بھارت میں ایک اجتماعی شادی کے دوران بجلی چلے جانے سے دو بہنوں کے دولہے آپس میں تبدیل ہو گئے۔
یہ واقعہ جمعرات کو مرکزی ریاست مدھیہ پردیش کے درالحکومت بھوپال سے 250 کلو میٹر دور آسلانا گاؤں میں پیش آیا جہاں لوڈ شیڈنگ اور دلہنوں کے روایتی گھونگھٹ کی وجہ سے یہ عجیب و غریب واقعہ پیش آیا جس کی ویڈیو ایک مقامی ہندی میڈیا پر چلنے کے بعد وائرل ہو گئی۔
دی انڈپینڈنٹ کی جانب سے دیکھے گئے شادی کے دعوت نامے کے مطابق دلہنوں کا یہ تبادلہ اس وقت ہوا جب ان کے والد رامیش لال رائے لاٹ، جو بھیل نامی مقامی قبیلے سے تعلق رکھتے ہیں، نے اپنے ایک بیٹے اور تین بیٹیوں کی شادی کی تقریب ایک ہی دن منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔
ایک رشتے دار نے دی انڈپینڈنٹ کو بتایا کہ جب تینوں دلہنیں شادی کے منڈپ پر پہنچیں تو انہوں نے ایک جیسے عروسی لباس اور روایتی گھونگھٹ کر رکھے تھے۔
لیکن شادی سے پہلے کا ایک فنکشن رات نو بجے شروع ہوا اور اس دوران ابتدائی رسومات کے لیے لوڈ شیڈنگ کے باعث بجلی چلی گئی اور رامیش لال کی دو بیٹیاں غلط دولہوں کے ساتھ بیٹھا دی گئیں۔
رامیش کی ایک بیٹی نکیتا کی شادی بھولا نامی دولہے سے جب کہ دوسری بیٹی کرشمہ کی شادی گنیش سے طے تھی۔ دونوں دولہے آپس میں رشتہ دار نہیں تھے۔
اندھیرے اور گھونگھٹ کے باعث دونوں دلہنوں کی شادی کی کچھ ابتدائی رسومات غلط دولہوں کے ساتھ ادا کر دی گئیں لیکن بجلی آنے کے بعد خاندان کے افراد کو اس غلطی کا پتہ چل گیا۔
دلہنوں کے تایا سیتا رام نے بتایا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ یہاں کا معمول ہے اور اسی وجہ سے دلہن کا ہاتھ غلط دولہے کے ہاتھ میں تھما دیا گیا۔
انہوں نے کہا: ’جوڑوں کا رسومات کے لیے تبادلہ ہو گیا تھا تاہم اس وقت تک انہوں نے مالا کا تبادلہ اور شادی نبھانے کے وعدے نہیں کیے تھے۔‘
سیتا رام نے کہا کہ گاؤں میں اب تک مناسب بجلی کے کھمبے نہیں ہیں اور اس واقعے سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ لوڈ شیڈنگ سے مقامی افراد کس حد تک متاثر ہو رہے ہیں۔
’یہ ہمارے لیے شرمندگی کا باعث ہے کیوں کہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے ہی ہماری جگ ہنسائی ہوئی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ نصف شب کے بعد بجلی کی بحالی کے بعد شادی کی تقریبات متعلقہ دولہوں کے ساتھ انجام پائیں۔
گاؤں کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ شادی کی حتمی رسومات ادا ہونے سے پہلے ہی بجلی کے آ جانے سے ان کے اس عقیدے کو مزید تقویت ملی ہے کہ جوڑے آسمانوں میں بنتے ہیں۔
بھارتی حکومت کا دعویٰ ہے کہ اس نے بجلی سے محروم آخری دیہات کو بھی پاور گریڈ سے منسلک کر دیا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ ملک کے دور دراز کے بہت سے علاقے آج بھی ناقص لائن سسٹم یا محدود سپلائی کے باعث بجلی کی بلاتعطل فراہمی سے محروم ہیں۔
اور حالیہ ہفتوں کے دوران خاص طور پر ملک بھر یہاں تک کہ بڑے شہروں میں بھی لوڈ شیڈنگ میں اضافہ دیکھا گیا ہے جس کی وجہ غیر موسمی ہیٹ ویو ہے جس کے باعث بجلی کی طلب میں غیر معمولی اضافہ دکیھنے میں آ رہا ہے۔
© The Independent