پاکستان کے دورے پر آئے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے پیر کو وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
وزیر اعظم پاکستان کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے پیر کو اسلام آباد میں وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں آرمی جنرل عاصم منیر اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔
بیان کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا، جو مشترکہ تاریخ، باہمی احترام اور مضبوط ثقافتی و معاشی روابط پر مبنی ہیں۔
وزیر اعظم پاکستان کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور عوامی رابطوں کے شعبوں میں اشتراک کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے اس خواہش کا اعادہ بھی کیا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ موجودہ بہترین سیاسی تعلقات کو ایک فائدہ مند معاشی شراکت داری میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے علاوہ علاقائی صورت حال اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور تعاون کے نئے شعبے تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس سے قبل متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے موقع پر پیر کو دونوں ممالک کے درمیان تین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔
اماراتی نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبد اللہ بن زاید آل نہیان اتوار کو دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے تھے جہاں وہ اپنے پاکستانی ہم منصب سے ملاقات کرنے کے بعد پیر کو واپس روانہ ہو گئے ہیں۔
پاکستان کے سرکاری ریڈیو کے مطابق اسلام آباد میں پیر کو دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ثقافت اور تجارت کے شعبوں میں تین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔
ان تین مفاہمتی یادداشتوں میں سے دو ثقافت کے شعبے میں تعاون اور قونصلر معاملات کے لیے مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے سے متعلق ہیں جبکہ ایک فیڈریشن آف یو اے ای چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پاکستانی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری فیڈریشن کے درمیان دونوں ممالک کے لیے مشترکہ بزنس کونسل کے قیام سے متعلق ہے۔
پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ عبد اللہ بن زاید آل نہیان نے پیر کو کہا تھا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات ’اچھی رفتار‘ سے آگے بڑھ رہے ہیں۔
پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے دفتر خارجہ میں ہونے والے مذاکرات کے آغاز پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’نہ صرف دونوں ممالک کی قیادت بلکہ عوام ہمارے تعلقات میں ترقی (مضبوطی) دیکھنا چاہتی ہیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ماضی کے کچھ عرصے کے مقابلے میں ’گذشتہ ایک یا دو برسوں میں معاملات تیزی سے آگے بڑھے ہیں‘ اور اس توقع کا اظہار بھی کیا ہے کہ حالیہ مہینوں میں جس احسن انداز اور عزم کے ساتھ تعلقات تجارت، ہوائی بازی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعلقات آگے بڑھے ہیں یہ عمل جاری رہے گا۔
متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبد اللہ بن زاید آل نہیان اتوار کو دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے ہیں۔
پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پیر کو دفتر خارجہ پہنچنے پر شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان کا استقبال کیا۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پیر کو پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبد اللہ بن زاید آل نہیان کے درمیان خوشگوار اور تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔
اس سے قبل پاکستانی وزارت خارجہ نے بتایا کہ ’اعلیٰ سطح کے وفد کا یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور اس بات کو اجاگر کرتا ہے کہ دونوں ممالک باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں مضبوط تعاون کے لیے پرعزم ہیں۔‘
حالیہ برسوں میں پاکستان اور یو اے ای کے درمیان اقتصادی تعلقات کو فروغ ملا ہے۔ چین اور امریکہ کے بعد یو اے ای، پاکستان کا تیسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔