بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں ایک عمارت میں آگ لگنے سے کم از کم 27 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایمرجنسی سروسز نے بتایا کہ جمعے کو مغربی دہلی میں ایک چار منزلہ تجارتی عمارت میں آگ اچانک بھڑک اٹھی جس کی وجہ فوری طور پر واضح نہیں ہو سکی۔
دہلی فائر سروس کے آپریشنز کے انچارج ستپال بھردواج نے اے ایف پی کو بتایا: ’عمارت سے 27 جھلسی ہوئی لاشیں برآمد کی گئی۔‘
انہوں نے کہا کہ حادثے میں تقریباً دو درجن زخمیوں کو دہلی کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ستپال بھردواج نے کہا کہ ’آتشزدگی کی صورت میں عمارت سے باہر نکلنے کا کوئی ہنگامی راستہ نہیں تھا اور زیادہ تر لوگ دم گھٹنے کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔‘
بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق عمارت میں جس وقت آگ لگی اس وقت وہاں تقریباً 200 لوگ موجود تھے اس لیے ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد بڑھنے کا اندیشہ ہے۔
تاہم ڈپٹی چیف فائر آفیسر سنیل چودھری نے بتایا کہ زخمیوں کی تعداد 25 سے زائد تھی۔
چودھری نے مزید کہا کہ کچھ لوگوں نے جلتی ہوئی عمارت سے چھلانگ لگا دی تھی۔
بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق 40 سے زیادہ لوگ اس حادثے میں جھلس کر زخمی ہوئے ہیں۔
این ڈی ٹی وی نے پولیس آفیسر سمیر شرما کے حوالے سے بتایا کہ عمارت میں سکیورٹی کیمرہ اور راوٹر بنانے والی کمپنی کا دفتر واقع تھا۔
حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ایک پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ دفتر کے مالکان میں سے ایک کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا گیا ہے۔
بھارت میں عمارتوں کے ڈیزائن میں نقص، زیادہ رش اور حفاظتی ضوابط کی پابندی نہ ہونے کی وجہ سے آگ لگنے کے واقعات عام ہیں۔