غزہ میں اسرائیلی حملے جاری، 12 اموات

غزہ کے شہری دفاع کے ادارے کے مطابق وسطی غزہ کے نصیرات پناہ گزین کیمپ میں ایک فضائی حملے میں تین لڑکیاں اور ان کے والد جان سے گئے۔

آٹھ جنوری 2025 کو وسطی غزہ کی پٹی میں فلسطینی پناہ گزینوں کے کیمپ پر اسرائیلی حملے میں تباہ ہونے والی عمارت کے ملبے پر امدادی رضاکار موجود ہیں (اے ایف پی)

غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے کہا ہے کہ اسرائیلی افواج نے جمعرات کو فلسطینی علاقے پر بمباری کی، جس کے نتیجے میں تین لڑکیوں سمیت کم از کم 12 افراد جان سے چلے گئے۔

حالیہ حملے ایک ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب قطر، مصر اور امریکہ دوحہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ میں لڑائی ختم کرنے اور قیدیوں کی رہائی کے لیے مذاکرات میں ثالثی کر رہے ہیں۔

غزہ کے شہری دفاع کے ادارے کی رپورٹ کے مطابق وسطی غزہ کے نصیرات پناہ گزین کیمپ میں ایک فضائی حملے میں تین لڑکیاں اور ان کے والد جان سے گئے۔ مقامی پیرامیڈک محمود عواد نے بتایا کہ انہوں نے دو لڑکیوں اور ان کے والد محمود ابو خروف کی لاشیں ہسپتال منتقل کرنے میں مدد کی۔

عواد نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ان کی لاشیں اس گھر کے ملبے سے ملی ہیں جس پر قابض فوج نے نصیرات کیمپ میں بمباری کی تھی۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ تیسری لڑکی کی لاش رہائشیوں کو پہلے ملی تھی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شمالی غزہ کے قصبے جبالیہ میں بھی ایک گھر پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں آٹھ افراد جان سے چلے گئے۔ سول ڈیفنس ایجنسی کا کہنا ہے کہ اس حملے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔

پورے غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں اور گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے، یہاں تک کہ ثالث لڑائی کو روکنے اور غزہ میں قید اسرائیلیوں کی رہائی کی غرض سے معاہدہ یقینی بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

بدھ کو امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے پیرس میں کہا تھا کہ فائر بندی ’بہت قریب‘ ہے۔ بلنکن نے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی 20 جنوری کو حلف برداری کی تقریب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: ’مجھے امید ہے کہ ہم اپنے پاس موجود وقت میں یہ (معاہدہ) کر لیں گے۔

’لیکن اگر ایسا نہیں ہوتا ہے تو مجھے یقین ہے کہ جب ہم یہ معاہدہ کروائیں گے، اور ہم یہ کروا دیں گے، تو یہ اس منصوبے کی بنیاد پر ہوگا جو صدر (جو) بائیڈن نے مئی میں دنیا کے سامنے رکھا تھا۔‘

مئی 2024 میں جو بائیڈن نے حماس کے پاس موجود اسرائیلی قیدیوں کی رہائی اور غزہ میں فائر بندی کے لیے تین مرحلوں پر مشتمل منصوبے کا اعلان کیا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا