سفید بورڈ پر مارکر سے شرکا نے فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے پیغامات لکھے اور فلسطینی مفلرز خریدے۔