پاکستان کی سات دلکش آبشاریں: آپ نے کتنی دیکھ رکھی ہیں؟

کیا آپ جانتے ہیں کہ پاکستان کی سب سے اونچی آبشار کون سی ہے اور کہاں واقع ہے؟

پاکستان کی اکثر آبشاریں سڑکوں سے دور واقع ہیں جن تک رسائی آسان نہیں (کری ایٹو کامنز)

پاکستان میں جہاں دوسرے دلکش قدرتی مناظر کی کمی نہیں وہاں یہاں بڑی تعداد میں آبشاریں بھی پائی جاتی ہیں۔ لیکن اکثر و بیشتر آبشاریں عام گزرگاہوں سے دور واقع ہیں جہاں جانا آسان نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان آبشاروں کے بارے میں بہت کم لوگ جانتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ شاید پاکستان میں آبشاریں ہیں ہی نہیں۔

ہر آبشار ہو، انسان کو اپنی طرف کھینچتی ضرور ہے۔ بلندی سے گرتا ہوا پانی، اس کی سفید جھاگ اڑاتے چھینٹے اور پانی کی دودھیا چادر کے نیچے گرنے کی آواز میں ایک عجیب کشش پائی جاتی ہے۔ اس تحریر میں ہم آپ کے سامنے پاکستان کی سات ایسی آبشاروں کا تعارف پیش کر رہے ہیں جن میں سے ہر ایک کسی نہ کسی لحاظ سے منفرد ہے۔ یہ الگ بات کہ ان میں سے تقریباً ہر آبشار بےحد دور دراز علاقوں میں واقع ہیں اور اکثر کے دیدار کے گھنٹوں کے کمر توڑ پہاڑی سفر کی مشقت اٹھانا پڑتی ہے۔ 

آپ نے ان میں سے کتنی آبشاریں دیکھ رکھی ہیں؟

1 منٹھوکھا

سکردو سے 80 کلومیٹر کے فاصلے پر منٹھوکھا آبشار کو بہت سی ویب سائٹوں پر پاکستان کی سب سے بڑی آبشار کہا جاتا ہے، لیکن بظاہر یہ درست نہیں ہے۔ اس آبشار کی اونچائی 180 فٹ ہے۔ اس کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ اس کا پانی سردیوں کے موسم میں نیچے گرتے گرتے جم جاتا ہے اور نہایت حسین منظر پیش کرتا ہے۔ اس فہرست میں شامل دوسری آبشاروں کی طرح منٹھوکھا آبشار تک جانا بہت مشکل نہیں کیوں کہ یہ سڑک کے کنارے واقع ہے۔

2 پیر غائب

یہ آبشار بلوچستان میں واقع ہے اور اس کا فاصلہ کوئٹہ سے 70 کلومیٹر ہے۔ نیچے گرتے گرتے آبشار کئی حصوں میں تقسیم ہو جاتی ہے جس سے اس کی کشش میں دو گنا اضافہ ہو جاتا ہے۔ مقامی روایت کے مطابق اس آبشار سے متعلق ایک لوک کہانی موجود ہے، جس میں ایک نوجوان دشمنوں سے بچنے کے لیے اسی مقام پر غائب ہو گیا جس کی وجہ سے آبشار کا یہ نام پڑ گیا۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

3 سجی کوٹ

سجی کوٹ آبشار ایک نہیں بلکہ تین آبشاریں ہیں۔ پہلے اوپر ایک چھوٹی آبشار ہے جو ایک چھوٹی سی نیلگوں جھیل میں گرتی ہے۔ پھر اس جھیل کا پانی دو بڑی آبشاروں کی شکل میں نیچے بڑی جھیل میں گرتا ہے۔ البتہ تیز بارش کے بعد دونوں آبشاریں ایک ہو جاتی ہیں۔ یہ آبشار چند برس پہلے ہی منظرِ عام پر آئی ہے جس کے بعد سے یہاں سیاحوں کی بھیڑ بھاڑ ہونے لگی ہے۔ یہ آبشار ایبٹ آباد کے قریب حویلیاں تحصیل میں واقع ہے۔

4 دھانی آبشار

یہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی سب سے اونچی آبشار ہے۔ یہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد سے 38 کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے۔

5 شنگرئی آبشار

وادیِ سوات کے شہر منگورہ سے 18 کلومیٹر کے فاصلے پر منگلوار کے قریب واقع یہ آبشار تقریباً 70 فٹ چوڑی اور 30 فٹ اونچی ہے۔ یہ آبشار درختوں اور سبزے سے گھری ہوئی ہے اور انتہائی دلفریب منظر پیش کرتی ہے۔

6

باشو آبشار

یہ آبشار سکردو شہر سے 30 کلومیٹر کی دوری پر پہاڑ کے پیچھے واقع ہے جہاں جانا بےحد مشکل ہے۔

7 جاروگئی آبشار

یہ آبشار بھی سوات ہی میں واقع ہے اور اس کا فاصلہ منگورہ سے 53 کلومیٹر بنتا ہے۔ بعض رپورٹوں کے مطابق یہ پاکستان کی سب سے اونچی آبشار ہے اور اس کی اونچائی چار سو فٹ کے قریب ہے۔

 

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان