پاکستان کی وزارت مذہبی امور نے حج 2025 کے ’طویل اور مختصر‘ دورانیے کے پیکجز کی حتمی قیمتوں کا اعلان کر دیا ہے۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے منگل کو جاری بیان کے مطابق طویل دورانیے کے حج پیکج کی فی کس قیمت 10 لاکھ 75 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے جب کہ مختصر دورانیے کے پیکج کی قیمت 11 لاکھ 50 ہزار روپے طے کی گئی ہے۔
سعودی عرب نے 2025 میں پاکستان کے لیے ایک لاکھ 79 ہزار 210 حجاج کا کوٹہ مختص کیا ہے جنہیں سرکاری اور نجی سکیموں کے درمیان برابر تقسیم کیا گیا ہے۔
گذشتہ سال بھی حکومت نے حج 2024 کے لیے یہی قیمت مقرر کی تھی۔
وزارت مذہبی امور نے رواں ماہ اعلان کیا تھا کہ پہلی بار 20 سے 25 دن کا مختصر حج پروگرام متعارف کرایا گیا ہے جو پاکستانی حجاج کے لیے آسان اور قابل رسائی ہوگا۔
حج پالیسی 2025 کے تحت پہلی بار یہ سہولت بھی دی گئی ہے کہ حجاج قسطوں پر بھی رقم کی ادائیگی کر سکیں گے۔
وزارت مذہبی امور کے بیان کے مطابق: ’طویل حج پیکج کی حتمی قیمت 10 لاکھ 75 ہزار روپے جب کہ مختصر حج پیکج کی قیمت 11 لاکھ 50 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حج کے واجبات کی تیسری قسط یکم سے 10 فروری تک جمع کی جائے گی۔ اس کے علاوہ حکومت کی حج سکیم کے لیے محدود نشستیں باقی ہیں جن کی درخواستیں 30 جنوری تک وصول کی جائیں گی۔ ’
دوسری جانب مختصر حج سکیم کی بکنگ مکمل ہو چکی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بیان کے مطابق ’نئی درخواستیں پہلے آئیں، پہلے پائیں کی بنیاد پر 30 جنوری تک وصول کی جائیں گی۔ نجی سکیم کے لیے 31 جنوری تک بکنگ جاری رہے گی۔‘
وزارت نے حج آرگنائزنگ کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر نجی سکیم کے تحت حجاج کا ڈیٹا حکومت کے ای پورٹل پر اپ لوڈ کریں۔
مزید برآں وزارت نے ’پاک حج 2025‘ نامی موبائل ایپلیکیشن بھی لانچ کی ہے جو اینڈرائیڈ اور آئی فون صارفین کے لیے دستیاب ہے جس سے عازمین حج رہنمائی حاصل کر پائیں گے۔
حکومت نے ہوائی جہاز کے کرایوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے وفاقی پروگرام کے حجاج کے لیے ٹکٹ کی قیمت دو لاکھ 20 ہزار روپے کر دی ہے جو گذشتہ سال دو لاکھ 34 ہزار روپے تھی۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز، سعودی ایئرلائنز اور دیگر نجی فضائی کمپنیوں نے اس سال حجاج کو لے جانے پر اتفاق کیا ہے۔