82 سالہ ولی مرفی ایک امریکی خاتون ہیں۔ وہ باڈی بلڈر بھی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک شخص غلط توقعات کے ساتھ ان کے گھر میں گھس آیا، جس کی انہوں نے میز، جھاڑو اور بے بی شیمپو کی بوتل سے تواضع کی۔
جمعرات کی رات وِلی مرفی اپنے گھر میں اکیلی تھیں۔ وہ سونے کے لیے جا ہی رہی تھیں کہ ایک شخص نے ایمبولینس بلانے کے لیے ان کے گھر کا دروازہ کھٹکھٹایا۔
نیویارک کی رہائشی ولی نے اُس شخص کو اندر نہیں آنے دیا اور اس کی بجائے انہوں نے پولیس کو فون کردیا، تاہم وہ شخص مبینہ طور پر دروازے سے اندر آ گیا۔
ایوارڈ یافتہ باڈی بلڈر ولی کے مطابق وہ ایک نسبتاً تاریک گوشے میں چھپ گئیں اور اپنے دفاع کے لیے کوئی چیز تلاش کرنے لگیں، آخرکار ایک قریبی میز ان کے ہاتھ لگ گئی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ولی مرفی نے ایک مقامی ٹی وی چینل ’ویم ٹی وی‘ کو بتایا: ’میں اکیلی ہوں اور بوڑھی بھی ہوں لیکن پتہ ہے کیا؟ میں بہت سخت جان ہوں۔‘
انہوں نے کہا: ’اس شخص نے اندر داخل ہونے کے لیے غلط گھر کا انتخاب کیا تھا۔ میں نے میز پکڑی اور اس کی جانب چل پڑی۔‘
ولی مرفی نے بتایا کہ آخرکار میز ٹوٹ گئی، جس کے بعد انہوں نے اس کے دھاتی پایوں کی مدد سے اس شخص پر حملہ کردیا۔
انہوں نے بتایا: ’جب وہ نیچے گرگیا تو میں نے اس کے اوپر کودنا شروع کردیا، ادھر ٹیلیفون 911 کو ملا ہوا تھا۔‘
82 سالہ باڈی بلڈر خاتون ولی مرفی نے واقعے کے متعلق بتاتے ہوئے مزید کہا: ’میں کچن میں بھاگ رہی تھی، وہاں بے بی شیمپو کی ایک بوتل میز پر رکھی تھی۔ میں نے شیمپو پکڑا اور پتہ ہے کیا؟ وہ شخص ابھی تک زمین پر پڑا ہوا تھا۔ میں نے پوری بوتل اس کے منہ پر انڈیل دی۔‘
انہوں نے بتایا: ’وہ اٹھنے کی کوشش کر رہا تھا، پھر میرے ہاتھ ایک جھاڑو لگ گیا، وہ جھاڑو چھیننے کی کوشش کر رہا تھا اور میں اسے جھاڑو سے مار رہی تھی۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’وہ وہاں سے ہر حال میں باہر نکلنا چاہتا تھا اور میں اس کی مدد کرنا چاہتی تھی لیکن وہ بہت بھاری تھا میں اسے اٹھا نہیں سکتی تھی۔‘
اس موقعے پر پولیس افسران نے وہاں آکر اس شخص کو حراست میں لیا جس کے بعد اسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ولی مرفی کہتی ہیں ’میں خوش تھی جب انہیں ایمبولینس میں ہسپتال لے جایا گیا کیوں کہ میں نے اپنے ہاتھوں انہیں ایمبولینس میں بھیجا تھا۔‘
اے بی سی ویم ٹی وی کے مطابق ولی مرفی کا قد تقریباً پانچ فٹ ہے اور وہ 225 پاؤنڈز تک کا وزن اٹھا سکتی ہیں۔ وہ اس بارے میں مزید قانونی کارروائی نہیں کرنا چاہتیں۔
© The Independent