پاکستان کی وزارت مذہبی امور نے منگل کو حج 2025 کے ’طویل اور مختصر‘ دورانیے کے پیکجز کی قیمتوں میں مزید کمی کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے منگل کو ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ 40 دنوں پر محیط طویل دورانیے کے حج پیکیج کے اخراجات میں مزید 25 ہزار جبکہ 25 دنوں پر محیط مختصر دورانیے کے حج پیکیج میں مزید 50 ہزار روپے کی کمی کر دی گئی ہے۔
اس سے قبل وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری بیان میں طویل دورانیے کے حج پیکج کی فی کس قیمت 10 لاکھ 75 ہزار روپے جبکہ مختصر دورانیے کے پیکج کی قیمت 11 لاکھ 50 ہزار روپے طے کی گئی تھی۔
لیکن اب اس تازہ کمی کے بعد طویل دورانیے کے حج پیکج کی کل قیمت فی کس 10 لاکھ 50 ہزار جبکہ مختصر دورانیے کے حج پیکج کی کل قیمت 11 لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے دعویٰ کیا کہ رواں سال حج کے لیے ’بہترین انتظامات‘ کیے ہیں جبکہ ’ڈالر ریٹ کے تناسب سے خطے ہی نہیں دنیا کا سستا حج‘ کروانے جا رہے ہیں۔
سعودی عرب نے 2025 میں پاکستان کے لیے ایک لاکھ 79 ہزار 210 حجاج کا کوٹہ مختص کیا ہے جنہیں سرکاری اور نجی سکیموں کے درمیان برابر تقسیم کیا گیا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین مطابق طویل دورانیے کے حج پیکیج میں تیسری قسط 4 لاکھ 50 ہزار روپے جبکہ 25 دنوں پر محیط حج پیکیج کی تیسری قسط 5 لاکھ روپے ادا کرنا ہوگی۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تیسری قسط نامزد بینکوں میں چھ فروری تا 14 فروری جمع کروانا لازم ہے۔
اس کے علاوہ بیان میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گذشتہ سال یعنی 2024 کے حجاج کرام کو پونے پانچ ارب روپے سے زائد رقم واپس کی جا رہی ہے۔