پاکستان کے مایہ ناز جیولین تھرور ارشد ندیم نے ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ 2023 کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں تیسری کوشش میں 86.79 میٹر تھرو کرکے پیرس اولمپکس کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق اس کارنامے کی بدولت ارشد ندیم اتوار کو ہونے والی ورلڈ چیمپیئن شپ میں جیولین تھرو مقابلے کے فائنل میں بھی پہنچ گئے ہیں۔
کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے 26 سالہ کھلاڑی ارشد ندیم گروپ بی میں پہلے نمبر پر رہے۔
وہ مجموعی طور پر انڈیا کے نیرج چوپڑا کے بعد دوسرے نمبر پر رہے، جنہوں نے گروپ اے میں 88.77 میٹر تھرو کے ساتھ اپنی مہم کا آغاز کیا۔
2024 کے پیرس اولمپکس کے لئے کوالیفائنگ مارک 85.50 میٹر ہے۔ کوالیفائنگ راؤنڈ کا آغاز یکم جولائی کو ہوا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ارشد کی پہلی کوشش متاثر کن نہیں رہی تھی کیوں کہ انہوں نے 70.63 میٹر کی تھرو سے آغاز کیا۔ تاہم انہوں نے اپنی دوسری کوشش میں 81.53 میٹر تھرو کے ساتھ کافی متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
ندیم نے ٹوکیو اولمپکس میں پانچویں پوزیشن حاصل کر کے شہرت حاصل کی تھی۔
گزشتہ سال وہ ورلڈ چیمپیئن شپ میں پانچویں نمبر پر رہے۔ اس کے فوراً بعد ہی انہوں نے برمنگھم (برطانیہ) کے الیگزینڈر سٹیڈیم میں کامن ویلتھ گیمز میں 90.18 میٹر تھرو کے ساتھ سونے کا تمغہ جیتا تھا۔
اس کارنامے کے ساتھ وہ 90 میٹر کا سنگ میل عبور کرنے والے پہلے جنوبی ایشیائی ایتھلیٹ بن گئے۔