پوپ فرانسس کا 88 سال کی عمر میں انتقال، وزیر اعظم شہباز شریف کا اظہار افسوس

ایسٹر کے موقعے پر اتوار کو اپنے پیغام میں انہوں نے غزہ میں فوری فائر بندی کی اپیل ایک بار پھر دہرائی تھی۔

پوپ فرانسس 26 ستمبر 2015 کو فلاڈیلفیا کے آزادی ہال میں خطاب کر رہے ہیں۔ پوپ فرانسس کے انتقال کا اعلان 21 اپریل 2025 کو ویٹیکن نے کیا (اے ایف پی)

ویٹیکن سٹی نے پیر کو اعلان کیا کہ رومن کیتھولک چرچ کے پہلے لاطینی امریکی رہنما پوپ فرانسس انتقال کر گئے ہیں۔ 

کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا 88 سال کے تھے اور اپنے 12 سالہ پوپ کے دور میں مختلف بیماریوں کا شکار رہے۔

پوپ فرانسس لمبی بیماری کے بعد چند روز قبل ہی صحت یاب ہو کر ہسپتال سے فارغ ہوئے تھے۔ اتوار کو انہوں نے عیسائیوں کے مذہبی تہوار ایسٹر کے موقعے پر ملاقاتیں بھی کی تھیں۔

روئٹرز کے مطابق پوپ فرانسس نے ایسٹر سنڈے کے موقعے پر اپنے پیغام میں غزہ میں فوری فائر بندی کی اپیل ایک بار پھر دہرائی تھی۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا: ’میں فلسطین اور اسرائیل میں مقیم مسیحیوں کی مصائب، اور وہاں کی عوام کے ساتھ اپنی قربت کا اظہار کرتا ہوں۔ 

’مجھے بار بار غزہ کے عوام اور خاص طور پر وہاں کی مسیحی برادری کا خیال آتا ہے جہاں ہولناک تنازع اب بھی موت اور تباہی کا باعث بن رہا ہے اور ایک سنگین اور افسوس ناک انسانی بحران پیدا کر رہا ہے۔‘

پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پوپ فرانسس کی وفات پر اظہار افسوس  کرتے ہوئے کہا کہ پاپائے روم اربوں انسانوں کو اچھائی کی ترغیب اور امن و سلامتی کے لیے رہنمائی فراہم کرتے رہے ہیں۔

اسلام آباد میں وزیر اعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ’آنجہانی پوپ فرانسس بین المذہبی ہم آہنگی، امن، اور انسانیت کے فروغ کے علمبردار تھے۔ ان کی قیادت میں کیتھولک چرچ نے دنیا بھر میں محبت، تحمل اور باہمی احترام کے پیغام کو عام کیا۔ پوپ فرانسس کا طرزِ عمل نہ صرف مسیحی دنیا کے لیے، بلکہ تمام مذاہب کے پیروکاروں کے لیے مشعلِ راہ رہا۔‘

شہباز شریف نے مزید کہا کہ پوپ فرانسس کا گذشتہ روز ایسٹر کے موقع پر غزہ اور فلسطین میں فوری جنگ بندی اور انسانی حقوق کی پامالی روکنے کا بیان ان کی پرامن و انسانیت کی محبت سے بھرپور شخصیت کی عکاسی ہے۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بیان میں کہا گیا کہ ’پوپ فرانسس کی رحلت پوری دنیا، بالخصوص مسیحی برادری کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے اور میں حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے ویٹیکن سٹی، عالمی مسیحی برادری اور دنیا بھر میں ان کے چاہنے والوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔‘

پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے پوپ فرانسس کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’پوپ فرانسس نے دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے نمایاں کردار ادا کیا۔

ایک بیان میں ان کا کہنا تھا: ’فلسطین کے معاملے پر پوپ فرانسس کے اصولی موقف کو اقوام عالم میں سراہا گیا، ان کے انتقال سے دنیا ایک مخلص اور امن کی داعی شخصیت سے محروم ہو کئی۔‘

سپین، آئر لینڈ، فرانس، ایران اور اسرائیل سمیت متعدد ممالک کے سربراہوں نے پوپ فرانسس کے انتقال پر تعزیت کی اور انسانیت کے لیے ان کی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکروں نے پوپ فرانسس کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ ’کمزور ترین اور ناتواں طبقے کے ساتھ کھڑے رہے اور زیادہ انصاف کے لیے جدوجہد کرتے رہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا