حج 2025: حکومتی کوٹے میں درخواستیں دینے کی تاریخ میں ایک اور توسیع

وزارتِ مذہبی امور نے کہا ہے کہ رواں سال حج کے لیے درخواستوں کی مطلوبہ تعداد مکمل نہ ہونے پر حکومتی کوٹے کے تحت باقی پانچ ہزار نشستوں کو پُر کرنے کے لیے 10 جنوری سے حج درخواستیں دوبارہ جمع کروائی جا سکتی ہیں۔

حجاج کرام 18 جون 2024 کو حج کے اختتام پر طواف الوداع کر رہے ہیں (اے ایف پی)

وزارتِ مذہبی امور نے کہا ہے کہ رواں سال حج کے لیے درخواستوں کی مطلوبہ تعداد مکمل نہ ہونے پر حکومتی کوٹے کے تحت باقی پانچ ہزار نشستوں کو پُر کرنے کے لیے 10 جنوری سے حج درخواستیں دوبارہ جمع کروائی جا سکتی ہیں۔

سعودی عرب نے 2025 میں پاکستان کے لیے 179,210 حاجیوں کا کوٹہ مختص کیا تھا، جو حکومت اور نجی سکیموں میں یکساں طور پر تقسیم کیا گیا ہے۔

حکومت نے حکومتی کوٹہ پورا کرنے کے لیے گذشتہ ماہ درخواستوں کی آخری تاریخ کی ڈیڈ لائن میں تین دسمبر سے 10 دسمبر تک اور پھر 17 دسمبر تک دو بار توسیع کی، تاہم وزارت مذہبی امور نے جنوری کے اوائل میں مطلوبہ کوٹہ پورا کرنے کے لیے ایک بار پھر درخواستیں وصول کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وزارت کے ترجمان محمد عمر بٹ نے ایک بیان میں کہا کہ ’وزارتِ مذہبی امور نے حکومت کے کوٹے کے تحت پانچ ہزار خالی نشستوں کے لیے حج درخواستیں طلب کی ہیں۔ حج درخواستیں 10 جنوری سے ’پہلے آؤ، پہلے پاؤ‘ کی بنیاد پر وصول کی جائیں گی۔‘

عمر بٹ نے مزید کہا کہ نئے درخواست دہندگان کو قربانی اور علیحدہ کمرے کی رہائش کے اضافی چارجز کے ساتھ چھ لاکھ روپے کی رقم دو قسطوں میں ادا کرنی ہوگی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ترجمان نے کہا کہ ’تمام مخصوص بینکوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ روزانہ وصول ہونے والی درخواستوں کو فوراً پورٹل پر اپ لوڈ کریں۔ جب حکومت کا کوٹہ پورا ہو جائے گا تو درخواستیں وصول کرنا روک دی جائیں گی۔‘

گذشتہ سال پاکستان کی حج پالیسی میں پہلی بار عازمین کو قسطوں میں ادائیگیاں کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ اس سکیم کے تحت درخواست کے ساتھ پہلی قسط دو لاکھ روپے جمع کروانی تھی، چار لاکھ کی دوسری قسط بیلٹنگ کے 10 دنوں کے اندر اور باقی رقم 10 فروری تک جمع کروانی تھی۔

سرکاری اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ سال حکومت کی سکیم میں 2023 کے مقابلے میں 12 سے 13 ہزار اضافی درخواستیں موصول ہوئیں۔ 2024 میں پاکستان کو درخواستوں کی کمی کی وجہ سے سعودی عرب کو 21,000 حج نشستیں واپس کرنی پڑیں، تاہم حکومت 2025 کے حج کے لیے تمام نشستیں پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

وزارت نے عازمین حج کی رہنمائی کے لیے ’پاک حج 2025‘ موبائل ایپلیکیشن بھی متعارف کروائی ہے، جو اینڈرائیڈ اور آئی فون صارفین کے لیے دستیاب ہے۔ مزید یہ کہ حکومت نے ایئر ٹکٹ کی قیمتوں میں بھی کمی کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت وفاقی پروگرام کے تحت عازمین کے لیے ٹکٹ کی قیمت دو لاکھ 20 ہزار روپے کر دی گئی ہے، جو پچھلے سال دو لاکھ 34 ہزار روپے تھی۔

پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز، سعودی ایئر لائنز اور نجی ایئر لائنز اس سال عازمینِ حج کو سفر کی سہولیات فراہم کریں گی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان